پانی ایک نعمت ہے، اس کے غیر ضروری استعمال سے کیسے بچا جائے؟

Updated: May 18, 2023, 12:13 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں۔

Washing dishes under a running tap wastes a lot of water, it is better to open the tap slowly
بہتے نل کے نیچے برتن دھونے سے پانی بڑی مقدار میں ضائع ہوتا ہے، بہتر ہے کہ نل دھیما کھولیں

شروعات اپنے گھر سے کریں
پانی یہ انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جس کے بغیر زندگی ممکن ہی نہیں۔ اور یہ قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جو ہم تمام جانداروں کو عطا کیا گیا ہے۔ لیکن آج ہم اس کی اہمیت جانے بغیر اسے ضائع کئے جا رہے ہیں۔ پانی کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگا سکتے ہیں کہ اگر گھر میں ایک دن کے لئے پانی آنا بند ہو جائے تو ایسا لگتا ہے کہ ہر کام تھم سا گیا ہو، سب کچھ ادھورا ادھورا سا لگتا ہے۔ پانی کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کی ہمیں اشد ضرورت ہے۔ ہم جہاں کہیں بھی نل سے بہتا ہوا پانی دیکھیں خود بند کر دیں۔ کیونکہ بچے جو ہیں وہ دیکھ کر سیکھتے ہیں اور اس سے انہیں بھی پانی کی اہمیت کا اندازہ ہوگا۔ برتن صاف کرتے وقت پانی دھیما کھولیں۔ کام ختم ہوتے ہی نل کو بھی فوراً ہی بند کر دیں۔ گلاس میں پانی اتنا ہی لیں جتنا پی سکتے ہیں۔ گھروں کی صفائی، دھلائی کرتے وقت پانی کو بے جا نہ بہائیں۔ نہاتے وقت بھی پانی کو بے حساب نہ بہائیں۔ اور ان سبھی چیزوں کی شروعات خود اپنے گھر سے کریں کیونکہ لوگوں کو دیکھ کر بھی سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
سارہ فیصل (مئو، یوپی)
استعمال شدہ پانی سے پودوں کی آبیاری کریں


پانی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے بہت ہی اہم نعمت ہے۔ قرآن مجید میں اللّه تعالیٰ نے پانی کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے جس سے واضح ہو جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پانی میں حیات کی تاثیر رکھی ہے، اس لئے پانی پر صرف انسان کا ہی حق نہیں ہے، بلکہ جتنا حق انسان کا ہے اتنا ہی دوسری مخلوقات کا بھی ہے۔ اگر انسان اپنی ضرورت سے زیادہ پانی خرچ کرے گا اسے ’اصراف‘ کہا جائے گا اور اصراف اسلام میں جائز نہیں۔ پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کی جائے۔ ہم پر یہ لازم ہے کہ پانی کو ضائع نہ کریں۔ ہم کو چاہئے کہ اپنے گملوں میں الگ سے پانی نہ ڈالیں بلکہ پھلوں اور سبزیوں کو دھونے کے بعد بچے ہوئے پانی کو گملوں میں ڈال کر پودوں کی آبیاری کریں۔ اسی طرح برتن دھوتے اور برش کرتے وقت نل کو مسلسل کھلا نہ رکھیں۔
ناز یاسمین سمن (پٹنه، بہار)
پانی کی اہمیت اجاگر کریں
پانی، یہ انسانی زندگی کا کتنا اہم جزو ہے اس بات کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ جو آنے والی تیسری جنگ ِ عظیم ہوگی وہ پانی کو لے کر ہوگی۔ پانی کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کے لئے ہم اپنے گھروں میں زیادہ سے زیادہ پانی کی اہمیت کو بتائیں۔ پانی کی اہمیت کا اندازہ تب ہوتا ہے جب اچانک سے گھر میں پانی ختم ہو جائے۔ ہم کہیں راستے میں ہوں اور شدید پیاس لگی ہو تب ہمیں اس کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ لیکن پھر اگلے ہی پل ہم سب کچھ بھول کر اپنی اسی معمول میں آکر پانی کو بے حساب خرچ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ساتھ اسلامی ماحول بنائیں اور پانی کی اہمیت کو بتائیں۔ یومِ قیامت جہاں ہر چیزوں کا حساب لیا جائے گا وہیں پانی کا بھی حساب لیا جائے گا کہ کہاں، کتنا اور کیوں خرچ کیا؟
 اس طرح کی باتوں کو عوام تک بھی پہنچائیں۔ اس سے لوگوں کو پانی کی اہمیت کا اندازہ ہوگا اور لوگ خود بخود پانی کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کی کوشش کریں گے۔ 
عروبہ فیصل (مئو یوپی)

باہر جاتے وقت نل ضرور بند کریں


پانی اللہ کی طرف سے دیا گیا ایک نایاب تحفہ ہے جس کے بغیر انسان یا حیوان کوئی زندہ نہیں رہ سکتا اس لئے ہمیں سوچ سمجھ کر پانی کا استعمال کرنا چاہئے۔ ہمیں پانی کی جتنی ضرورت ہو، بس اتنا ہی استعمال کریں۔ گھر سے باہر جاتے وقت غسل خانے یا باورچی خانے کا نل بند کر ہی جائیں۔ جب ہم اپنے ہاتھ دھوتے ہیں، ہمیں صابن لگاتے وقت نل بند رکھنا چاہئے تاکہ پانی ضائع نہ ہو۔ جس نل سے رساؤ ہو رہا ہو اس کی فوری طور پر مرمت کروائیں۔ بچوں کو بھی پانی کی اہمیت بتائیں۔
صدف الیاس شیخ (تلوجہ)

برتن میں پانی نکال کر استعمال کریں

بیشک پانی اللہ تعالیٰ کی اُن نعمتوں میں سے ایک ہے جس کے بغیر کوئی جاندار زندہ نہیں رہ سکتا۔ یہ ضروری ہے کہ اِس بیش قیمتی شے کے غیر ضروری استعمال سے بچا جائے کیونکہ حدیث میں بھی فضول خرچ کرنے کی ممانعت کی گئی ہے اور پانی کو لے کر خاص طور سے تاکید کی گئی ہے کہ وضو کے لئے بھی کم ہی پانی خرچ کیا جائے۔ ایسے میں افسوس کا مقام ہے کہ آج کل لوگ پانی کا بے جا استعمال کرتے ہیں۔ ویسے پانی کے بچاؤ کے لئے یا غیر ضروری استعمال سے بچنے کے لئے سب سے بہتر طریقہ تو یہ ہے کہ پانی کو حسب ضرورت کسی برتن میں نکال لیں پھر اُس سے وضو بنائیں یا دیگر کام انجام دیں اُس سے سنت پر عمل بھی ہو جائےگا اور پانی کا بچاؤ بھی۔
آیت چودھری (موتی گنج، یوپی)
پانی احتیاط سے استعمال کریں

اس وقت موسم گرما اپنے پورے شباب پر ہے۔ ملک کے کئی علاقے پانی کی قلت سے دو چار ہیں۔ آبی ذخائر میں سطح آب خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے کئی جگہوں پر پینے کے پانی کی کمی ہو گئی ہے اس صورتحال میں پانی کے غیر ضروری استعمال سے بچنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ لازم ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں جہاں پانی کا استعمال ہوتا ہے وہاں بہت احتیاط سے کام لیا جائے۔ انفرادی و اجتماعی طور پر لوگوں میں اس سے متعلق بیداری پیدا کی جائے کیونکہ پانی کی کمی تمام کاروبار حیات کو متاثر کر دیتی ہے۔
فوڈکر ساجدہ (جوگیشوری، ممبئی)
گملوں میں پانی فوارے سے ڈالیں

یقیناً پانی ایک بیش بہا نعمت ہے مگر دیکھنے میں آتا ہے کہ پانی کا استعمال بڑی بے دردی کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ گھروں میں سب مرسیبل پمپ لگے ہوئے ہیں۔ پمپ چلانے کے بعد اکثر بھول جاتے ہیں کتنے وقت کے بعد پمپ بند کرنا ہے۔ یہ جاننے کی کوشش نہیں کی جاتی کہ پانی کی ٹنکی کتنے منٹ میں بھر جاتی ہے۔ وقت کا خیال نہیں رکھتے ہیںکہ وقت سے پہلے ہی پمپ بند کر دیں۔ پانی کا استعمال واش بیسن سے نہ کریں بلکہ لوٹے میں پانی لے کر کریں تاکہ کم سے کم پانی سے کام چلایا جا سکے۔ کپڑے دھونے میں، نہانے میں اور فرش دھونے میں اس کا خیال رکھنا چاہئے۔ گملوں میں پانی فوارے سے ڈالا جائے۔ بہرحال ہر کام میں پانی کو احتیاط سے استعمال کریں۔
نجمہ طلعت (جمال پور، علی گڑھ)
دھیما نل کھولیں