Inquilab Logo

آج کا پکوان: چائنیز سموسہ

Updated: September 19, 2023, 9:21 AM IST | Mumbai

چائنیز سموسہ بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔

Chinese Samosa. Photo: INN
چائنیز سموسہ۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: سموسے کی پٹی کے لئے: ڈیڑھ کپ میدہ، نمک حسب ِ ذائقہ، ۲؍ بڑے چمچے تیل، آٹا گوندھنے کے لئے پانی حسب ِ ضرورت۔
بھرنے کے لئے: ۲؍ بڑے چمچے تیل، ایک بڑا چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ، پیاز کے ۲؍ سلائس، ایک کپ گاجر اور ایک کپ بند گوبھی (لمبائی میں پتلے کٹے ہوئے)، آدھا کپ شملہ مرچ کے سلائس، آدھا چھوٹا چمچہ چینی، ۲؍ بڑے چمچے سویا سوس، ۲؍ بڑے چمچے ریڈ چلی سوس، ۲؍ بڑے چمچے ٹومیٹو کیچپ، ایک بڑا چمچہ شیزوان سوس، ایک چھوٹا چمچہ سرکہ، نمک حسب ِ ذائقہ، آدھا چھوٹا چمچہ کالی مرچ پاؤڈر، پکے ہوئے نوڈلز حسب ِ پسند، ہری پیاز حسب ِ ضرورت، تلنے کے لئے تیل۔
سموسے چپکانے کیلئے آمیزہ: ۲؍ بڑے چمچے میدہ اور پانی۔ دونوں ملا لیں، لئی تیار ہے۔
بنانے کا طریقہ: سموسے کی پٹی کیلئے: ایک پیالے میں میدہ، نمک اور تیل ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، پھر اس میں وقفے وقفے سے پانی شامل کرکے نرم آٹا گوندھ لیں۔ اسے ۱۵؍ سے ۲۰؍ منٹ کیلئے ڈھانک کر رکھیں۔ پھر پیڑا بنالیں۔ ایک ایک کرکے سارے پیڑے بیل لیں۔ اب ایک پٹی لیں، اس پر ذرا سا تیل لگائیں، اس پر دوسری پٹی رکھیں۔ اب توا گرم کریں اور ان پٹیوں کو دس سیکنڈ کیلئے سینک لیں۔ اس کے بعد پٹیوں کو علاحدہ علاحدہ کر لیں۔ یہی عمل باقی پٹیوں کے ساتھ بھی دہرائیں۔
بھرنے کے لئے: فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور پیاز کے سلائس اور ادرک لہسن کا پیسٹ اس میں شامل کر دیں۔ ایک منٹ تک اسے تلیں۔ اس کے بعد اس میں شکر، بند گوبھی، گاجر اور شملہ مرچ شامل کرکے سب اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد آنچ تیز کر دیں تاکہ سبزیوں کا پانی خشک ہو جائے۔ اس کے بعد سویا سوس، ریڈ چلی سوس، ٹومیٹو کیچپ، شیزوان سوس اور سرکہ شامل کرکے اچھی طرح ملا لیں۔ اس کے بعد نمک اور کالی مرچ ڈال دیں۔ پھر اس میں پکے ہوئے نوڈلز شامل کر دیں۔ آخر میں ہری پیاز ڈال کرکے چولہا بند کر دیں۔ اب سموسے کی پٹی لیں۔ میدے کی لئی کی مدد سے پٹی کو مثلث کی شکل دیں۔ اس کے بعد اس میں آمیزہ ڈالیں۔ اس کے بعد میدے کی لئی سے سموسے کا منہ بند کر دیں۔ اب باقی پٹیوں سے بھی اسی طرح سموسے تیار کرتی جائیں۔ اب فرائنگ پین میں تیل گرم کریں، پھر دھیمی آنچ پر ہلکی سنہری رنگ کے سموسے تل لیں۔ لیجئے ذائقہ دار چائنیز سموسہ تیار ہے۔ کیچپ یا چٹنی کے ساتھ گرما گرم نوش فرمائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK