فروٹ کرنچ ڈیلائٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: December 11, 2025, 9:09 PM IST | Mumbai
فروٹ کرنچ ڈیلائٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء:
کرنچ کے اجزاء: بادام (چھلے ہوئے) آدھا پاؤ، چینی آدھی پیالی، پانی آدھی پیالی۔
فروٹ ڈیلائٹ کے اجزاء: ماری بسکٹ (چورا کرلیں) ایک پیکٹ، فریش کریم ۵۰۰؍ گرام، آئسنگ شوگر ۳؍ بڑے چمچے، مکس فروٹ ٹن (۵۰۰؍ گرام) ایک عدد، پائن ایپل سلائس چند عدد (سجانے کیلئے)۔
بنانے کا طریقہ:
کرنچ بنانے کیلئے: چینی، پانی اور بادام کو ایک دیگچی میں ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں، آمیزے کو اس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک گاڑھا نہ ہو جائے۔ ہلکا براؤن کلر آنےپر کسی ہموار ڈش میں نکال کر جما لیں۔ جم جانے کے بعد آمیزے کو ڈش سے نکال کر موٹے موٹے پیس کر لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔
فروٹ ڈیلائٹ بنانے کیلئے: کریم کو اتنا پھینٹیں کہ وہ جھاگ کی صورت اختیار کرلے اور ساتھ ہی اس میں آئسنگ شوگر اور کرنچ ملاتے جائیں۔ ایک خوبصورت شیشے کا پیالہ لے کر اس میں بسکٹ کے چورے سجائیں پھر کریم کے مکسچر کی تہہ لگائیں۔ اس کے بعد مکس فروٹ کی تہہ جمائیں اور آخر میں اس کے اوپر پائن ایپل کے سلائس کاٹ کر سجا دیں۔ ٹھنڈا ہونے کے بعد اسے پیش کریں۔