Inquilab Logo

عیدالاضحی کے پُرمسرت موقع پر دوسروں کا بھی خیال رکھیں

Updated: July 21, 2021, 1:19 AM IST | Mumbai

’’عید ِ قرباں‘‘ جذبۂ ایثار و قربانی اور غریب غرباء کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے، اللہ تعالیٰ کو قربانی پسند ہے۔ لہٰذا جو لوگ صاحب استطاعت ہیں وہ قربانی کریں، قربانی کئے ہوئے جانوروں کا گوشت وہ خود بھی کھائیں، اپنے اعزہ و اقارب اور احباب کو بھی کھلائیں، ساتھ ہی اس موقع پر غریبوں کا خیال رکھیں

Add your loved ones and the poor to your joy on this joyous occasion.Picture:Inquilab
اس پُرمسرت موقع پر اپنے عزیز اور غرباء کو اپنی خوشی میں شامل کر لیجئے تصویر انقلاب

عیدالاضحیٰ کا اصل مقصد قربانی ہے۔ ’قربانی‘ لفظ ہماری پوری زندگی سے جڑا ہوا ہے۔ اس کی ضرورت انسان کو اپنی زندگی کے مختلف مقامات پر اور مختلف انداز میں پڑتی ہے۔ ساتھ ہی ہر قربانی کے پیچھے کوئی نہ کوئی مقصدہوتاہے۔ انسان جواپنی زندگی کے مختلف مسائل میں الجھا ہوتاہے، اسے قدم قدم پر قربانی دینی پڑتی ہے اور اس کے پیچھے اس کا کوئی نہ کوئی مقصد چھپا ہوتا ہے اور مقصد جتناعظیم ہوتاہے قربانی بھی اتنی ہی بڑی ہوگی۔ خاتون ِ خانہ اپنی پوری زندگی اپنے گھر والوں کے لئے قربان کر دیتی ہے۔ گھر والوں کے لئے اپنا آرام تک قربان کر دیتی ہے۔ دوسری جانب خانہ دار اپنے گھر والوں کے لئے دن رات محنت کرتا ہے۔ محنت و مشقت کرکے اپنے گھر والوں کو سکون فراہم کرتا ہے۔ دیکھا جائے تو ہر کوئی کسی نہ کسی طرح کی قربانی دیتا ہے۔ عیدالاضحی اسی قربانی کے جذبے کو بیدار کرتا ہے۔ اس پُرمسرت موقع پر اپنے عزیز اور غرباء کو اپنی خوشی میں شامل کر لیجئے۔
احتیاط ضروری ہے
 گزشتہ سال کی طرح امسال بھی عید ِ قرباں ایسے موقع پر آئی ہے کہ جب ہم کورونا وائرس کے اثرات کے نرغے میں ہیں۔ ایسے میں ہماری یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم فریضۂ قربانی کی ادائیگی کے دوران تمام ترممکنہ حفاظتی اقدامات پیشِ نظر رکھیں۔ کورونا وائرس کی نئی نئی قسم پھیل رہی ہے، ذرا سی لاپروائی اگلی لہر کو دعوت دے سکتی ہے، لہٰذا ایس او پی پر سختی سے عمل کیا جائے، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں۔ بھیڑ کا حصہ نہ بنیں۔
دوسروں کا خیال کریں
 ’’عید ِ قرباں‘‘ جذبۂ ایثار و قربانی اور غریب غرباء کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے اللہ تعالیٰ کو قربانی پسند ہے۔ لہٰذا جو لوگ صاحب استطاعت ہیں وہ قربانی کریں، قربانی کئے ہوئے جانوروں کا گوشت وہ خود بھی کھائیں، اپنے اعزہ و اقارب اور احباب کو بھی کھلائیں، ساتھ ہی اس موقع پر غریبوں کا خیال رکھیں، کیونکہ یہ عید ان کے لئے بھی ہے۔ اگر استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے وہ قربانی کرنے یا قربانی کے گوشت سے محروم رہ جائیں گے تو انھیں اس بات کا احساس ہو سکتا ہے، چنانچہ ایسے لوگوں کا پورا دھیان رکھنا چاہئے جو اپنی غربت کی وجہ سے قربانی نہ کر سکیں۔ جو لوگ قربانی کریں وہ اس بات کو ضرور ملحوظ رکھیں کہ کہیں ان کے پڑوسی یا احباب و رشتے دار قربانی نہ کرنے کی وجہ سے قربانی کے گوشت سے محروم تو نہیں رہ جائیں گے۔
کینہ و حسد کو بھول جائیں
 ہر گھر میں آپسی اختلافات ہوتے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اپنے دل میں کینہ و حسد کو جگہ دی جائے۔ عیدالاضحی کے مبارک موقع پر پرانی باتیں بھول جائیں اور ہر کسی کے لئے اپنا صاف دل صاف کرلیں اور سبھی سے خوش دلی سے ملیں۔ بعض دفعہ ہم کسی کی ترقی دیکھ کر حسد میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور اس سے بات تک کرنا پسند نہیں کرتے۔ ایک حدیث میں ہے حسد نیکیوں کو اس طرح کھاجاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔ لہٰذا اپنے دل سے حسد کے جذبے کو نکال دیں۔ اپنے دل کو ساری برائیوں سے پاک کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔
آرام بھی ضروری ہے
 اکثر عیدالاضحی سے قبل اور بعد کے کئی دنوں تک خواتین کافی مصروف رہتی ہیں۔ خواتین بہت زیادہ کام کے سبب عید کے موقع پر کافی تھکی تھکی نظر آتی ہے۔ ایسے موقع پر آرام کو بالکل نظرانداز نہ کریں۔ آرام بہت ضروری ہوتا ہے۔ مسلسل کام نہ کریں۔ کام کو آپس میں بانٹ لیں۔ اس طرح کام کا بوجھ ہلکا ہو جائے گا۔ بیک وقت کئی سارے پکوان نہ بنائیں چونکہ زیادہ پکوان تیار کرنے سے خواتین پریشان بھی ہوجاتی ہے اور بہت سارا کھانا ضائع بھی ہوجاتا ہے۔ لہٰذا ایک وقت ۲؍ سے ۳؍ پکوان ہی تیار کریں۔ 
بچوں کا خیال رکھیں
 عید کے موقع پر بچوں کی خوشی دیکھنے لائق ہوتی ہے۔ کورونا وائرس کے سبب بچے کئی عرصے سے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ عید کے موقع پر انہیں باہر جانے ضرور دیں لیکن احتیاط بھی ضروری ہے۔ مصروفیت کے سبب ان کی صحت کی جانب سے لاپروا نہ ہوجائیں۔ 
صفائی کا خیال رکھیں
 اکثر عید ِ قرباں کے موقع پر صفائی کی جانب غفلت برتی جاتی ہے۔ ایسا بالکل نہ کریں۔ عید کے دن چونکہ بعض علاقوں میں گوشت کی بہتات ہوتی ہے اس لئے ذرا سی لاپروائی سے گندگی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے طرح طرح کی بیماریاں و تعفن پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ لہٰذا صفائی کی جانب خاص توجہ دیں۔ گھر کے اندر اور گھر کے باہر بھی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ فینائل سے گھر کا فرش صاف کریں۔ گھر کے باہر بلیچنگ پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح آپ دوسروں کو تکلیف پہنچانے سے بچ سکتے ہیں اور دوسروں کو اچھا پیغام بھی دے سکتے ہیں۔n

bakra eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK