چائنیز ڈمپلنگز بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: December 04, 2025, 8:59 PM IST | Mumbai
چائنیز ڈمپلنگز بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: میدہ ایک پیالی، کارن فلور آدھی پیالی، انڈا ایک عدد، نمک حسب ِ ذائقہ، لہسن کے جوے ۲؍ سے ۳؍ عدد، پیاز ایک عدد، ہری پیاز ۲؍ سے ۳؍ عدد، مشروم ۶؍ سے ۸؍ عدد، گاجر ایک عدد، سفید مرچ (پسی ہوئی) ایک چھوٹا چمچہ، اویسٹر سوس ایک بڑا چمچہ، سویا سوس ایک بڑا چمچہ، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے میدے میں ۳؍ بڑے چمچے کارن فلور اور نمک ڈال کر ملائیں اور اس میں پھینٹا ہوا آدھا انڈا شامل کر دیں۔ اسے سادہ پانی کے ساتھ سخت گوندھ لیں اور ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر رکھ دیں۔ اب پیاز، ہری پیاز (پتیاں علاحدہ کرکے)، مشروم اور گاجر کو چوپ کر لیں۔ فرائنگ پین میں ایک چھوٹا چمچہ تیل میں لہسن کے جوؤں کو کچل کر ڈالیں اور خوشبو آنے پر اس میں ہری پیاز کی پتیوں کے علاوہ تمام سبزیاں ڈال دیں۔ ۳؍ سے ۴؍ منٹ فرائی کرنے کے بعد اس میں نمک، سفید مرچ، اویسٹر سوس، سویا سوس اور ہری پیاز کی پتیاں ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔ گوندھے ہوئے میدے کی چپاتی بیل کر اس کی گول کٹر کی مدد سے پوریاں کاٹ لیں اور ان پر کارن فلور چھڑک کر رکھ دیں۔ تیار کئے ہوئے آمیزے کو ٹھنڈا کرکے ایک بڑا چمچہ ان پوریوں کے درمیان میں رکھیں اور کناروں پر انڈا لگا دیں۔ سب طرف سے پوری کو بند کر دیں اور ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے ان ڈمپلنگز کو سنہری فرائی کر لیں۔