بھنا ہوا آلو گوشت بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: August 08, 2026, 9:25 AM IST | Mumbai
بھنا ہوا آلو گوشت بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: گوشت آدھا کلو، آلو ۳؍ عدد، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، پیاز ۲؍ عدد، ٹماٹر ۲؍ عدد، شملہ مرچ ایک عدد، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، ہلدی آدھا چھوٹا چمچہ، ہری مرچ ۴؍ عدد، ہرا دھنیا تھوڑا سا، تیل آدھی پیالی۔
بنانے کا طریقہ: پیاز، ٹماٹر، شملہ مرچ (بیج نکال کر) کے بڑے ٹکڑے کرلیں اور ہری مرچیں شامل کرکے اسے گرم توے پر ڈھانک کر بھون لیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر ایک سے ۲؍ منٹ فرائی کریں پھر اس میں صاف دھو کر رکھا ہوا گوشت ڈال کر دھیمی آنچ پر ڈھانک کر پکنے دیں۔ بھنی ہوئی سبزیوں میں زیرہ بھون کر ڈالیں اور انہیں بلینڈر میں ہلکا سا پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے بلینڈ کرلیں۔ گوشت جب اپنے ہی پانی میں گلنے پر آجائے تو اس میں بلینڈ کئے ہوئے مسالے، نمک، ہلدی اور لال مرچ ڈال کر خوب اچھی طرح بھونیں۔ تیل علاحدہ ہونے پر اس میں ۲؍ ٹکڑے کئے ہوئے آلو شامل کر دیں اور بھون کر آدھی پیالی پانی ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر پکاتے ہوئے جب آلو گل جائیں تو باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا ڈال کر ۵؍ سے ۷؍ منٹ دَم پر رکھ دیں۔ اس مزیدار آلو گوشت کو گرم گرم چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔