مٹن یخنی پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: May 29, 2025, 9:40 PM IST | Mumbai
مٹن یخنی پلاؤ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: مٹن (اچھی طرح دھو کر پپیتا پاؤڈر لگا کر ۲۰؍ منٹ کے لئے رکھ دیں) ایک کلو، چاول (۲۰؍ منٹ پہلے بھگو دیں) ایک کلو، پیاز دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، سبز مرچ آٹھ عدد، نمک حسب ِ ذائقہ، ثابت گرم مسالہ دو چمچے، کیوڑا چند قطرے، دہی آدھا کپ، جاوتری پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، لہسن چار جوئے، ادرک (کاٹ لیں) ایک انچ کا ٹکڑ، املی (پانی میں بھگو دیں) ایک بڑا چمچہ اور تیل حسب ِ ضرورت۔
یخنی بنانے کے لئے: ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، ثابت سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، بادیان کے پھول چار عدد، سونف ایک چھوٹا چمچہ، دارچینی ایک بڑا چمچہ، لونگ ایک چھوٹا چمچہ، تیزپات دو عدد اور ثابت کالی مرچ ایک بڑا چمچہ۔ ان تمام اجزاء کو ململ کے کپڑے میں باندھ کر پوٹلی بنالیں۔
بنانے کا طریقہ: ایک پتیلی میں حسب ِ ضرورت پانی لے کر اس میں مسالے والی پوٹلی، مٹن، ایک پیاز، لہسن اور ادرک ڈال کرڈھکن ڈھانک کر یخنی تیار کرلیں۔ جب یخنی بن جائے، تو یخنی اور گوشت الگ الگ کرلیں اور پوٹلی نچوڑ کر پھینک دیں۔ اب دوسری پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز براؤن کریں اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال فرائی کرلیں۔ پھر گوشت اور ثابت گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اب اس میں یخنی، چاول، سبز مرچ، دہی اورنمک ڈال کر ایک اُبال آنے پر املی کا پانی، جاوتری پاؤڈر اور کیوڑا ڈال کر پکنے دیں۔ اگر یخنی کم ہو تو مزید پانی ڈال لیں۔ پانی خشک ہوجائے تو دَم دے دیں۔ لذیذ مٹن یخنی پلاؤ تیار ہے۔ رائتے کے ساتھ لطف اٹھائیں۔