Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: چکن کروسنٹ

Updated: July 31, 2026, 9:18 AM IST | Mumbai

چکن کروسنٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Chicken Croissant. Photo: INN
چکن کروسنٹ۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: میدہ ۳؍ پیالی، خشک خمیر ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، چینی ۲؍ بڑے چمچے، انڈے ۲؍ عدد، نیم گرم دودھ آدھی پیالی، چکن بریسٹ ۲؍ عدد، تکہ مسالہ ۲؍ بڑے چمچے، لیموں کا رس ۲؍ بڑے چمچے، گھی ۲؍ پیالی۔
بنانے کا طریقہ: میدے میں نمک، چینی، خمیر، دودھ، ایک انڈا اور ایک بڑا چمچہ گھی ملا کر ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ تک خوب اچھی طرح ہتھیلیوں سے گوندھیں اور اوپر سے تھوڑا سا گھی لگا کر ڈھانک کر گرم جگہ پر رکھ دیں۔ جب اچھی طرح پھول جائے تو ۳؍ سے ۴؍ منٹ کے لئے دوبارہ گوندھ کر پھر سے گرم جگہ پر ڈھانک کر رکھ دیں۔ اس کے بعد گھی کو ہلکا سا پھینٹ کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ پھر خشک میدہ چھڑک کر گندھے ہوئے میدے کو لمبائی میں موٹی روٹی کی طرح بیل لیں۔ گھی کو روٹی پر پھیلا کر ۸؍ انچ تک لگائیں، کنارے سے کچھ حصہ خالی چھوڑ دیں۔ پھر خالی چھوڑے ہوئے حصے کو فولڈ کرکے درمیان میں لے آئیں پھر دوسری طرف سے گھی لگے ہوئے حصے کو اُٹھا کر اس کے اوپر فولڈ کرلیں اس طرح سے یہ مستطیل بن جائے گا۔ اس کو پلاسٹک میں لپیٹ کر ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں، پھر نکال کر خشک میدہ چھڑک کر ہلکے ہاتھ سے بیل کر دوبارہ اسی طرح سے ۳؍ حصوں میں فولڈ کرلیں۔ اس عمل کو ۳؍ سے ۴؍ مرتبہ کریں (ہر مرتبہ کچھ دیر کیلئے فریج میں رکھیں)، اب یہ آٹا کروسنٹ بنانے کے لئے تیار ہے۔ اس کے بعد چکن بریسٹ کے موٹے پارچے کاٹیں اور ان کو صاف دھو کر ان پر تکہ مسالہ اور لیموں کا رس لگا کر رکھ دیں۔ ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بعد ہر پارچے کو رول کرکے ٹوتھ پک سے بند کر دیں اور چکنے کئے ہوئے گرل پین پر ۳؍ سے ۴؍ منٹ تیز آنچ پر سینک لیں۔ اب گندھے ہوئے آٹے کو لمبائی میں بیلیں اور اس کے تکون کاٹ لیں، ہر ایک کے درمیان میں چکن کا رول رکھ دیں اور کناروں پر برش سے انڈا لگا لیں۔ اس کو بڑے حصے کی طرف فولڈ کرتے ہوئے نوک تک لے آئیں اور اچھی طرح دبا کر بند کر دیں۔ اَوَن کو ۱۸۰؍ ڈگری سیلیس پر ۲۰؍ منٹ پہلے گرم کرلیں اور اس میں چکن کروسنٹ کو ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کے لئے بیک کرلیں۔ اَوَن سے نکال کر شام کی چائے پر گرم گرم پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK