Inquilab Logo

ممبئی کے چند مشہور بازار جو اس کی شناخت بھی ہیں

Updated: November 26, 2022, 1:41 PM IST | Magazine Desk | Mumbai

یوں تو ہر شہر میں بازار ہوتے ہیں ، لیکن عروس البلاد کے مارکیٹس کی اپنی اہمیت اور شہرت ہے جس کی وجہ سے مقیم ہی نہیں، مسافر بھی خریداری کے لئے ان کا رخ کرتے ہیں

Crowds of shoppers can be seen in Dadar Bazaar, a famous area of ​​the city..Picture:INN
شہر کے مشہور علاقے دادر کے بازار میں خریداروں کا ہجوم دیکھا جاسکتا ہے۔۔ تصویر :آئی این این

شادی طے پاتے ہی شاپنگ کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر دلہن کی شاپنگ کی ایک طویل فہرست تیار ہو جاتی ہے۔ ان فہرست میں کپڑے، زیورات، میک اَپ کٹ، ہیئر ایکسس سریز، جوتیاں، سینڈلز، دوپٹے، چوڑیاں، ایمی ٹیشن جیولریز اور ہینڈ بیگز وغیرہ جیسی بے شمار چیزیں شامل ہوتی ہیں۔ ان کی خریدار کرنا بھی آسان کام نہیں ہوتا ہے۔ کون سی چیز کس بازار سے ملے گی؟ اس کے لئے یہاں ممبئی کے چند بازاروں سے متعلق آپ کی رہنمائی کی جا رہی ہے:
کرافورڈ مارکیٹ
 کرافورڈ ممبئی کی مشہور ترین مارکیٹ ہے جو شہر کے اہم ترین علاقے یا یوں کہنا چاہئے کہ ممبئی کے داخلی راستے پر واقع ہے۔ اس مارکیٹ میں چاکلیٹ سے لے کر سبزی تک اور گو شت سے لے کر گھریلو آرائش کی اشیاء تک تمام دکانیں ایک ہی چھت کے نیچے مل جاتی ہیں۔  یہاں پر ہول سیل کی دکانیں ہیں اس لئے ممبئی واسیوں ہی نہیں، ممبئی کے باہر سے آنے والوں کی بھی خواہش ہوتی ہے اس مارکیٹ میں جائیں اور ضرورت کی اشیاء  اور  تحائف سستے داموں میں خریدیں ۔  کہا جاتا ہے کہ یہاں پر ’امپورٹیڈ‘ اشیاء زیادہ سستی ملتی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ یہ مارکیٹ ہر خاص و عام کی پہلی پسند ہے۔ اس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ وی ٹی اسٹیشن سے متصل ہے چنانچہ آمد و رفت کی بھی آسانی ہوتی ہے۔ 
دادر مارکیٹ 
 ممبئی کی دادر مارکیٹ بھی کپڑوں کیلئے مشہور ہیں۔ یہاں کے ہند ماتا مارکیٹ میں خواتین کے ملبوسات کی بہت ساری دکانیں ہیں۔ خصوصی طورپر یہاں ساڑیوں کی دکانوں کا تعداد بہت زیادہ ہے اور دُلہن کی ساڑیوں کی ایک طویل رینج یہاں کی دکانوں پر موجو درہتی ہے۔ ان ساڑیوں میں ریشم سے لے کر بنارسی ساڑیاں دستیاب ہوتی ہیں۔ دادر مغرب میں بھی اسٹیشن کے قریب ہی بہت بڑا مارکیٹ ہے جہاں کپڑوں کے ساتھ ساتھ دُلہن کو سجانے کی اشیا ء بھی بڑے پیمانے پر دستیاب ہوتی ہیں۔ 
محمد علی روڈ
 اس علاقے کا نام سنتے ہی کھانے پینے کی بے شمار اشیاء یاد آجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں لہنگے کے کئی شو روم مل جائیں گے جہاں سے آپ اپنی پسند کے مطابق ان کی خریداری کرسکتی ہیں۔
پائیدھونی
 یہ علاقے تھوک میں ملنے والے کپڑوں کے لئے مشہور ہے۔ ہلکے سے ہلکے اور بھاری سے بھاری کپڑوں کے مٹیریل یہاں مل جائیں گے۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں لیس اور گوٹے سے سجے بھاری بھرکم دوپٹے بھی مل جائیں۔ آپ اپنی پسند کے مطابق دوپٹے تیار بھی کروا سکتی ہیں۔ یہاں دلہنوں کے دوپٹے کو دلکش بنانے کے لئے خوبصورت لیسز بھی مل جائیں گی۔
بھنڈی بازار
 دلہن کی خریداری چوڑیاں کے بغیر ادھوری ہے۔ بہترین چوڑیاں کے لئے آپ بھنڈی بازار کا رخ کیجئے۔ یہاں آپ کو رنگ برنگی اور منفرد ڈیزائنوں والی چوڑیاں مل جائیں گی۔ اس کے علاوہ آپ کو یہاں میک اَپ کے لوازمات اور ایمی ٹیشن جیولریز بھی مل جائیں گی۔ بھنڈی بازار میں لہنگے اور شرارے کی بھی کئی دکانیں ہیں جہاں آپ کو اپنی پسند کے مطابق برائیڈل ویئرز ضرور مل جائیں گے۔
کالبا دیوی مارکیٹ 
 جنوبی ممبئی میں واقع کالبادیوی مارکیٹ میں بھی دُلہن  کی ملبوسات کیلئے مشہورہیں۔ یہاں روایتی طرز کے گجراتی گھراروں کے ساتھ ساتھ پنجابی سوٹ وغیرہ کی دکانیں موجودہیں۔ ناخدا محلہ سے آگے بڑھنے کے بعد کالبا دیوی مارکیٹ سے ملبوسات کی خریداری  کی جاسکتی ہے۔ 
ناخدا محلہ
 اس علاقے سے آپ دلکش اور منفرد دوپٹے خرید سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، اپنے شرارے یا غرارے پر پہنے جانے والے دوپٹے کو دیدہ زیب بنانے کے لئے آبلے اور موتی لگی لیسز خرید سکتی ہیں۔ یہاں رنگ برنگی جوتیاں بھی دستیاب ہوتی ہے، آپ اپنے عروسی ملبوسات کی مناسب سے انہیں خرید سکتی ہیں۔ یہاں ایمی ٹیشن جیولریز کی بھی کئی دکانیں ہیں۔ اس علاقے میں ساڑیاں بھی ملتی ہیں۔ اگر خریدنی کی خواہشمند ہیں تو یہاں کا رخ ضرور کریں۔
آٹھویں گلی مارکیٹ
 دلہنوں کے لوازمات کے لئے یہ بازار بہترین ثابت ہوگا۔ یہاں شرارے، لہنگے، غرارے، پیپلون، جوتیاں، سینڈلز، ہیئر ایکسس سریز، ہینڈ بیگز، میک اَپ کٹ اور ایمی ٹیشن جیولریز جیسی ساری چیزیں آپ کو یہاں مل جائیں گی۔
فینسی مارکیٹ
 اگر دلہن شادی کے بعد پہننے کے لئے ہیوی ڈریسز خریدنا چاہتی ہیں تو یہ مارکیٹ آپ کے لئے بہترین ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ یہاں دلہنوں کیلئے خوبصورت چوڑیاں بھی ملتی ہیں۔ اگر ہیوی گاؤن خریدنا چاہتی ہیں تو اس بازار کا رخ کریں۔
مدنپورہ کا بازار
 اس علاقے کے اطراف میں روزانہ بازار لگتا ہے۔ دلہنوں کے لئے بھاری بھرکم لباس کے لئے یہاں کی دکانوں میں ضرور جائیں۔ اس کے علاوہ یہاں دلہنوں کیلئے لال دوپٹہ بھی دستیاب ہے۔ اگر آپ ڈیزائنر برقع خریدنا چاہتی ہیں تو اس علاقے کا چکر بھی لگا سکتی ہیں، مایوس نہیں ہوگی۔
منگل داس مارکیٹ
 کرافورڈ کے سامنے کی گلی ، جو جامع مسجد  کی طرف جاتی ہے، وہاں پر کپڑوں کے لئے مشہور ’’منگل داس‘‘ مارکیٹ ہے جس کا ایک دروازہ جامع مسجد کی طرف کھلتا ہے تو دوسرا دروازہ کمشنر آفس سے قریب ہے۔ اس مارکیٹ میں کپڑوں کی بے شمار اقسام  مل جائیں گی جس میں بچوں کے کپڑوں سے لے کر مَردوں کے  اور شادی بیاہ سے لے کر عام دنوں میں استعمال کرنے والے کپڑے تک شامل ہیں۔
گاندھی مارکیٹ 
سائن اور ماٹنگا کے درمیان موجود گاندھی مارکیٹ میں شادی کے سیزن میں بہت بھیڑ ہوتی ہے کیونکہ یہاں پر دُلہن کے ملبوسات دستیاب ہوتے ہیں۔ کنگز سرکل اسٹیشن کے قریب واقع اس مارکیٹ میں دُلہن کے شرارے اور گھرارے مختلف ڈیزائن اور اقسام میں دستیاب ہوتے ہیں۔ اس مارکیٹ میں چوڑیوں کی دکانیں بھی ہیں جہاں انواع واقسام کو چوڑیاں اورکنگن کڑے بھی ملتے ہیں۔ ممبئی میں شادیوں کی خریداری کیلئے یہ مارکیٹ سب سے اہم قرار دیا جاتا ہے۔   یہ ممبئی کی چند مشہور مارکیٹس ہیں ۔ ایسے چھوٹے بڑے کئی مارکیٹ ممبئی ہی نہیں، مضافات میں بھی پائے جاتے ہیں جہاں سے لوگ بڑی تعداد میں خریداری کرتے ہیں ، مگر شادی بیاہ کے موقعوں کے لئے بالخصوص عزیز و اقارب کو تحفے کی شکل میں دی جانے والی اشیاء کے لئے یہ مارکیٹ نہ صرف اہل ممبئی میں مشہور ہیں بلکہ مہاراشٹر کے دیگر شہروں کے لوگ بھی ان جگہوں سے خریداری کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔  اور اسی کا نام ’’ممبئی‘‘ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK