آج بنایئے عید کا خاص پکوان ’’نرگسی کوفتے۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 9:21 PM IST | Mumbai
آج بنایئے عید کا خاص پکوان ’’نرگسی کوفتے۔‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء:
قیمے کے لئے: بکرے کا قیمہ ایک کلو، ہری مرچ ۵؍ سے ۶؍ عدد، تازہ دھنیا آدھی گڈی، لال مرچ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، گرم مسالہ آدھا چھوٹا چمچہ، ثابت کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، بیسن ۴؍ بڑے چمچے، ہلدی پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، دھنیا پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، زیرہ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، تیل ۴؍ بڑے چمچے، انڈے اُبلے ہوئے ۴؍ عدد (دو، دو حصوں میں کاٹ لیں)۔
شوربے کے لئے: پیاز کا پیسٹ ایک کپ، ٹماٹر کا پیسٹ ایک کپ، لال مرچ پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، دھنیا پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، زیرہ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، دہی آدھا کپ، تازہ دھنیا کٹا ہوا سجانے کے لئے، ہری مرچ ۴؍ سے ۵؍ عدد، ادرک لمبائی میں کٹی ہوئی تھوڑی سی۔
بنانے کا طریقہ:
قیمہ کیلئے: گرائنڈر میں قیمہ، ہری مرچ، دھنیا، لال مرچ پاؤڈر، ثابت کالی مرچ، گرم مسالہ پاؤڈر، نمک اور بیسن ڈال کر باریک پیس کے ایک پیالے میں نکال لیں۔ اب قیمے میں ہلدی پاؤڈر، دھنیا اور زیرہ پاؤڈر بھی ملا دیں۔ کوفتے بنانے کے لئے ہتھیلی پر تیل لگا کر قیمہ پھیلائیں اور آدھا انڈا اس پر رکھ کے مزید قیمہ لپیٹ کر کوفتہ بنا لیں۔ سارے کوفتے اسی طرح تیار کریں اور پھر ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے سب کوفتوں کو ۱۰؍ منٹ تک اچھی طرح تل لیں۔
گریوی کیلئے: ایک پتیلے میں ہلکی آنچ پر تیل گرم کرکے پیاز کا پیسٹ ڈال دیں۔ اُس کے بعد کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر پکائیں۔ پھر لال مرچ پاؤڈر، نمک، ہلدی، گرم مسالہ، دھنیا پاؤڈر اور ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اُس کے بعد ڈال کر اس وقت تک بھونیں جب تک کہ شوربہ گاڑھا نہ ہوجائے۔ پھر ایک ایک کرکے سب کوفتے سالن میں ڈال دیں اور ۵؍ سے ۶؍ منٹ کے لئے ڈھکن ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ لیجئے، مزے دار نرگسی کوفتے تیار ہیں۔ اب انہیں تازہ دھنیے سے سجائیں اور عید کے خاص موقع پر مہمانوں کے سامنے پیش کریں۔