• Tue, 16 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کا پکوان: کابلی چنوں کی بریانی

Updated: July 24, 2025, 9:55 PM IST | Mumbai

کابلی چنوں کی بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔

Kabuli Chana Ki Biryani. Photo: INN
کابلی چنوں کی بریانی۔ تصویر: آئی این این

درکار اجزاء: کابلی چنے ۳۷۵؍ گرام، چاول ایک کلو، گوشت آدھا کلو، شاہ زیرہ، کالی مرچ، بڑی الائچی، لونگ سب ۲، ۲؍ گرام، لہسن ۱۰؍ جوئے، پیاز ۲۵۰؍ گرام، کھانے کا سوڈا ایک چٹکی یا حسب ِ ضرورت، گھی ۲۰۰؍ گرام، نمک حسب ِ ذائقہ، لال، سبز اور پیلا رنگ ایک، ایک چٹکی، دہی ۲۵۰؍ گرام۔
بنانے کا طریقہ: کابلی چنوں کو ایک رات پہلے بھگو دیں اور صبح ایک چٹکی سوڈا اور ایک لیٹر پانی اور نمک ڈال کر پکنے کو چڑھا دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں، چنے گل جانے پر اتار لیں۔ نصف پیاز لچھے دار باریک کاٹ لیں اور نصف موٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ چولہے پر دیگچی چڑھا کر اس میں آدھا گھی ڈالیں اور باریک کٹی ہوئی پیاز اس میں تل کر سنہری کرکے نکال لیں۔ اب بقایا گھی میں گوشت ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور نمک ڈال کر چار پیالی پانی ڈال دیں۔ کپڑے کا ایک ٹکڑا لے کر اس میں پیاز کے ٹکڑے، لہسن، نصف گرم مسالہ ثابت اور ۲؍ ہری مرچ باندھ کر گوشت میں ڈال دیں۔ اب اس گوشت کو اس وقت تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب تک کہ یہ خوب گل نہ جائے۔ جب یخنی تیار ہوجائے تو یخنی علاحدہ کرلیں، گوشت علاحدہ رکھ لیں اور مسالہ کی پوٹلی پھینک دیں۔ اب دوسری دیگچی لے کر اس میں باقی گھی ڈالیں۔ اس میں بھنی ہوئی پیاز، گوشت اور دہی ڈال دیں اور ان سب کو بھونیں۔ جب دہی کا پانی خشک ہوجائے تو گرم مسالہ (بچا ہوا) ڈال کر بھونیں۔ اب چاول (جو کہ کم از کم ایک گھنٹہ پہلے سے بھیگے ہوئے ہوں) نچوڑ کر اس میں ڈال دیں، ساتھ ہی چنے بھی ڈال دیں اور تھوڑا بھونیں۔ خیال رہے کہ چاول ٹوٹیں نہیں۔ اب اس میں تیار شدہ یخنی ڈال دیں جو کہ تین پیالی کے قریب ہوگی۔ چنانچہ چاول گلنے کے لائق ہوجائیں تو اس میں تھوڑا سا پانی ملا لیں۔ اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب چاول گل جائیں تو تین پیالیوں میں تین رنگ ملا کر چاول پر چمچے سے تین طرف سے تینوں رنگ چھڑک دیں، پانچ منٹ دم دیں اور اتار لیں۔ بریانی تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK