سالمن مچھلی کے تکے بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: June 26, 2025, 8:55 PM IST | Mumbai
سالمن مچھلی کے تکے بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: سالمن مچھلی کے پارچے ۴؍ عدد بڑے سائز میں، زیتون کا تیل ۴؍ چھوٹے چمچے، نمک آدھا چھوٹا چمچہ یا حسب ِ ذائقہ۔
پودینہ مایونیز کیلئے: ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا آدھا کپ، پودینہ باریک کٹا ہوا آدھا کپ، چلغوزے کی گریاں ۲؍ بڑے چمچے، لہسن ۲؍ جوئے، چینی آدھا چھوٹا چمچہ، لیموں کا رس ۲؍ چھوٹے چمچے، زیتون کا تیل آدھا کپ، نمک ایک چوتھائی چھوٹا چمچہ، سفید مرچ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، سجاوٹ کے لئے لیموں کے قتلے ۸؍ یا ۱۰۔
بنانے کا طریقہ: سالمن مچھلی کے صاف دھلے ہوئے بڑے قتلوں کو تقریباً دو، دو انچ چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ سلاخوں کے طور پر بانس کی باریک چھڑیاں استعمال کریں جنہیں استعمال سے پہلے پانچ منٹ کے لئے نیم گرم پانی میں بھگو کر رکھیں۔ پھر ہر سلاخ پر پانچ ٹکڑے پرو کر دھاگے سے باندھ دیں۔ تیل اور نمک برش کی مدد سے لگا کر یہ سلاخیں کچھ دیر کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ گرل کو گرم ہونے دیں، تیز گرم ہوجائے تو گوشت لگی سلاخوں کو گرل پر رکھ کر پہلے ایک طرف سے پھر پلٹ کر دوسری طرف سے پکائیں۔ سنہری ہوجائیں تو سلاخیں بڑی سائز کی ڈش میں رکھ کر پودینہ مایونیز کے ساتھ لیموں کے قتلوں میں سجا کر پیش کریں۔
پودینہ مایونیز تیار کرنے کیلئے کٹا ہوا دھنیا، پودینہ، چلغوزے کی گریاں، لہسن، چینی اور لیموں کارس بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ بلینڈ کرنے کے دوران ہی تیل بھی شامل کرتے جائیں، پھر نمک اور سفید مرچ پاؤڈر ملا کر ملائم پیسٹ تیار کرلیں۔ پودینے کی مایونیز چٹنی سالمن تکوں کا اہم جزو ہے جو کہ ذائقے میں اضافہ کرتی ہے اور تکوں کے ساتھ سجاوٹ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔