کوفتے ایرانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 9:15 PM IST | Mumbai
کوفتے ایرانی بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: قیمہ (بغیر چربی) آدھا کلو، گھی ۲۵۰؍ گرام، کشمش ۳۰؍ گرام، بادام ۳۰؍ گرام، کیوڑہ چند قطرے، زعفران ۲؍ گرام، سبز الائچی ۵؍ عدد، پستہ ۳۰؍ گرام، پیاز ۱۲۵؍ گرام، نمک اور مرچ حسب ِ ذائقہ، دال چنا ۶۰؍ گرام، گرم مسالہ سب ملا کر ۱۲؍ گرام، خشک دھنیا اور سفید زیرہ ایک، ایک چھوٹا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ حسب ِ ضرورت، انڈا ایک عدد اور بریڈ کا چورا حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: قیمہ اور سب مسالہ ڈال کر شامی کباب کی طرح تیار کرلیں۔ بادام اور پستہ پانی میں بھگو کر باریک کاٹ لیں، کشمش کو گھی میں تل لیں، پیاز لچھے دار کاٹ کر گھی میں تل لیں۔ یہ سب چیزیں ملا کر کوفتوں کے اندر بھر لیں اور گول گول کوفتے تیار کرلیں۔ اب ان کو بریڈ کا چورا اور انڈا لگا کر یا صرف انڈا لگا کر تل لیں۔ سالن تیار کرنے کے لئے پیاز کو گھی میں بھون کر بادامی کرکے نکال کر باریک پیس لیں۔ گھی میں ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور لال مرچ ڈال کر بھون لیں۔ اب خشک دھنیا اور سفید زیرہ بھی ڈال دیں اور چمچہ چلائیں اور دہی یا ٹماٹر ڈال دیں اور خوب بھونیں۔ جب سب کچھ ایک سا ہوجائے اور سالن گھی چھوڑ دے تو اس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے دیں۔ کوئی آدھ گھنٹہ پکنے کے بعد گریوی اپنی پسند کی رکھ کر اوپر سے گرم مسالہ اور کٹا ہوا ہرا دھنیا ڈال دیں۔ اب اس میں تلے ہوئے کوفتے رکھ کر پیش کریں۔ ایرانی کوفتے تیار ہیں۔