چکن تکہ پیزا بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: July 17, 2025, 10:15 PM IST | Mumbai
چکن تکہ پیزا بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء:
پیزا سوس کیلئے: ٹماٹر ایک پاؤ، ادرک لہسن ایک چھوٹا چمچہ، تیل ۳؍ بڑے چمچے، نمک ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ ۲؍ چھوٹے چمچے، سرکہ ۳؍ بڑے چمچے، چینی ۳؍ بڑے چمچے، کیچپ آدھا کپ۔
فلنگ کیلئے: چکن لیگ پیس ایک عدد، نمک آدھا چھوٹا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، لیموں کا رس ۳؍ بڑے چمچے، چکن تکہ مسالہ ۲؍ بڑے چمچے، کوئلہ ایک عدد۔
پیزا بیس کیلئے: میدہ ایک کپ، انڈا ایک عدد (صرف آدھا استعمال کیلئے)، تیل یا گھی ایک بڑا چمچہ، نمک آدھا چھوٹا چمچہ، چینی ایک چھوٹا چمچہ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، ایسٹ ایک بڑا چمچہ، نیم گرم پانی حسب ِ ضرورت۔
ٹاپنگ کیلئے: شملہ مرچ ایک عدد بڑی (سلائس کرلیں)، ٹماٹر ایک عدد، چیز ایک کپ موزریلا، چیڈر چیز ایک کپ، ہری مرچ ۴؍ عدد (باریک کٹی ہوئی)، اوریگیانو ایک بڑا چمچہ۔
بنانے کا طریقہ:
پیزا سوس کیلئے: پتیلی میں تیل گرم کریں پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو ٹماٹر چوپ کرکے ڈال دیں اور ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب ٹماٹر نرم ہوجائیں تو سارا مسالہ ڈال کر بھونیں۔ آخر میں کیچپ ڈال کر ہلائیں اور پتیلی کو چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے دیں پھر گرائنڈ کرلیں۔
فلنگ کیلئے: مرغی کے پیس کو دھو کر پانی خشک کر لیں اور پیس میں بڑے کٹ لگائیں۔ تکہ مسالہ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ اور لیموں کا رس لگا کر ایک گھنٹہ رہنے دیں۔ پتیلی میں ایک چمچہ گھی ڈالیں اور ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ ڈھکن ڈھانک کر ہلکی آنچ پر رہنے دیں۔ دوسرے چولہے پر کوئلہ اچھی طرح گرم کرلیں۔ چولہا بند کرکے کوئلہ اس پتیلی میں رکھ دیں اور ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب کوئلہ ٹھنڈا ہوجائے تو مرغی کا گوشت ہڈی سے الگ کرکے گوشت کے چوکور پیس کرکے استعمال کریں۔
پیزا بیس کیلئے: میدہ اور بیکنگ پاؤڈر کو ایک ساتھ چھان لیں، اس میں نمک، چینی اور ایسٹ ڈال کر مکس کریں پھر گھی ڈال کر مکس کرلیں۔ آخر میں انڈا ڈال کر مکس کریں اور نیم گرم پانی سے گوندھ لیں اور بڑا پیزا بنا لیں۔ کسی ایئر ٹائٹ ڈبے میں بند کرکے کسی گرم جگہ پر رکھ دیں کم سے کم ایک گھنٹہ۔ جب خمیر اٹھ جائے تو استعمال کریں۔
پیزا کی تیاری: جس پلیٹ میں پیزا بنانا ہے گھی سے اسے گریس کرلیں پھر پیزا کے بیس سے اپنی پلیٹ کے سائز کی روٹی بیلیں پھر ۵؍ منٹ اس کو گرم جگہ پر رکھیں۔ پھر اس پر پیزا سوس لگائیں پھر چیز (دونوں) کو کدوکش کرلیں، ان کی ایک لیئر لگائیں اوپر چکن تکہ کے بڑے بڑے چوکور پیس کرکے رکھیں۔ پھر باریک ہری مرچ چھڑکیں اور بہت سارا چیز ڈالیں اور پہلے سے گرم کئے ہوئے اَوَن میں رکھ کر ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ بیک کریں۔ لیجئے ذائقہ دار چکن تکہ پیزا تیار ہے۔