کشمیری چکن کوفتہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2026, 10:06 AM IST | Mumbai
کشمیری چکن کوفتہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن بریسٹ آدھا کلو، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک ۲؍ انچ کا ٹکڑا، لہسن ۳؍ سے ۴؍ جوئے، پیاز ایک عدد، بھنے ہوئے چنے ۲؍ بڑے چمچے، ہری مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، بادام اور پستے آدھی پیالی، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، کارن فلور ۲؍ بڑے چمچے، پسا ہوا ناریل ۲؍ بڑے چمچے، مکھن ۲؍ بڑے چمچے، گھی حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: کشمیری کوفتوں کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ اسے ہاون دستے میں کوٹ کر بنایا جاتا ہے۔ چکن بریسٹ کو صاف دھو کر خشک کرلیں اور اس کی چھوٹی بوٹیاں کرلیں، ہاون دستے یا چاپر میں پہلے بھنے ہوئے چنے، ادرک لہسن کا پیسٹ، پیاز، ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر پیس لیں پھر اس میں تھوڑی تھوڑی چکن کی بوٹیاں ڈالتے ہوئے پیس کر یکجان کر لیں۔ پسے ہوئے آمیزے میں نمک، کارن فلور، ناریل اور مکھن ملا کر رکھ دیں۔ بادام پستوں کو گرائنڈر میں باریک پیس کر اس میں گرم مسالہ ملا لیں۔ ہاتھوں کو گیلا کرتے ہوئے کوفتے بنائیں اور ان کے درمیان اس میں بادام پستے کا آمیزہ بھرتے ہوئے اچھی طرح بند کر دیں۔
گریوی بنانے کیلئے: ۲؍ باریک کٹی ہوئی پیاز کو گھی میں سنہری فرائی کریں۔ پھر آدھی پیالی دہی کو پھینٹ کر اس میں ایک بڑا چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ، ۲؍ بڑے چمچے موٹا کُٹا ہوا دھنیا اور زیرہ، ایک بڑا چمچہ پسی ہوئی کشمیری مرچیں اور ایک چھوٹا چمچہ گرم مسالے کا پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور پیاز میں شامل کر دیں۔ اتنی دیر بھونیں کہ گھی علاحدہ ہوجائے پھر اس میں ایک سے ڈیڑھ پیالی پانی ڈال دیں۔ گریوی میں اُبال آجائے تو نمک ڈال کر کوفتے شامل کر دیں اور درمیانی آنچ پر ۸؍ سے ۱۰؍ منٹ پکا کر دھیمی آنچ پر ۲؍ سے ۳؍ منٹ دَم پر رکھ دیں۔ چکن کے کوفتے زیادہ دیر پکانے سے سخت ہوجائیں گے۔ گرم گرم ڈش میں نکال کر نان یا اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔