Inquilab Logo

ضروری اشیاء کو ترجیح اور فضول خرچی سے دوری؛ ایک اچھا بجٹ کہلاتا ہے

Updated: May 26, 2022, 11:26 AM IST | Saima Shaikh | Mumbai

تقریباً ہر گھر میں ماہانہ بجٹ تیار کیا جاتا ہے۔ با تجربہ خواتین ِ خانہ بڑی مہارت سے گھریلو اخراجات سنبھالتی ہیں اور مہینے کے آخر میں کچھ رقم بچا بھی لیتی ہیں۔ اس مہارت کے سبب انہیں خاندان میں داد بھی ملتی ہے۔ اس ضمن میں انقلاب نے چند خواتین سے بات چیت کی ہے:

Make a budget for your home while demonstrating frugality.Picture:INN
کفایت شعاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھر کا بجٹ بنائیں۔ تصویر: آئی این این

فضول خرچی سے دوری ضروری
ہماری شریعت اس بات کا حکم دیتی ہے کہ فضول خرچی نہ کی جائے کیونکہ فضول خرچی کرنے والا شیطان کا بھائی ہے۔ اگر ہم اپنی زندگی سے غیر ضروری باتوں کو الگ کر دیں تب تو کتنی بھی مہنگائی آجائے زندگی آرام سے بسر ہوسکتی ہے۔ شرط ہے کہ ہم اپنے اندر قناعت کو لے آئیں۔ اگر ہم تعلیمات رسولؐ کی پیروی کریں تو ہمیں معلوم ہو کہ زندگی تو مشکل ہے لیکن موت آسان ہوتی ہے۔ اور یہ بات تو مسلم ہے کہ مسلمان کیلئے کوئی حال ثواب سے خالی نہیں۔ اگر وہ اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرے تب اسے ثواب ملے گا اور اگر نہ ملنے پر صبر کرے تو یہ بات بھی اس کیلئے باعث ِ اجر ہے۔ آج کے دور میں کم روپے میں گھر کے بجٹ بنانے کی بات آئے تو اس کا آسان حل ہے کہ ہم صرف اپنی زندگی سے فضول خرچی نکال دیں۔ ہمارے پاس جتنا ہے وہی برکتوں والا ہو جائیگا اور پھر کیسے بھی حالات آئیں اللہ ہمیں بھوکا نہیں رکھے گا۔
سعودہ ریحان بنت حافظ عبدالقدوس، مالیگاؤں
ضروری اشیاء کو ترجیح دیں
کم پیسے میں اگر بجٹ کے لحاظ سے مہینے بھر کے اخراجات کو پورا کرنا ہے تو ضروری ہے کہ صرف انہی چیزوں کو خریدا جائے جن کا استعمال روزمرہ کے کاموں میں ہوتا ہے۔ اصراف سے اس طرح بھی بچ سکتے ہیں مثلاً ضرورت نہ ہو تو پنکھے اور ٹیوب لائٹ کو بند رکھا جائے۔ یہ خیال ذہن سے نکال دینا چاہئے کہ صرف مہنگی چیزیں ہی اچھی ہوتی ہیں۔ بازار میں کئی ایسی جگہیں ہوتی ہیں جہاں کم قیمت پر بھی اچھی چیزیں دستیاب ہوتی ہیں۔ خواتین کو یہ کوشش کرنی چاہئے کہ ہر مہینے گھر کے اخراجات اور ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ان کے ہاتھ میں جو رقم آتی ہے اس میں سے کچھ رقم اپنے پاس محفوظ کرلیں تاکہ کسی مہینے میں خرچ زیادہ بڑھ جائے تو آپ کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور آپ اس جمع شدہ رقم کو خرچ کرکے ضرورت پوری کرسکیں۔ اور سب سے اہم بات یہ کہ فضول خرچی سے بچنے کی کوشش کی جائے۔
جمیلہ بانو، گوونڈی (ممبئی)
آمدنی-خرچ-بچت= اچھا بجٹ
گھریلو بجٹ آمدنی کے مطابق بنانا چاہئے۔ مَیں آمدنی کا ۲۰؍ فیصد حصہ بچت کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ کم پیسے میں بجٹ تب ہی ممکن ہے جب آپ اپنی خواہشات کو کنٹرول کرنا سیکھیں گے۔ مَیں بجٹ کے معاملے میں جاپانی تکنیک ’’کاکی بو‘‘ میں یقین رکھتی ہوں، جس میں بجٹ کو ۴؍ حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے: ضرورت، خواہشات، ثقافت اور ناگہانی صورتحال۔ مَیں ہر ماہ بجٹ بناتی ہوں اور خرچ کے مطابق پیسے تقسیم کرتی ہوں۔ زیادہ تر سامان ہول سیل مارکیٹ یا ایک سے ۲؍ دکان سے دام معلوم کرکے ہی خریدتی ہوں۔ گھر کے بنے کھانے کو ترجیح دیتی ہوں، اس سے صحت بھی اچھی رہتی ہے اور بجٹ بھی بگڑتا نہیں ہے۔ مَیں نے ناگہانی صورتحال کیلئے بچت کا لفافہ تیار رکھا ہے، اس میں روزانہ کی بنیاد پر کچھ رقم بھی محفوظ کرتی ہوں۔ بجٹ میں مہینے میں ایک بار فیملی کے ساتھ گھومنا بھی شامل کرتی ہوں۔ 
سمعیہ مكرّم خان، بھیونڈی (تھانے)
حساب کتاب لکھ کر رکھیں
ماہانہ بجٹ گھر کے افراد، اُن کی خوراک اور اُن کی پسند کے مطابق طے ہونا چاہئے۔ بجٹ کی تیاری میں اخراجات کی فہرست بناتے وقت ضروری اور غیر ضروری خرچ کو الگ کریں تاکہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا آسان ہوجائے۔ اپنی تنخواہ کے مطابق ایک حصہ ’بچت خانہ‘ کیلئے ضرور مختص کریں۔ غیر ضروری یا آرائشی اشیاء کے پیچھے بڑی رقم ہرگز خرچ نہ کریں۔ کہاں کتنی رقم خرچ کر رہی ہیں، اس کا حساب کتاب ایک ڈائری میں لکھیں، اس طرح مہینے کے آخر میں آپ اندازہ لگا سکتی ہیں کہ کس چیز پر کتنی رقم خرچ کی گئی ہے۔ بجٹ میں اپنی خواہشات کا خانہ بھی شامل کریں، پوری نہ سہی مگر چند خواہشات پوری کی جاسکتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر بچت کریں، یہی ترغیب بچوں کو بھی دیں۔ اس کے علاوہ مہینے کے شروع ہی سے خرچ پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ پورا مہینہ مختص بجٹ کے مطابق چلانے میں کوئی دشوار پیش نہ آئے۔ 
انصاری شافعہ محمد عمران ندوی، مدنپورہ (ممبئی)
صحت سے سمجھوتہ نہیں
ماہانہ بجٹ بناتے وقت ایک فہرست بنائیں۔ روزمرہ استعمال ہونے والی ضروری اشیاء کو فہرست میں جگہ دیں۔ بجٹ بناتے وقت صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ معیاری اور غذائیت سے بھرپور اشیاء کا استعمال کریں، خواہ وہ مہنگی ہی کیوں نہ ہوں۔ معیاری اور صحت بخش غذا کے استعمال سے آپ کم بیمار پڑتے ہیں اور ڈاکٹر کا خرچ بھی بچتا ہے۔ طے شدہ گھریلو بجٹ کے مطابق چلنے کی کوشش کریں اور گھر والوں کو بھی اس کا پابند بنائیں۔ بجٹ میں انویسٹمینٹ اور بچت کو بھی جگہ دیں۔ بچت کیلئے گھر میں گلک رکھیں اور روزانہ کچھ روپے اس میں ڈالیں۔ نئے سامان خریدنے سے قبل گھر کا جائزہ لیں۔ کار یا بائیک سے سفر کرنے کے بجائے ٹرین یا بس جیسے متبادل کا استعمال کریں اور کم فاصلے کیلئے پیدل چلنے کو ترجیح دیں۔ مصروفیات زندگی میں تازہ دم ہونا ضروری ہے اس لئے بجٹ میں سیر و تفریح کے اخراجات بھی شامل کریں۔
الماس علی، امراؤتی (مہاراشٹر)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK