Inquilab Logo

رمضان المبارک؛ جسمانی صحت کا خیال رکھیں

Updated: March 27, 2023, 1:03 PM IST | Fatima Khanani | Mumbai

رمضان ایسا مہینہ ہے جس میں تیل یا چکنائی کا استعمال معمول سے زیادہ ہوجاتاہے جو بالآخر ہمیں دل کے امراض میں مبتلا کرسکتا ہے یا اس کے نتیجے میں ہماری شریانوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہےکہ تیل استعمال کرنے کے اپنے لیول کو جانچیں اور صحت بخش غذاؤں کا انتخاب کریں

In this holy month, eat healthy foods along with your favorite foods to stay healthy
اس ماہِ مبارک میں اپنی پسند کی اشیاء کے ساتھ ساتھ صحت بخش غذا بھی استعمال کریں تاکہ طبیعت اچھی رہے

رمضان میں کھانا بہت اہم ہے مگر بلاشبہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ جذباتی ہوجائیں اور سحری اور افطاری میں جنک فوڈ یا بے جا کھانا شروع کردیں۔ رمضان کا مقدس مہینہ روحانی اور اخلاقی فوائد کے ساتھ ساتھ جسمانی فوائد بھی اپنے ہمراہ لاتا ہے، لیکن صرف اس صورت میں جب چیزوں کو صحیح طریقے سے اپنایا جائے۔
 روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ صحتمند کھانے کی اشیاء کا انتخاب کرنا بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ دونوں آپ کے میٹابولزم کو بحال کریں گے، آپ کا وزن کم کرنے اور مدافعتی نظام کو فروغ دینے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔
 مضان کا پورا مہینہ صرف اور صرف پکوڑوں اور سموسوں کا نہیں ہے جیسا کہ ہم سب کو انہیں کھانا بہت پسند ہوتا ہے۔ مگر یہ صحت مند انتخاب نہیں ہیں۔ تاہم، اس کا یہ بھی مطلب ہر گز نہیں کہ آپ اپنے پسندیدہ کھانے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیں۔ خود کو کبھی کبھار یہ چیزیں کھانے کی اجازت دے دیں، تو یہ اتنا نقصان دہ نہیں ہوتا بلکہ رمضان میں کھانے والی اپنی پسندیدہ چیزوں کوایک غذائیت بخش پلان کے ساتھ شامل کرلیں تو زیادہ بہتر ہے۔
خود کو سیراب رکھیں
  اس گرم موسم میں روزے کے دوران ہائیڈریٹ یعنی سیراب رہنا ضروری ہے کیونکہ پانی کی کمی روزے کا سب سےمشکل حصہ ہے، خاص طور پر ان جھلسا دینےوالی گرمیوں کے موسم میں۔ سحری میں ڈھیر سارا پانی پی لینا بھی صحتمند فیصلہ نہیں ہے، لہٰذا سب سے بہتر کام جو آپ کرسکتےہیں وہ یہ ہے کہ افطاری سے سحری تک وقفے وقفے سے پانی پئیں اور خود کو سیراب رکھیں۔
چینی سے ہر قیمت پر اجتناب کریں
 ہم یہ سوچتے ہیں کہ میٹھے کے بغیر رمضان مکمل نہیں ہوتا اور افطار میں کچھ نہ کچھ تو میٹھا ضرور ہونا چاہئے، یہ سوچے سمجھے بغیر کہ ہمارے لئے یہ کتنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ میٹھی چیزیں کھانا آپ کےمیٹابولزم کو خراب کرتی ہیں کیونکہ اس طرح کا کھانا آپ کو کسی بھی غذائی فوائد کے بغیر یہ جسم کو صرف کیلوریز دیتا ہے۔ اور یہ رمضان میں آپ کے زیادہ کھانے اور وزن بڑھانے کا بھی ایک سبب ہوسکتا ہے۔ لہٰذا چینی کے استعمال کے دوران محتاط رہیں۔
اعتدال پسندی میں کامیابی ہے
 دن بھر کا طویل روزہ رکھنے کے بعد اپنے پسندیدہ کھانےکی خواہش کرنا معمول کی بات ہے، لیکن اگر واقعتاً آپ کو اس کا انتخاب کرنا ہو تو، اسے ہر دن کے بجائے ہفتے میں ایک بار تک محدود کرنے کی کوشش کریں۔ پورے ہفتے کے بجائے صرف ایک دن اپنی خواہشات کو پورا کریں اور اس ایک دن جی بھر کر اپنے پسندیدہ کھانے کھا لیں۔ یا صحت مند آپشن کے ساتھ اپنے پسندیدہ کھانے کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ اس طرح آپ کی اپنی پسند کا کھانا کھانے کی خواہش بھی پوری ہوجائے گی، آپ صحتمند کھانوں سے بھی مستفید ہوتے رہیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ آپ صحیح اورصحت مند ٹریک پر بھی چلتے رہیں گے۔
 فائبر آپ کا بہترین دوست ہے
 ایک طویل دن کے روزے کےدوران اور اس کے بعد کم توانائی کی سطح انتہائی نارمل ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنےکے لئے، اپنی ڈائٹ میں فائبر سے بھرپور چیزوں کو ضرور شامل کریں، اپنی غذا میں فائبر کا استعمال زیادہ رکھیں تاکہ آپ کی آنتیں حرکت میں رہیں اور آپ تندرست و توانا رہیں۔
 فائبر کی وافر مقدار پرمشتمل کچھ کھانوں میں تازہ پھل اور ہری سبزیاں شامل ہیں جو آپ کے جسم میں فائبر کی سطح کو برقرار رکھتی ہیں۔ لہٰذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ سحری کے ساتھ ساتھ اور افطاری میں بھی فائبر کو پابندی سے اپنی خوراک میں شامل کریں۔
چکنائی آپ کی دشمن ہے
 اعتدال کے ساتھ اچھے فیٹس صحتمند زندگی اور متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں، لیکن ہم اپنی روز مرہ غذا میں تیل کی زیادہ مقدار کھانے کے عادی ہیں اور رمضان ایسا مہینہ ہے جس میں تیل یا چکنائی کا استعمال معمول سے زیادہ ہوجاتاہے۔ جو بالآخر ہمیں دل کے امراض میں مبتلا کرسکتا ہے یا اس کے نتیجے میں ہماری شریانوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہےکہ اپنے تیل استعمال کرنے کے لیول کو جانچیں اور صحتمند متبادلات کا انتخاب کریں۔ نیز آپ کون سا تیل استعمال کر رہی ہیں، اس پر بھی توجہ دیں۔
 یہ کچھ نکات ہیں جو آپ کو رمضان کے روزے رکھتے ہوئے اپنے دھیان میں رکھنے چاہئیں کیونکہ صحت مند کھانےکا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے تمام پسندیدہ کھانوں کو چھوڑ دیں، بلکہ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس کے ساتھ آپ کو تھوڑا سا منظم طریقہ اپنانا ہوگا تاکہ آپ صحتمند اور توانا رہیں اور رمضان المبارک کی برکات سے خوب فیضیاب ہوسکیں۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK