Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: افغانی پلاؤ

Updated: November 26, 2023, 8:00 AM IST | Mumbai

افغانی پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔

Afghani Pulao. Photo: INN
افغانی پلاؤ۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول تین پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک تین انچ کا ٹکڑا، لہسن کے جوئے چار سے چھ عدد، ملی جلی سبزیاں آدھا کلو، درمیانی سائز کے پیاز دو عدد، ثابت کالی مرچیں ایک چھوٹا چمچہ، چھوٹی الائچی تین سے چار عدد، بڑی الائچی دو سے تین عدد، مرچوں کے دانے ایک چھوٹا چمچہ، کشمش آدھی پیالی، گاجر ایک عدد، چینی تین بڑے چمچے، گھی آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: بکرے کے ہڈی والے ایک کلو گوشت کے دو ٹکڑے کرلیںا ور اس کو صاف دھو کر رکھ لیں۔ ادرک، چھوٹی اور بڑی الائچی اور کالی مرچوں کو ہلکا سا کچل لیں اور پین میں ایک بڑا چمچہ گھی کے ساتھ ڈال کر درمیانی آنچ پر رکھ دیں۔ مسالہ بھوننے کی خوشبو آنے پر اس میں ہر قسم کی موسم کی ملی جلی سبزیوں کو دھو کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی گوشت کے ٹکڑے ڈال کر اس کو سنہرا ہونے تک بھون لیں۔ پھر اس میں چھ سے آٹھ پیالی پانی اور نمک ڈال کر تیز آنچ پر پکنے رکھ دیں، ابال آنے پر آنچ ہلکی کر دیں اور اتنی دیر پکائیں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے (خیال رہے کہ گوشت کا ٹکڑا ثابت رہے)۔ گوشت کو نکال کر ڈھک کر رکھ دیں۔ یخنی کو چھان لیں، اگر زیادہ ہو تو اسے پکا کر چار پیالی کرلیں۔ چاولوں کو دھو کر بیس منٹ کے لئے بھگو کر رکھ دیں، پین میں گھی میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو سنہری فرائی کریں۔ اس میں کچلے ہوئے لہسن کے جوئے اور چاولوں (پانی سے نکال کر) کو ڈال کر بھونیں۔ یخنی اور مرچوں کے بیج کو اچھی طرح ملالیںا ور درمیان آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہونے پر آجائے تو نمک چکھ لیں (اگر ضرورت محسوس کریں تو حسب ِ ذائقہ نمک شامل کرلیں)، چاولوں کو الٹ پلٹ کرکے اوپر سے گوشت کے ٹکڑے رکھیں اور ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ کشمش کو دھو کر صاف کرلیں اور گاجر کو کدوکش کرکے بھاپ میں گلالیں۔ پھر فرائنگ پین میں چینی کو ہلکی آنچ پر پگھلا لیں۔ جب سنہری ہونے پر آجائے تو اس میںد و سے تین چمچے پانی ڈال کر گاجر اور کشمش شامل کر دیں۔ اچھی طرح ملا کر چولہے سے اتار لیں۔ چاول کو بڑے پلیٹ میں نکالیں، اس کے اوپر گوشت کے ٹکڑے سجا کر آخر میں گاجر اور کشمش سے سجا دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK