مٹن مسالے دار بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: August 25, 2023, 4:51 AM IST | Mumbai
مٹن مسالے دار بریانی بنانے کی آسان ترکیب ملا حظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو، تیل کپ، لہسن پیسٹ ایک بڑا چمچہ، ادرک پیسٹ ایک بڑا چمچہ، دھنیا پاؤڈر دو بڑے چمچے، نمک حسب ذائقہ، پیاز دو عدد(سلائس کاٹ لیں)، دہی ایک کپ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر دو چھوٹے چمچے، دار چینی تین ٹکڑے، لونگ چھ عدد، ثابت سیاہ مرچیں ۱۰؍عدد، بڑی الائچی دو عدد، جائفل چھوٹا ٹکڑا، جاوتری تین چھوٹے ٹکڑے، چھوٹی الائچی چار عدد، ہری مرچیں چھ عدد، ٹماٹر دو عدد(۴۴؍ ٹکڑے کر لیں)، زعفران ایک چھوٹا چمچہ، گرم دودھ چھ بڑے چمچے، آلو تین عدد، کیوڑہ چند قطرے۔
بنانے کا طریقہ: ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کر براؤن ہونے تک فرائی کریں اس کے بعد نکال کر الگ رکھ لیں۔ اب اسی تیل میں ۲؍ عدد دار چینی کے ٹکڑے، دو عدد چھوٹی الائچی، ۳؍ عدد لونگ، ۵؍ عدد ثابت سیاہ مرچیں، ایک عدد بڑی الائچی، ایک عدد جاوتری اور تھوڑا سا جائفل ڈال کر چمچہ چلائیں۔ اس کے بعد اس میں بکرے کا گوشت، لہسن پیسٹ، ادرک پیسٹ، دھنیا پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر اور نمک ڈال کر گوشت کا پانی خشک ہونے تک بھونیں اس کے بعد اس میں دہی، آلو اور براؤن کی ہوئی پیاز کو چورا کر کے ڈالیں۔ گوشت گلنے کے بعد اس میں گرم مسالہ پاؤڈر شامل کریں اور ۵؍ منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ ایک دوسرے پتیلی میں چاول ڈال کر اس میں دار چینی، لونگ، ثابت سیاہ مرچیں، بڑی الائچی، جائفل، جاوتری، چھوٹی الائچی اور نمک شامل کرکے ایک کنی رہنے تک ابال لیں۔ اس کے بعد پانی نتھار کر چاول کو ایک طرف رکھ دیں۔ گرم دودھ میں زعفران بھگو کر ایک طرف رکھ دیں۔ ایک بڑے پتیلے میں پہلے ابلے ہوئے چاول کو تہہ لگائیں اس پر تیار کئے ہوئے گوشت کا آمیزہ، ٹماٹر، ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر باقی چاول ڈال دیں اور آخر میں دودھ میں بھگو یا ہوا زعفران اور کیوڑہ ڈال کر ڈھکن ڈھانک کر دم پر لگا دیں۔ لذیذ مٹن مسالے دار بریانی تیار ہے۔ سرونگ ڈش میں نکال کر رائتے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔