Inquilab Logo

ناکامی سے سیکھنا چاہئے، یہ ہمیں بہت کچھ سکھاتی ہے

Updated: May 17, 2022, 11:26 AM IST | Dr.Sharmeen Ansari | Mumbai

اس بات کو سمجھنے کی کوشش کریں کہہم کامیابی سے اتنازیادہ نہیں سیکھتے جتناناکامی سے،اس لئے ناکامی سے کامیابی کاسفرکرنے والی خواتین زیادہ باشعور ہوتی ہیں،اس کا مطلب ہے کہ ناکامی یاغلطی ہمارے لئے ایک موقع ہے کامیابی پانے کا۔اس ناکامی کو سیڑھی بنائیں کامیابی تک پہنچنے کی۔

Life is about constant struggle and being active, women understand that and move on.Picture:INN
زندگی مسلسل جدوجہدکا اور متحرک رہنے کانام ہے ، خواتین اس بات کو سمجھیں اور آگے بڑھیں۔ تصویر: آئی این این

کہتے ہیں ناکامی کامیابی کی سیڑھی ہے۔ باربار آپ نے یہ جملہ سنا ہوگا۔ اس جملے کامطلب یہ ہے کہ ناکامی زندگی کا عظیم استاد ہے۔ جب ہم ناکامی کے بارے میں سوچتے ہیں تو ہم چیزوں کو منفی طرز پر سوچتے ہیں اورہم کہتے ہیں ناکامی تکلیف دہ ہوتی ہے اور یہ جذباتی ہنگامہ خیزی اور اضطراب کا باعث بنتی ہے جو ندامت اور پچھتاوے کے اذیت ناک درد کو جنم دیتی ہے  لیکن زندگی میں ناکامی کامیابی کے لئے ضروری ہے۔ زندگی میں ہم جتنے بھی کامیاب ترین لوگوں سے ملتے ہیں سب کئی بار ناکام ہوچکے ہیں اوراگر خواتین یہ سوچیں کہ وہ ناکام ہوئے بغیر زندگی گزار سکتی ہیں تو یہ ایک ناممکن بات ہے۔ خطرہ مول لینااور منہ کے بل گرنا زندگی کا حصہ ہے، اور یہی ناکامی ہمیں کامیابی کی نوید سناتی ہے۔  زندگی میں ناکام ہونا نہایت ضروری ہے، اس لئے اگرکبھی آپ ناکامی ہوتی ہیں اور مشکل وقت سے گزررہی ہیں تو ان اہم اسباق کو ذہن میں رکھیں:
تجربہ
 جب ہم ناکام ہوتے ہیں تو زندگی سے متعلق ایک نیا تجربہ ملتا ہے۔ کسی چیز میں ناکامی کاتجربہ واقعی انمول ہوتاہے۔ اس وقت آپ ناکامی کی وجہ غور کرتے ہیں۔ اس دوران ہمیں کئی پہلوؤں پر غور و فکر کرنے کا موقع ملتا ہے اور اپنے مستقبل کو خود تبدیل کرنے اور بہتر بنانے میں مدددیتاہے۔ 
علم
 ناکامی، ہمارے علم، تجربے اور سمجھ میں وسعت پیداکرتی ہے، اور اسی علم، تجربے اور سمجھ کو مستقبل کی ناکامی کو کامیابی میں تبدیل کرنے کے لئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔ جب تھامس ایڈیسن الیکٹرک بلب بنانے میں تقریباً ۱۰؍ ہزار بار ناکام ہوا تو ہرناکامی کے ساتھ اس نے ایک سبق سیکھا کہ اس طریقے سے بلب نہیں بنایا جاسکتا اور ناکامی سے سیکھتے ہوئے انہیں کامیابی ملیں۔
ناکامی کو کامیابی میں کیسے بدلیں
 ہرخاتون کسی نہ کسی چیز میں ناکام ہوتی ہیں۔ وہ ناکام رشتہ ہو، فٹنس کا مقصد ہو، کاروبار ہو یا امتحان۔ اس ناکامی کو آپ کامیابی میں درج ذیل طریقوں سے بدل سکتی ہیں:
غلطیوں کو قبول کریں
 جب آپ ناکام ہوجائیں تو آپ سب سے پہلے اپنی ناکامی کو قبول کریں کہ آپ نے بہت زیادہ محنت کی مگرچونکہ آپ نے بہتر منصوبہ بندی نہیں کی تھی اس وجہ سے آپ کامیاب نہیں ہوسکی۔ اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر نہ ڈالیں اوراگلی بار کیلئے اتنے پُرعزم رہیں کہ پچھلی ناکامی آپ کو مستقبل میں کوئی نیاکام کرنے سے بازنہ آنے دیں۔ 
تحقیقات کریں
 جب آپ ناکام ہوجائیں تو تحقیقات کریں کہ کیاغلط ہوا۔ شروع سے آخرتک تمام نکات پرغور کریں، وہ تمام چیزیں لکھیں جو غلط ہوئیں۔ ہرایک کمزور عمل کی نشاندہی کریں اوراس کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔ آپ اپنی ہرغلطی پر یہ پوچھیں کہ آپ نے اس غلطی سے کیا سیکھا۔ اور پھراگلا قدم نہایت احتیاط سے اٹھایئے۔ آپ اپنی زندگی میں کامیابی کو منزل اور ناکامی کوراستے کا ایک قدم تصور کیجئے اورآگے بڑھئے۔ 
چیلنج قبول کریں
 اپنے آئیڈیل آپ خود بنیں۔ ناکامی سے مایوس ہونے کے بجائے یہ سوچیں کہ آپ نے ایک تجربہ کیااور ایک چیز اورآپ کو معلوم ہوگئی۔ اپنی ناکامی کی عینک سے اپنی عزت کااندازہ نہ لگائیں۔ ناکامی کاسامنا کرنا اور پیچھے نہ ہٹنا ایک باہمت شخصیت کی نشانی ہے، اور یہ سوچئے کہ آپ وہ باہمت خاتون ہیں جوبہت کچھ کرسکتی ہے، اس لئے زندگی کے چیلنج کو قبول کرکے آگے بڑھئے اورایک باہمت خاتون کی حیثیت سے زندگی کا سامنا کیجئے۔ 
ایک نئی شروعات کریں
  اگرآپ ناکام ہوگئی ہیں تو اس سے مایوس ہونے کے بجائے اس سے سیکھ لے کر آگے بڑھیں اور نئی شروعات کریں۔ سوچیں کہ مسائل کیا ہوسکتے ہیں اوران کا حل کیاہے۔ ساتھ ہی مسائل کاسامنا کریں اور ثابت قدم رہیں کیونکہ ثابت قدمی کامیابی کی کنجی ہے۔ نئے آئیڈیازآزمائیں، نئے طریقے ایجاد کریں، اور پوری ہمت سے آگے بڑھیں۔ جن پر آپ کو اعتماد ہے ان سے رہنمائی لیں۔  دوسروں کو اپنی قدروقیمت کا تعین نہ کرنے دیں، منفی لوگوں کی باتیں سننے سے گریز کریں اوران لوگوں سے رہنمائی حاصل کریں جو آپ کی پروا کرتے ہیں، ان سے مشورہ لیں اور اس کے مطابق عمل کریں۔ 
غلطیوں سے سیکھیں
 زندگی میں ہرانسان کسی نہ کسی موڑ پرغلطی کرتا ہے۔ غلطی کرناغلط نہیں ہے، لیکن بار بار اس غلطی کو دہرانا غلط ہے۔ ہمیں اپنی غلطیوں کو تجربات کے طورپر استعمال کرکے مستقبل میں ان غلطیوں سے بچنا چاہئے، کیونکہ غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنے والا ہی زندگی میں کامیابی حاصل کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK