Inquilab Logo

بھیونڈی کی طالبہ جزا ڈاکٹرریحان انصاری نے جے ای ای امتحان میں اردو میڈیم کا پرچم بلندکیا

Updated: September 14, 2022, 12:36 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر بھیونڈی کی ہونہار طالبہ جزا  انصاری نے جے ای ای امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرکے اردو میڈیم اسکول کا پرچم بلند کیا ہے۔

Jaza Dr. Rehan Ansari.Picture:INN
جزا ریحان انصاری ۔ تصویر:آئی این این

شہر بھیونڈی کی ہونہار طالبہ جزا  انصاری نے جے ای ای امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرکے اردو میڈیم اسکول کا پرچم بلند کیا ہے۔ جزا،ماہر طبیب، آرٹسٹ، خطاط اورمعروف ادیب مرحوم ڈاکٹرریحان انصاری کی دخترہے۔اس ذہین طالبہ نے داخلہ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے  ملک کے باوقار آئی آئی ٹی اداروںمیں خود کو داخلے کا اہل ثابت کروالیا۔جزا انصاری کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ بھیونڈی کے اردو میڈیم اسکول کی پہلی طالبہ ہے جس نے آئی آئی ٹی جیسے ادارے میں داخلہ یقینی بنالیا ہے اور یہ ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اردو میڈیم کے  طلبہ ایسے اداروں میں داخلہ کی مسابقت میں کسی سے کم نہیں ہیں۔خیال رہے کہ جزا انصاری   مومن گرلز ہائی اسکول سے ایس ایس سی میں۸۸؍ فیصداورایچ ایس سی میں۹۰؍ فیصدسے کامیاب ہوئی تھی،اس نے  اپنا ہدف انجینئرنگ کا میدان بنایا۔اپنے مقصدکی کامیابی کیلئے  پوری منصوبہ بندی ، انہماک اور صوم و صلوٰۃ کی پابندی  کے ساتھ پڑھائی میں مصروف ہوگئی۔آخر ان کی محنت رنگ لائی اور جے ای ای میں ۹۸؍فیصد ، جے ای ای(ایڈوانس)میں قومی سطح پر۷۷۸۲؍اور او بی سی (اے آئی آر)میں ۱۶۴۴؍رینک حاصل کیا ہے۔وہ آئی آئی ٹی ممبئی سے انجینئرنگ کرنے کی خواہشمند ہے۔ معلوم ہوکہ جزا انصاری کے بڑے بھائی رضی انصاری  بھیونڈی  سے اردو میڈیم کے پہلے طالب علم  بنے تھے جنہوں نے جے ای ای  امتحان میں کامیابی حاصل کرکے آئی آئی ٹی ممبئی سے ایم ٹیک (انرجی انجینئرنگ) کیا ۔ فی الحال وہ بنگلور میں ایک معروف کمپنی میں برسر روزگار ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK