مانڈہ سالن بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: October 20, 2023, 10:15 AM IST | Mumbai
مانڈہ سالن بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: گوشت آدھا کلو، مونگ پھلی کا تیل پاؤ لیٹر، کھوپرا بھن کر پسا ہوا ۲؍ چمچے، کاجو کا پیسٹ ۲؍ چمچے، پسی ہوئی لال مرچ ۳؍ چمچے، پسا ہوا دھنیا ۳؍ چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ آدھا چھوٹا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی آدھا چمچہ، پیاز ۴؍ عدد، ادرک لہسن کا پیسٹ ۳؍ چمچے، دہی ایک بڑا چمچہ، ہری الائچی ۴؍ عدد، کالی مرچ ۸؍ دانے، لونگ ۴؍ عدد، شاہ زیرہ پاؤ چمچہ۔
بنانے کا طریقہ: گوشت پیاز، ہلدی، نمک اور پانی ڈال کر کوکر میں اُبال لیں۔ پسا ہوا کھوپرا، ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی ہوئی لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، پسا ہوا گرم مسالہ اور ہلدی میں تھوڑا سا پانی ملا لیں تاکہ مسالہ نرم ہو جائے۔ دہی اگر ڈالنا چاہیں تو ملائیں اگر نہ ڈالنا چاہیں تو کوئی حرج نہیں، لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ مسالہ میں پانی ہرگز زیادہ نہ ڈالیں نہ ہی بھونتے وقت برتن میں لگا مسالہ پانی سے کھنگالیں۔ اب برتن میں مونگ پھلی کا تیل گرم کریں۔ باریک کٹی پیاز گلابی کریں۔ اب پانی میں نرم کیا مسالہ ڈال دیں، اور تمام کھڑے مسالے بھی شامل کریں اور دھیمی آنچ پر لگاتار چمچہ چلاتے رہیں۔ جب تیل چھوٹنے لگے اور مانڈہ سالن کی طرح رنگت نظر آنے لگے تو اُبلا ہوا گوشت اُس میں انڈیل دیں۔ حسب ِ ذائقہ نمک شامل کریں۔ اگر اُبالتے وقت نمک شامل کیا ہے تو چکھ لیں۔ تھوڑی دیر پکنے دیں۔ شوربہ میں حسب ِ مطابق پانی شامل کرسکتی ہیں۔ گرما گرم مانڈے یا رومالی روٹی کے ساتھ پیش کیجئے۔ ساتھ میں لیموں کی قاشیں بھی رکھ دیجئے۔