بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: November 17, 2023, 9:48 AM IST | Mumbai
بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: آدھا کلو باسمتی چاول، ایک کلو گوشت، ایک چمچہ ادرک پسی ہوئی، ۳؍ عدد پیاز، ایک کپ دہی، ۵-۴؍ عدد لونگ، ۶-۵ عدد بڑی الائچی، ایک چمچہ شاہ زیرہ، ۴؍ چمچہ گھی، تھوڑا سا زعفران، نمک حسب ذائقہ۔
بنانے کا طریقہ: چاولوں کو۲ ؍ گھنٹے کے لئے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ گوشت دھوئے بغیر نمک ملا کر پانچ چھ گھنٹے کیلئے رکھ دیں پھر خوب اچھی طرح دھو لیں۔ جتنا نمک گوشت میں بچنا ہوگا اتنا رہے گا۔ پیاز کو لچھے دار کاٹ کے تل لیں۔ اب ایک بڑے منہ کی دیگچی میں گوشت، بریستہ، ادرک، دہی، گرم مسالہ اور گھی اچھی طرح ملالیں۔ چاول جو پہلے ہی ۲؍ گھنٹے کیلئے بھگو دئیے تھے خوب سارا پانی ڈال کر پکنے کیلئے رکھ دیں۔ نمک شامل کرلیں اور جب آدھے چاول کچے رہیں تو پانی نتھار لیں۔ اُسی وقت شاہ زیرہ شامل کرلیں۔ چاول کا پانی رکھ دیں۔ گوشت کے اوپر سارے چاول بچھا دیں اگر ضرورت ہو تو پانی چاروں طرف ڈالیں۔ تھوڑا پگھلا ہوا گھی ڈالیں۔ ایک پیالی میں تھوڑا دودھ لے کر زعفران بھگو کر چاول کے چاروں طرف ڈال دیں۔ ڈھکن لگا کر برتن کو آٹے سے چاروں طرف سے سیل کر دیں۔ آدھا پون گھنٹہ دم پر رکھیں۔ اگرگوشت تھوڑا کچا رہے تو توے پر دیگچی رکھ کر پھر آدھا گھنٹہ دم پر پکائیں۔
بریستہ: پیاز کو لال کرکے کاغذ پر پھیلادیں تاکہ تیل سوکھ جائے۔ تھوڑی دیر بعد اسے ہاتھوں سے مسل لیں۔