چکن آلو کباب بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: June 26, 2025, 8:57 PM IST | Mumbai
چکن آلو کباب بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: اُبلے ہوئے آلو ایک کپ، چکن کا قیمہ ایک کپ، سبز دھنیا اور ہری مرچ آدھا کپ باریک کٹی ہوئی، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، پیاز باریک کٹی ہوئی ۲؍ چھوٹے چمچے، زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، ہینگ چٹکی بھر، نمک ایک چھوٹا چمچہ، انڈے ۲؍ عدد، مکھن ایک، ایک چھوٹا چمچہ، تلنے کیلئے تیل ایک کپ۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے اُبلے ہوئے آلو چھیل کر کانٹے کی مدد سے دبا کر پیس لیں۔ ایک چھوٹے فرائنگ پین میں ایک چھوٹا چمچہ مکھن گرم کرکے اس میں زیرہ اور ہینگ تل کر پسے ہوئے آلوؤں میں ملائیں ساتھ ہی تھوڑا سا نمک اور گرم مسالہ پاؤڈر بھی ملا لیں اور مسالہ ملے پسے ہوئے آلو ایک طرف رکھ کر مرغی کے قیمے کو بھون لیں۔ اسی چھوٹے فرائنگ پین میں ایک چمچہ مکھن گرم کریں، پھر قیمہ، پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیا ایک چوتھائی چمچہ نمک کا ڈال کر بھون لیں اور بھنے ہوئے قیمے کو تھوڑا ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب کباب تلنے کے لئے کوکنگ آئل کڑاہی میں گرم کریں۔ کباب بنانے کے لئے تھوڑا تھوڑا مسالہ ملا پسا ہوا آلو کا بھرتہ ہتھیلی پر رکھیں اس کی کٹوری بنا کر ایک چمچہ بھنے ہوئے قیمہ مسالہ کا درمیان میں رکھ کر کٹوری کو دبا کر آلوؤں سے ڈھک دیں تاکہ تلنے کے دوران مسالہ باہر نہ نکلے۔ اسی طرح تمام آلو بھرتے کے کباب قیمہ سے بھر کر بنا لیں۔ انڈوں کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور کباب انڈوں میں ڈبو ڈبو کر گرم تیل میں تل لیں۔ آنچ درمیانی رکھیں تاکہ کباب بھن کر سنہری براؤن بھی ہوجائیں اور تیل جل کر سیاہ نہ ہوں۔ تلے ہوئے کباب جاذب پیپر پر نکال کر رکھیں۔ چکن آلو کباب ہری مرچوں کی چٹنی اور لچھے دار کٹے ہوئے پیاز کے ساتھ کھانے کے لئے پیش کریں۔ نان بھی ساتھ ہوں تو کباب زیادہ لذیذ لگیں گے۔