انڈے کا پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: May 04, 2026, 9:22 AM IST | Mumbai
انڈے کا پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چاول ۳؍ پیالی، انڈے ۴؍ سے ۵؍ عدد، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، پیاز ۲؍ عدد (درمیانی)، پسی ہوئی لال مرچ ایک بڑا چمچہ، سفید زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، کالی مرچ دردی پسی ہوئی آدھا چھوٹا چمچہ، ٹماٹر ۲؍ عدد، دہی ایک پیالی، ہری مرچ ۲؍ سے ۳؍ عدد، تیل ۴؍ سے ۶؍ بڑے چمچے۔
بنانے کا طریقہ: پیاز اور ٹماٹر کو باریک کاٹ کر رکھ لیں، انڈوں کو اُبال لیں اور چاولوں کو دھو کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کے لئے بھگو کر رکھ دیں۔ دہی کو ہلکا سا پھینٹ لیں اور انڈوں کو چھیل کر کانٹے سے کچل لیں، اس میں کالی مرچ اور کٹی ہوئی ہری مرچ ڈال کر دہی میں ملا کر رکھ لیں۔ فرائنگ پین میں تیل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور اس میں پیاز کو سنہری فرائی کرلیں۔ اس میں زیرہ اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ایک سے ۲؍ منٹ فرائی کریں، پھر اس میں کٹے ہوئے ٹماٹر اور لال مرچ ڈال کر ہلکا سا پانی کا چھینٹا مارتے ہوئے بھونیں۔ جب ٹماٹر ادھ گلے ہوجائے تو اس میں چاولوں کو پانی سے نکال کر ڈالیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ نمک اور حسب ِ ضرورت پانی ڈال کر ڈھانک کر درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہونے پر آجائے تو انڈے اور دہی کا مکسچر ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور توے پر رکھ دیں۔ دہی کا پانی خشک ہونے پر اچھی طرح ملا کر گرم گرم چاولوں کو ڈش میں نکال لیں اور دوپہر کے کھانے پر سلاد اور چٹنی کے ساتھ اس مزیدار پلاؤ کا لطف اٹھائیے۔