کاجو مرغی گوشت بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 9:12 PM IST | Mumbai
کاجو مرغی گوشت بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: مرغی کا گوشت ایک کلو، کھوپرا ۱۰۰؍ گرام، لہسن کے جوئے ۱۲؍ عدد، ادرک ایک بڑا ٹکڑا، ثابت دھنیا ڈھائی بڑے چمچے، ثابت لال مرچ ۶؍ عدد، لونگ ۶؍ عدد، دارچینی ایک ٹکڑا، کاجو ۲۲۵؍ گرام، پیاز ایک عدد، تیل ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، زیرہ ڈیڑھ چھوٹے چمچے۔
بنانے کا طریقہ: مرغی کے گوشت کے ۸؍ حصے بنا لیں۔ اب ایک خشک فرائنگ پین میں کدوکش کیا ہوا کھوپرا، کٹی ادرک، لہسن، ثابت دھنیا، زیرہ، ثابت لال مرچ، لونگ اور دارچینی کے ٹکڑوں کو دھیمی آنچ پر بھون لیں۔ پانچ منٹ بعد اس میں ۵۰؍ گرام کٹے ہوئے کاجو اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اسے مزید ۱۰؍ منٹ کے لئے بھون لیں۔ بھوننے کے اس عمل کے دوران چمچے سے اس آمیزے کو ہلاتے رہیں۔ چولہے کی آنچ بند کرکے، آمیزے کو ٹھنڈا ہونے کے لئے چھوڑ دیں۔ ٹھنڈا ہوجانے پر فوڈ پروسیسر میں پانی کی تین چوتھائی پیالی ڈال کر اسے چلائیں تاکہ یہ گاڑھا آمیزہ بن جائے۔ اب ایک الگ برتن میں ۲۵؍ گرام کاجو اور مناسب پانی ڈال کر اسے بلینڈ کرلیں اور ایک برتن میں اس آمیزہ کو رکھ دیں۔ اب ایک برتن کو چولہے پر رکھیں اور اس میں تیل ڈال کر گرم کریں۔ اس میں گاڑھا آمیزہ شامل کرکے اسے دھیمی آنچ پر دس منٹ کے لئے تل لیں۔ اب اس میں کاجو والا آمیزہ بھی ڈال کر اسے ۲؍ یا ۳؍ منٹ کے لئے مزید پکائیں۔ اس دوران نمک اپنی مرضی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اب اس میں مرغی کا گوشت شامل کرکے اسے مزید ۵؍ منٹ کے لئے پکائیں، پھر ۳؍ پیالی یا حسب ِ ضرورت پانی ڈال کر برتن کو ڈھانپ کر اسے دھیمی آنچ پر دس منٹ کے لئے اور پکائیں۔ باقی بچے ہوئے ۱۵۰؍ گرام کاجو بھی ڈال دیں اور گوشت کے گلنے تک اسے پکائیں۔ لیجئے مزیدار کاجو مرغی گوشت تیار ہے۔