Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹماٹر کے فیشیل سے جلد نکھرتی ہے اور توانا نظر آتی ہے

Updated: June 16, 2025, 4:24 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

فیشیل جلد کی تازگی اور نکھار برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ اکثر فیشیل کرنے کے لئے نوعمر لڑکیاں اور خواتین بیوٹی سیلون کا رخ کرتی ہیں اس میں وقت اور سرمایہ دونوں درکار ہوتے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

فیشیل جلد کی تازگی اور نکھار برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ اکثر فیشیل کرنے کے لئے نوعمر لڑکیاں اور خواتین بیوٹی سیلون کا رخ کرتی ہیں اس میں وقت اور سرمایہ دونوں درکار ہوتے ہیں۔ اس سے بہتر گھر پر ہی فیشیل کیجئے۔ یہاں ’ٹومیٹو فیشیل‘ کرنے کا آسان طریقہ بتایا جا رہا ہے۔ ٹماٹر میں یہ خصوصیت ہے کہ جلد، رخساروں اور ناک پر بننے والے بلیک ہیڈز، حلقوں، سیاہ دھبوں اور نشانات کو زائل کر دیتا ہے۔ یہی نہیں بڑھتی عمر سے چہرے پر بننے والی لکیروں اور کھلے مساموں کا حل بھی ہے۔
پہلا مرحلہ
 ایک ٹماٹر کے چند ٹکڑے کرلیں۔ انہیں جوسر میں ایک ایک چمچہ لیموں کے عرق اور جئی کے ساتھ بلینڈ کرلیں اور ۱۰؍ منٹ کیلئے اس محلول کو چہرے پر لگا لیجئے۔ اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔
دوسرا مرحلہ
 اب ایک نرم ٹماٹر کا گودا لے کر کانٹے کی مدد سے اسے میش کرلیجئے اور مکئی کے آٹے کی تھوڑی سی مقدار شامل کرکے پیسٹ بنا لیں۔ اسے گردن، گلے، چہرے اوربازوؤں کے علاوہ چہروں پر بھی لگایا جاسکتا ہے۔ خیال رکھئے کہ ٹماٹر آنکھوں میں نہ جانے پائے۔ دس منٹ بعد کسی مائلڈ صابن یا فیس واش سے چہرہ دھو لیں۔ اگر آپ کی جلد پر کسی قسم کا کٹاؤ، جھلسنے کا تازہ زخم وغیرہ ہو تو ٹماٹر چبھن پیدا کرسکتے ہیں۔ چنانچہ آپ ان زخموں کے اردگرد کی جلد ٹشو سے صاف کر لیجئے۔
تیسرا مرحلہ
 ایک درمیانے اور تازہ ٹماٹر کے پیسٹ میں ایک بڑا چمچہ بغیر چکنائی والا دودھ اور ایک چھوٹا چمچہ کے برابر جئی کا آٹا شامل کرکے نرم انگلیوں کی مدد سے پورے چہرے، گردن اور جسم کے دوسرے کھلے حصوں پر لگایا جائے اور مساج کرنے کی ضرورت نہیں صرف ۲۰؍ منٹ بعد نیم گرم پانی سے اسے دھو لیا جائے۔ چہرے کو پونچھا نہ جائے۔ قدرتی ہوا میں اسے سوکھنے دیں اور عرق گلاب کا چھڑکاؤ کرلیں یا روئی میں بھگو کر چہرے کے اطراف لگا لیں۔
چوتھا اور آخری مرحلہ
 ایک بڑا چمچہ خمیر میں آدھا بڑا چمچہ دہی اور اتنی ہی مقدار میں زیتون کا تیل اور تازہ ٹماٹروں کا جوس ملا لیں۔ ٹماٹر کا جوس نہ ہو تو گاجر کا جوس بھی ملایا جاسکتا ہے۔ اس پیسٹ کو ۱۵؍ منٹ تک چہرے اور اس کے اطراف لگا رہنے دیں اس کے بعد قابل برداشت حد تک نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیجئے۔
 ٹماٹر کے ان ماسک کے مسلسل استعمال سے چہرے کے بدنما داغ، بلیک ہیڈز، بڑھتی عمر کے اثرات زائل ہوتے ہیں۔ جلد نکھرتی ہے، توانا نظر آتی ہے بلکہ اس کی تابناکی میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK