زعفرانی مرغ اور کلچہ پوری بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: September 24, 2025, 9:51 PM IST | Mumbai
زعفرانی مرغ اور کلچہ پوری بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: چکن ایک عدد (چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں)، لہسن ایک چھوٹا چمچہ، پیاز ۲؍ عدد (براؤن کرکے مسل لیں)، دہی ایک کپ، زعفران ایک چھوٹا چمچہ، زعفران حسب ِ ضرورت، مکھن آدھا کپ، نمک ڈیڑھ چھوٹے چمچے، لال مرچ ۲؍ چھوٹے چمچے، الائچی پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، دارچینی ۲؍ ٹکڑے اور تھوڑی سی پسی ہوئی، لونگ ۶؍ عدد، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: سب سے پہلے پہلے دہی میں نمک، لال مرچ، الائچی، لہسن اور پسی ہوئی دارچینی اچھی طرح بلینڈ کر لیں اور پھر مرغی میں تیل، زعفران اور بلینڈ کیا ہوا مسالہ ڈال کر آدھا گھنٹہ کے لئے میرینیٹ ہونے دیں۔ اب ایک کڑاہی میں مکھن اور تیل ڈال کر گرم کریں۔ گرم ہونے پر اس میں لونگ اور دارچینی کے ٹکڑے ڈال کر کڑکڑائیں۔ پھر اس میں میرینیٹ کئے ہوئے چکن کو ڈال کر بھون لیں جب ذرا بھن جائے تو اس میں بریستا ملا دیں اور تھوڑا سا بھوننے کے بعد اس میں تقریباً ڈیڑھ سے ۲؍ کپ پانی ملا دیں اور اس کو ڈھانک کر ۱۰؍ منٹ کے لئے پکنے دیں۔ لیجئے زعفرانی مرغ تیار ہے۔ کلچہ پوری کے ساتھ پیش کریں۔
کلچہ پوری
درکار اجزاء: میدہ ۲؍ کپ، دہی ۴؍ بڑے چمچے، گھی ۲؍ چھوٹے چمچے، انڈا ایک عدد، نمک ایک چھوٹا چمچہ، خمیر ایک چھوٹا چمچہ، چینی ایک چھوٹا چمچہ۔
بنانے کا طریقہ: پانی میں خمیرا ور چینی ملا کر رکھ دیں۔ تھوڑی دیر بعد پھر میدہ اور نمک ڈال کر چھان لیں۔ اس میں گھی کو مکس کریں اور پھر انڈے کو پھینٹ کر ڈال دیں اور خمیر والا مکسچر بھی ڈال گوندھ لیں۔ پھر اسے گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر ایک گھنٹے کیلئے چھوڑ دیں۔ ایک گھنٹے کے بعد اسکے پیڑے بنائیں۔ ان کو بیلیں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔ پوریوں کی طرح تل لیں۔ کلچہ پوری پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔