کڑاہی قیمہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: October 08, 2025, 9:59 PM IST | Mumbai
کڑاہی قیمہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: مٹن قیمہ آدھا کلو، مٹن کلیجی (چھوٹے ٹکڑے) ایک پاؤ، مٹن چانپ ایک پاؤ، لہسن (پسا ہوا ) ایک بڑا چمچہ، ادرک (پسا ہوا) ایک بڑا چمچہ، ادرک (باریک کٹا ہوا) ایک بڑا چمچہ، ہری مرچ ( باریک کٹی ہوئی) ۸؍ عدد، ہرا دھنیا حسب ِ ضرورت، ٹماٹر (باریک کٹے ہوئے) آدھا پاؤ، درمیانے سائز کی پیاز ۲؍ عدد (باریک کٹی ہوئی)، لیموں کا رس ۲؍ بڑے چمچے، ثابت لال مرچ ۸؍ عدد، لال مرچ (پسی ہوئی) ایک چھوٹا چمچہ، سونف ایک چھوٹا چمچہ، دھنیا (ثابت) ایک چھوٹا چمچہ، گرم مسالہ (کٹا ہوا) ایک چھوٹا چمچہ، دہی آدھا کپ، تیل آدھا کپ، مٹر آدھا پاؤ۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے قیمہ اور چانپیں اچھی طرح دھو کر چھلنی میں رکھ دیں تاکہ ان میں سے پانی نکل جائے۔ اس کے بعد ایک پین میں آدھا چھوٹا چمچہ ہلدی پانی میں ڈال کر اُبالیں اور پھر اس میں کلیجی ڈالیں۔ کچھ دیر بعد کلیجی کا پانی پھینک کر اسے دھو لیں۔ اس عمل سے کلیجی کی بساند دور ہو جائے گی۔ اس کے بعد کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں۔ جب ان کی رنگت تبدیل ہو جائے تو اس میں ٹماٹر ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں تاکہ ٹماٹر گل جائیں۔ پانچ منٹ بعد اس میں پسا ہوا لہسن ادرک، لال مرچ، سونف، دھنیا اور ہلدی وغیرہ ڈال کر مسالہ بھوننا شروع کریں۔ ساتھ ساتھ پانی کا چھینٹا بھی لگاتے جائیں۔ مسالہ بھوننے کے دوران ہی اس میں قیمہ، کلیجی، مٹر اور چانپیں بھی شامل کر دیں اور بعد میں دہی اور گرم مسالہ ڈال کر اسے اچھی طرح بھونیں۔ جب دہی کا پانی خشک ہو جائے اور مسالہ تیل سے الگ نظر آنے لگے تو اس میں موجود تمام اجزاء گلانے کے لئے اس میں گرم پانی ڈالیں اور ڈھکن ڈھانپ دیں۔ جب چانپیں، کلیجی، قیمہ اچھی طرح گل جائیں تو اس میں توے پر بھونی ہوئی ثابت لال مرچ، باریک کٹا ہوا ادرک، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔ لذیذ کڑاہی قیمہ روغنی نان یا پراٹھوں کے ساتھ نوش فرمائیں۔