Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: حیدرآبادی بریانی

Updated: July 19, 2026, 9:31 AM IST | Mumbai

حیدرآبادی بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Hyderabadi Biryani. Photo: INN
حیدرآبادی بریانی۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: گوشت ایک کلو، چاول ۳؍ پیالی، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ۳؍ بڑے چمچے، پیاز ۴؍ عدد، دہی ڈیڑھ پیالی، لال مرچ پاؤڈر ۲؍ بڑے چمچے، دھنیا پاؤڈر ایک بڑا چمچہ، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، ثابت گرم مسالہ ایک بڑا چمچہ، آلو بخارہ ۵؍ سے ۶؍ عدد، زردے کا رنگ ایک چٹکی، دودھ آدھی پیالی، کیوڑہ چند قطرے، لیموں ایک عدد، گھی حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے بڑے پیالے میں پھینٹا ہوا دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر ملائیں اور اس میں صاف دھو کر رکھا ہوا گوشت ڈال کر اچھی طرح ملا لیں، اب اس پیالے کو فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد فرائنگ پین لیں، اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو گھی میں سنہری فرائی کرکے نکال لیں اور اسی پین میں آدھی پیالی گھی میں ثابت گرم مسالہ اور زیرہ ڈال کر کڑکڑا لیں۔ پھر اس میں میرینیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ملائیں اور ہلکی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ اس دوران نمک ملے ہوئے اُبلے ہوئے پانی میں چاولوں (۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ پانی میں بھگوئے ہوئے) کو ڈال کر ایک کنی اُبال لیں اور چھلنی میں ڈال دیں۔ جب گوشت گلنے پر آجائے اور آدھی پیالی کے قریب پانی رہ جائے تو اس میں بھگو کر رکھے ہوئے آلو بخارے ڈال دیں اور اس پر فرائی کی ہوئی پیاز ڈال کر اُبلے ہوئے چاول پھیلا کر ڈال دیں۔ نیم گرم دودھ میں زردے کا رنگ ملا کر چاولوں پر ڈال دیں اور اوپر سے لیموں کا رس چھڑک کر کیوڑہ ڈال دیں۔ اب توے پر رکھ کر شروع میں درمیانی آنچ پر رکھیں، ۵؍ سے ۷؍ منٹ بعد آنچ دھیمی کرکے ۱۰؍ سے ۱۲؍ منٹ دَم پر رکھ دیں۔ ڈش میں نکالتے ہوئے اچھی طرح ملا لیں، سلاد اور رائتے کے ساتھ گرم گرم مزیدار بریانی کا لطف اٹھائیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK