Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: دہی اور دھوئیں میں پکا ہوا گوشت

Updated: July 17, 2025, 10:10 PM IST | Mumbai

دہی اور دھوئیں میں پکا ہوا گوشت بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Dahi Aur Dhuwan Mein Paka Gosht. Photo: INN
دہی اور دھوئیں میں پکا ہوا گوشت۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: گوشت ایک کلو، دہی آدھا کلو، پیاز آدھا کلو، لہسن ۶۰؍ گرام، ادرک ۶۰؍ گرام، پودینہ ایک گڈی، ہری مرچ چند ایک، نمک اور لال مرچ حسب ِ ذائقہ، گھی ۲۵۰؍ گرام۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے پیاز ۲۵۰؍ گرام باریک پیس لیں، لہسن اور ادرک بھی پیس لیں۔ اب اس کے بعد گوشت کو دھو کر صاف کریں اور پسا ہوا لہسن، پیاز اور ادرک اس میں ڈال دیں۔ نمک، لال مرچ اور پسا ہوا سکھا دھنیا بھی ڈال دیں۔ پانی دو پیالی بھر ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس میں گھی ڈال دیں اور بھونتے جائیں یہاں تک کہ گھی کی خوشبو باقی نہ رہے۔ اب اس کو چولہے پر سے اتار لیں اور چند منٹ کے لئے ٹھنڈا ہونے دیں۔ دہی کو ایک علاحدہ پیالے میں ڈالیں اور خوب پھینٹ کر کریم کی طرح کرلیں۔ باقی ۲۵۰؍ گرام پیاز کو لچھے دار کاٹ لیں۔ پیاز دھوئیں نہیں۔ پودینہ کے پتے دھو کر باریک کاٹ لیں اور پیاز میں ملا دیں۔ دو تین ہری مرچ بھی باریک کاٹ کر پیاز میں ملا دیں۔ اب پتیلی کا ڈھکن کھولیں اور اس پر ایک تہہ دہی کی جما دیں۔ پھر پیاز، پودینہ اور ہری مرچ کی دوسری تہہ اور دہی کی تیسری تہہ پھر پیاز اور دہی اسی طرح تین تہہ دہی اور دو تہہ پیاز وغیرہ کی جما دیں۔ اب اس کے درمیان میں ایک روٹی کا ٹکڑا رکھ دیں۔ روٹی کے ٹکڑے پر دہکتے ہوئے ایک دو کوئلے رکھ دیں اور اس پر گھی کا چھینٹا دے دیں۔ جب دھواں اٹھنے لگے تو اس کو ڈھکن سے بند کر دیں اور دس منٹ تک ایسا ہی پڑا رہنے دیں۔ دس منٹ کے بعد کھولیں اور ڈش میں نکالتے وقت خاص طور پر خیال رکھیں کہ سب کچھ مل نہیں جائے، جیسا دیگچی میں ہے ویسا ہی ڈش میں رکھا جائے۔ یہ سالن دیگچی میں نہیں بلکہ کھلے منہ کے برتن میں پکنے کے لئے رکھنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK