سموسہ چاٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: February 12, 2026, 3:52 PM IST | Mumbai
سموسہ چاٹ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء:
سموسے کیلئے: میدہ ۲؍ کپ، اجوائن ایک چوتھائی چھوٹا چمچہ، نمک آدھا چھوٹا چمچہ، پانی گوندھنے کے لئے، گھی ۲؍ بڑے چمچے۔
فلنگ کیلئے: آلو (اُبلے ہوئے) ۲؍ عدد، ہری مرچ (کٹی ہوئی) ۲؍ عدد، ہرا دھنیا (کٹا ہوا) ایک بڑا چمچہ، لال مرچ (کُٹی ہوئی) آدھا چھوٹا چمچہ، چاٹ مسالہ آدھا چھوٹا چمچہ، نمک ایک چوتھائی چھوٹا چمچہ۔
چاٹ کے لئے: سموسے ۲؍ عدد، چنے (اُبلے ہوئے) آدھا کپ، دہی (پھینٹا ہوا) آدھا کپ، لال مرچ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، چاٹ مسالہ آدھا چھوٹا چمچہ، پیاز (کٹی ہوئی) ۲؍ بڑے چمچے، ہرے دھنیے کی چٹنی ۲؍ بڑے چمچے، املی کی چٹنی ۴؍ بڑے چمچے، سیو ۲؍ سے ۳؍ بڑے چمچے۔
بنانے کا طریقہ:
سموسے کے لئے: ایک پیالے میں میدہ، نمک، اجوائن اور گھی ڈال کر پانی کے ساتھ گوندھ لیں اور ڈھانک کر ۳۰؍ منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ پھر اس کے پیڑے بنائیں اور ہر پیڑے کو لمبائی میں بیل کر درمیان سے ۲؍ ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔
فلنگ کیلئے: اُبلے ہوئے آلو، ہری مرچ، ہرا دھنیا، کُٹی ہوئی لال مرچ، چاٹ مسالہ اور نمک کو آپس میں ملا کر فلنگ تیار کر لیں۔ پھر ہر ٹکڑے میں فلنگ بھر کے سموسے کی طرح فولڈ کرلیں۔ اب یہ سموسے گرم تیل میں ہلکی آنچ پر سنہری تل لیں۔
چاٹ کے لئے: ایک پلیٹ میں ۲؍ عدد سموسے ڈالیں۔ ہر سموسے کو آہستہ سے دبائیں حتیٰ کہ وہ ٹوٹ جائے۔ اس پر اُبلے چنے اور تھوڑا سا دہی ڈالیں۔ پھر اس پر لال مرچ پاؤڈر اور چاٹ مسالہ بھی چھڑک دیں۔ اس کے بعد ہرے دھنیے کی چٹنی اور املی کی چٹنی پھیلا کر ڈالیں۔ آخر میں کٹی پیاز ڈالیں اور سیو سے گارنش کرکے پیش کریں۔