• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسم کبھی ٹھنڈا کبھی گرم: کیا کریں اور کیا نہ کریں؟

Updated: January 17, 2024, 1:22 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

کچھ برسوں سے موسم میں اچانک تبدیلی رونما ہونے لگی ہے۔ کبھی موسم ٹھنڈا رہتا ہے کبھی گرم۔ اس تبدیلی کی وجہ سےاکثر لوگوں بالخصوص خواتین کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ اس مضمون میں بتایا جا رہا ہے کہ کون سی ۱۰؍ باتوں کا خیال رکھنا چاہئے اور کون سی ۱۰؍ باتوں میں احتیاط رہے تاکہ آپ صحتمند رہیں۔

Eat fresh home-cooked meals in the changing seasons. Photo: INN
بدلتے موسم میں گھر میں بننے والا تازہ کھانا کھائیں۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں عام طور پر دسمبر میں موسم سرما شروع ہوجاتا ہے۔ تاہم، اس سال جنوری کا نصف ماہ گزر جانے کے بعد بھی سرما کی آمد نہیں ہوئی ہے۔ شہر کا موسم عجیب ہے۔ کبھی ٹھنڈی محسوس ہوتی ہے تو کبھی شدید گرمی کا احساس ہوتا ہے۔ ایسے موسم میں بیمار ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اس لئے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
اِن ۱۰؍ باتوں پر عمل کریں
(۱) اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ ہمارے اطراف کئی جراثیم ہوتے ہیں۔ اِدھر اُدھر چیزوں کو چھونے کے بعد بغیر ہاتھ دھوئے کھانے سے آپ بیمار پڑسکتی ہیں۔ اس لئے کھانے سے قبل اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔
(۲) گرم پانی کا غرارہ کریں۔ بدلتے موسم میں اکثر گلے میں انفیکشن ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لئے دن میں ایک بار گرم پانی کا غرارہ کریں، اس سے گلے کو راحت ملتی ہے۔
(۳) خود کو فعال رکھنے کی کوشش کریں۔ روزانہ کم از کم ۴۵؍ منٹ ورزش کریں۔ اس طرح آپ خود کو ہشاش بشاش محسوس کریں گی اور مدافعتی نظام بھی مضبوط رہتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کئی بیماریوں سے محفوظ رہتی ہیں۔
(۴) روزانہ ۸؍ گھنٹہ سوئیں۔ اچھی صحت کے لئے مناسب نیند ضروری ہے۔
(۵) جسم میں پانی کی کمی ہونے نہ دیں۔ وقتاً فوقتاً پانی پیتے رہیں۔ پانی کی کمی دور کرنے کے لئے آپ مشروت بھی پی سکتی ہیں۔
(۶) اپنی خوراک میں اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلا میٹری (تیزابیت پیدا کرنے سے روکنے کیلئے) سے بھرپور غذائیں شامل کریں۔ ان غذاؤں میں شامل اجزاء مدافعتی نظام مضبوط کرتے ہیں اور آپ کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
(۷) صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔ سنک میں جھوٹا برتن نہ رکھیں۔ میلے کپڑوں کا ڈھیر نہ لگائیں، فوراً دھو کر سکھا لیں۔
(۸) تازہ اور گرم کھانا کھائیں۔ اس موسم میں اکثر باسی کھانا آپ کو بیمار کرسکتا ہے۔
(۹) موسمی پھل اور سبزیاں استعمال کریں۔ ان کے استعمال سے آپ کئی بیماریوں سے محفوظ رہتی ہیں۔
(۱۰) روزانہ نہائیں۔ نہانے سے انسان خود کو تروتازہ محسوس کرتا ہے۔
اِن ۱۰؍ باتوں کو نہ کریں
(۱) تلی ہوئی اشیاء کو کھانے سے گریز کریں۔ اس موسم میں اکثر تلی ہوئی اشیاء معدے کی صحت کو خراب کرسکتی ہے۔
(۲) آئس کریم اور ٹھنڈا مشروب کا استعمال نہ کریں۔ اس سے آپ کو سردی کھانسی ہوسکتی ہے۔
(۳) باہر کا کھانا نہ کھائیں۔ اس موسم میں اکثر باہر کے چٹ پٹے ناشتے کھائے جاتے ہیں جو صحت کے لئے نقصاندہ ثابت ہوتے ہیں۔
(۴) کچی غذائیں نہ کھائیں۔ کھانا پوری طرح پکا ہوا نہ ہونے پر پیٹ میں تکلیف ہوسکتی ہے۔
(۵) اپنے آپ کو بہت سارے کپڑوں سے ڈھانپ نہ لیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو گھٹن محسوس ہوسکتی ہے۔
(۶) مسالے دار غذائیں نہ کھائیں۔ اس سے معدے میں تیزابیت پیدا ہوسکتی ہے۔
(۷) بہت زیادہ چائے اور کافی نہ پئیں۔ کیونکہ کیفین کے زیادہ استعمال سے آپ کو بے چینی کا شکار ہوسکتے ہیں۔
(۸) گیلے کپڑے نہ پہنیں۔ اس موسم میں کپڑوں میں نمی رہ جاتی ہے۔ اِن کپڑوں کو پہننے سے جسم پر خارش ہوسکتی ہے۔
(۹) فریج کا رکھا ہوا کھانا نہ کھائیں، اس سے آپ بیمار پڑسکتے ہیں۔
(۱۰) مسلسل کام نہ کریں۔ اس سے جسم تھک جاتا ہے اور بیماریاں حاوی ہو جاتی ہیں۔ اچھی صحت کے لئے مناسب آرام ضروری ہے۔
گھریلو نسخے بھی آزمائیں
٭دار چینی میں اینٹی آکسیڈنٹس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے اور جب گلے سوج رہا ہوں تو یہ بلغم بننے کی مقدار کم کرکے سانس لینا آسان بناتا ہے۔ ایک سے ڈیڑھ کپ پانی کو ابالیں، جب پانی ابلنے لگے تو اس میں ایک سے ۲؍ دار چینی کے ٹکڑے شامل کرکے ۳؍ منٹ تک مزید اُبالیں، اس کے بعد دارچینی کو نکال کر اس میں سبز چائے کو شامل کرکے، اسے نیم گرم پی لیں۔
٭شہد میں جراثیم کش خصوصیات ہوتی ہیں، اس کے استعمال سے گلے کی تکلیف دور ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کھانسی میں بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ بس ایک چمچہ شہد استعمال کریں۔ یہ طریقہ کار بہت کم عرصے میں گلے کی سوزش اور خراش پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔
٭گرم پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے گلے کی سوزش سے نجات ملتی ہے۔ جراثیم کش اور جسمانی مدافعتی نظام مضبوط کرنے کی صلاحیت رکھنے والا یہ مشروب گلے میں جراثیم کی نشوونما کو روکتا ہے اور گلے کو آرام پہنچاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK