Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپنی شخصیت کو جاذب اور پر کشش بنانے کیلئے وقت نکالئے

Updated: October 04, 2023, 12:25 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

ایک کشش ظاہری اور وقتی ہوتی ہے ، یہ میک اپ سے حاصل کی جاتی ہے جبکہ دوسری قسم کی جاذبیت مستقل ہوتی ہے ، اس کا انحصار پوری طرح صحت پر ہوتا ہے۔ یقیناً جاذبیت کی دوسری قسم کی اہمیت دو چند ہے اور اس کے بغیر ظاہری اور وقتی کشش بے معنی ہے لہٰذا  خواتین کو اس پرتوجہ دینی چاہئے۔  

First make your health, then make up, see how your personality develops. Photo: INN
پہلے صحت بنائیے، پھر میک اپ کیجئے ،دیکھئے آپ کی شخصیت کیسے نکھر تی ہے؟۔ تصویر:آئی این این

اس  دور کی مصروف ترین زندگی میں خواتین کو اپنے آپ کی خبر لینے کی بھی فرصت نہیں ملتی، کسی  کےپاس اتنا موقع  ہی نہیں ہوتا کہ وہ خود کا جائزہ لے سکے اور اپنی صحت پر توجہ دے سکے۔ خاتون خانہ کی  الگ مصروفیات ہیں ، بہت سے جھمیلے ہیں۔ بچوں کو دیکھنا ہے ، گھر کے بڑے بوڑھوں کو سنبھالنا ہے ۔ کس نے بال بنا یا ؟ کس کے جوتے صاف نہیں ہے ؟ ہر چیز پر ان کی نظر ہوتی ہے ۔ انہیں گھر میں رہتے ہوئے بھی اپنے لئے وقت ہی نہیں ملتا۔ ملازمت پیشہ خواتین کی بھی کہانی مختلف ہے۔ ان کی دنیا سب سے الگ ہوتی ہے، گھر کے  مسائل ہیں۔ دفتری ذمہ داریاں بھی ہیں۔ ان کا اکثر وقت دفتر سے گھر اور گھر سے دفتر پہنچنے میں گزرجاتا ہے۔ ان کیلئے بھی اپنے لئے وقت نکالنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ جس طرح زمین میں کوئی سوراخ نہیں ہوتا لیکن بانس گاڑنے پر خود بخود جگہ بن جاتی ہے، ٹھیک اسی طرح وقت بھی اسی مصروف زندگی سے نکالنا ہوتا ہے بلکہ اسے زندگی سے نچوڑ نا ہوتا ہے۔ خیر خاتون خانہ اور ملازمت پیشہ دونوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی اہمیت کو سمجھیں اور وقت رہتے خود کو جاذب نظر اور پر کشش بنائیں۔ اپنے آپ کی خدمت   کیلئے وقت نکالیں  ۔ ورنہ یہ وقت تیزی سے نکل جائے گا پھر  افسوس  کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا، کہتےہیں: گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں۔ آج ہی سے خواتین عزم کرلیں کہ وہ خود کو سنواریں گی۔ سب سے اہم  اور ضروری بات یہ ہے کہ خوبصورتی رنگوں سے نہیں ہوتی ہے۔ آپ کا رنگ جیسا بھی ہو ، خود پر توجہ دیجئے اور دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنی شخصیت کو بھی نکھارئیے۔   
دیکھئے کہ  ایک کشش ظاہری اور وقتی ہوتی ہے، یہ میک اپ  سے حاصل کی جاتی ہے  جبکہ  دوسری قسم کی جاذبیت مستقل ہوتی ہے ، اس کا انحصار پوری طرح صحت پر ہوتا ہے ، یقینا ًدوسری قسم کی جاذبیت کی اہمیت دو چند ہے لیکن عمر کے اعتبار سے پہلے طریقے سے بھی خود کو جاذب نظر بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے اور بعض دفعہ یہ ضروری ہوتا ہے۔ خواتین سب سے پہلے  اپنی صحت کو بہتر بنائیں اور اس کے بعد حسب ضرورت میک اپ کا استعمال کریں، دونوں سے آپ کی  اہمیت بڑھ جائے گی اور  لوگ آپ کو قابل رشک نظروں سے دیکھیں گے۔ کچھ خواتین روز روز کی محنت سے بچتی ہیں۔ خاص خاص مواقع پر بیوٹی پالر کا رخ کرتی ہیں ، وہاں بنتی سنورتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ بس ایسے ہی زندگی چلتی رہے گی لیکن یہ کسی بھی اعتبار سے مناسب نہیں ہے۔ عمر کا ایک مرحلہ وہ بھی ہوتا ہے جب جھر یاں آجاتی ہیں، ایسے میں میک اپ بھی چند  ہی گھنٹے یا چند منٹ ہی ساتھ  دیتا ہے، اس لئے آپ مستقل حسن کیلئے روزانہ محنت کیجئے۔ کم عمری ہی سے خود پر توجہ دیجئے۔ ممبئی ، دیگر شہروں اور گاؤں میں بھی  ہوتا  یہ ہےکہ جوانی میں خواتین  اپنی صحت سے متعلق غافل رہتی ہیں،اپنی ذرا بھی فکرنہیں کرتی ہیں۔ کھانے پینے میں بے اعتدالی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ ورز ش بھولے سے نہیں کرتی ہیں۔ چہل قدمی سے بھی بچتی ہیں۔ بعض دفعہ تو بہت کم فاصلے کیلئے رکشا یا کار کااستعمال کرتی ہیں۔ چند قد م بھی پیدل چلنے سے بچتی ہیں۔ جسمانی محنت سے جان چراتی ہیں۔ یہ خواتین عمر کے ایک مرحلے میں مختلف بیماریوں سے گھر جا تی ہیں۔ ان کے اعضاء  جواب دینے لگتے ہیں۔ ایسے میں وہ ڈاکٹر کے پاس جاتی ہیں اور ادھیڑ عمر میں صحت خراب ہونے پر وہ وہ سب کرتی ہیں جو انہیں جوانی ہی میں کرنا چاہئے تھا۔ وہ ڈاکٹر کے مشورے سے پارکوں کا رخ کرتی ہیں۔ صبح صبح چہل قدمی کو اپنا معمول بناتی ہیں۔ کھانے پینے میں احتیاط کرنے لگتی ہیں، زیادہ سے زیادہ پیدل چلتی ہیں،  ورز ش کرتی ہیں۔ آپ دیکھئے کہ ممبئی، دہلی اور دیگر بڑے شہروں کے پارکوں میں آج بھی صبح کے وقت ایک مخصوص عمر کی خواتین ہی نظر آتی ہیں۔ ان میں سے اکثر کی صحت خراب ہوتی ہے۔ چند قدم چلنے پر ان کا سانس پھولنے لگتا ہے۔ چہل  قدمی ان کے معمولات میں شامل ہوجاتی ہے لیکن اس سے صحت  صرف سدھر جاتی ہے، بہتر نہیں ہوپا تی ہے مکمل صحت کی امید میں روزانہ گارڈ ن جاتی ہیں لیکن عمر کے آخر لمحے تک انہیں مکمل صحت نہیں ملتی لہٰذا وقت رہتے خاتون خانہ  اور ملازمت پیشہ خواتین خود کو سنبھالیں اور اپنی صحت خراب ہونے نہ دیں ۔ خود کو  چست درست رکھیں ۔ کھانے پینے میں احتیاط کریں ، وقت پر کھائیں، وقت پر سوئیں ،وقت پر  جاگیں، ورزش کریں، ناشتہ کریں، صحت بخش اور تغذیہ سےبھر پور غذائیں استعمال کریں۔ معدہ خراب ہونے  پر اسے مسالوں سے مزید  خراب نہ کریں۔ چہل قدمی کریں۔ دن بھر میں تھوڑا بہت پیدل ضرور چلیں۔ گھر ہی میں گھو م پھر لیں ۔ ایک ہی جگہ بیٹھ کر صرف موبائل یا ٹی وی میں کھوئی  نہ رہیں۔ چہل قدمی کر تےہوئے کوئی ’پوڈ کاسٹ‘ سن لیں۔ یہ سب کرنے کے بعد  خود کو اندر سے صحت مند محسوس کریںگی۔ اعضاء مضبوط ہوں گے۔ اس کے بعد میک اپ کریں گی تو یہ سونے پہ سہا گہ ثابت ہو گا۔ آپ کی شخصیت سنور جائے گی اور آپ کے حسن میں اضافہ ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK