پرشین آملیٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: February 05, 2026, 9:59 PM IST | Mumbai
پرشین آملیٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: انڈے ۳؍ عدد، نمک حسب ِ ذائقہ، لہسن کے جوئے ایک سے ۲؍ عدد، کالی مرچ دردری پسی ہوئی ایک چھوٹا چمچہ، ہری پیاز ۲؍ سے ۳؍ عدد، ٹماٹر ۲؍ سے ۳؍ عدد، پالک چند پتّے، پارسلے ۲؍ بڑے چمچے، ہرا دھنیا ۲؍ بڑے چمچے، پودینہ ۲؍ بڑے چمچے، اخروٹ ۳؍ سے ۴؍ عدد، بادام ۶؍ سے ۸؍ عدد، چیڈر چیز ایک پیالی، تیل ۴؍ بڑے چمچے۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے ہری پیاز، ٹماٹر، پالک، پارسلے، ہرا دھنیا اور پودینے کو اچھی طرح دھو کر باریک باریک کاٹ لیں۔ اس کے بعد اخروٹ اور بادام کو صاف کرکے کوٹ کر ایک طرف رکھ لیں۔ اب پالک کو فرائنگ پین میں ڈال کر ڈھانک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ اس کا اپنا پانی خشک ہوجائے، پھر اسے چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ اب فرائنگ پین میں تیل کو ہلکی آنچ پر ایک سے ۲؍ منٹ گرم کریں اور اس میں لہسن کے جوؤں کو باریک کاٹ کر ڈالیں۔ ایک سے ۲؍ منٹ فرائی کرنے کے بعد اس میں ہری پیاز (صرف سفید حصہ) ڈال کر ہلکا سا نرم ہونے تک فرائی کریں۔ پھر اس میں بھاپ دی ہوئی پالک شامل کرکے ۳؍ سے ۴؍ منٹ مزید فرائی کریں اور چولہے سے اتار لیں۔ ایک پیالے میں انڈوں کو پھینٹ کر اس میں کٹی ہوئی سبزیاں، نمک، کالی مرچ، فرائی کی ہوئی سبزیاں، اخروٹ اور بادام ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ اس کے بعد صاف فرائنگ پین میں تیل کو ایک سے ۲؍ منٹ گرم کریںا ور اس میں یہ آمیزہ ڈال کر اسے اتنا فرائی کریں کہ ایک طرف سے سنہرا ہوجائے۔ اب اسے احتیاط سے اٹھا کر بیکنگ پین میں ڈال کر اس پر کدوکش کیا ہوا چیز ڈالیں اور اس المونیم فوئل سے اچھی طرح کور کر دیں۔ اس کے بعد پہلے سے گرم کئے ہوئے اَوَن میں ۱۵۰؍ ڈگری سیلیس پر ۴؍ سے ۵؍ منٹ رکھ کر نکال لیں۔ یہ گرم گرم مزیدار اور منفرد آملیٹ گارلک بریڈ کے ساتھ ناشتے میں نوش فرمائیں۔