خواتین بیک وقت کئی ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں۔ اسی دوران کبھی کبھی ذہن الجھا ہوا محسوس ہوتا ہے اور کام کی جانب سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ چند
چھوٹی چھوٹی باتیں آپ کی یادداشت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی
مصروفیات کے باوجود خود کو ذہنی طور پر پُرسکون رکھنے کی کوشش کریں، اس سے توجہ مستحکم ہوگی ۔ تصویر:آئی این این
آج کل ہر کوئی بھاگتی دوڑتی زندگی میں مصروف ہے۔ ہر کوئی بیک وقت کئی کام انجام دیتا ہے۔ خاص طور پر خواتین بیک وقت کئی ذمہ داریاں انجام دیتی ہیں۔ ان کاموں کو انجام دیتے وقت کبھی کبھی ذہن الجھا ہوا محسوس ہوتا ہے اور کام کی جانب سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ اس مضمون میں ایسے طریقے بتائے جا رہے ہیں جو آپ کی یادداشت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آپ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
ذہن کو پرسکون رکھیں
جب انسان کے پاس کرنے کو بہت کچھ ہو تو ذہن پر بوجھ اور دباؤ محسوس ہونے لگتا ہے، جو آپ کی توجہ اور یادداشت پر ایک کاری ضرب ثابت ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ماہرین مصروفیات کے باوجود بھی ذہن کو پرسکون رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں، اس کے لئے چند ہدایات پر عمل کیا جاسکتا ہے
مراقبہ کریں: جسم، ذہن اور روح کو یکجا کرنے کے لئے مراقبہ لازم و ملزوم ہے۔ باقاعدگی سے کی گئی مراقبہ کی مشقیں تمام منفی خیالات اور ذہنی و جسمانی بے اعتدالی ختم کردیتی ہیں اور انسان مثبت سوچنے اور عمل کرنے لگتا ہے۔ صرف ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کے لئے آنکھیں بند کرکے اپنی سانسوں پر توجہ دیں، اس طرح آپ خود کو ترو تازہ محسوس کریں گی۔
میز کو منظم کرنا: یادداشت میں بہتری اور ارتکاز توجہ کے لئے میز کو منظم (ڈیسک ڈی کلٹریشن) کرنے کا طریقہ کار عام ہے۔ اگر آپ اپنی یادداشت تیز کرنے اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں تو میز کو منظم کرنے کا عمل شروع کریں۔ دوسری جانب دیوار پر تصویریں لٹکانے یا انہیں ترتیب دینے سے بھی ذہن پر اچھے اثرات مرتب کئے جاسکتے ہیں۔
بیرونی خلفشار دور کریں: بیرونی خلفشار دماغ کو پیچیدہ بناتے ہیں، ایسی صورتحال پر قابو پانے کیلئے درج ذیل نکات پر عمل کیا جاسکتا ہے
سوشل نیٹ ورکنگ سے دوری: اکثر موبائل فون پر آنے والے نوٹیفیکیشن آپ کو مسلسل ڈسٹرب کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ لہٰذا توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے کچھ وقت سوشل نیٹ ورکنگ سے دور رہیں، اس دوران نہ تو آپ اپنا موبائل فون استعمال کریں اور نہ ہی کوئی دوسرا گجیٹ۔ ایسا کرنے سے آپ اپنے کام بہتر انداز میں انجام دے پائیں گی۔
پرومو ڈورو تکنیک پرعمل کریں: اس تکنیک کے تحت کسی بھی چیز پر مسلسل ۱۵؍ منٹ تک توجہ مرکوز کرنی ہوتی ہے اور ہر ۱۵؍ منٹ بعد ۵؍ منٹ کا وقفہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ اس تکنیک کے ذریعے آپ بہتر انداز میں توجہ مرکوز کرنا سیکھ جائیں گی۔
کاموں کی منصوبہ بندی کریں
کسی بھی کام کو بہتر طور پر سرانجام دینے کے لئے منصوبہ بندی ضروری ہوتی ہے، اس طرح آپ کا ذہنی دباؤ بھی کم ہوسکتا ہے۔
ترجیحات طے کریں: منصوبہ بندی کے دوران اُن کاموں کو ترجیح دیں جو بے حد ضروری ہوں۔ ڈائری میں ان کاموں کو لکھ لیں جو آپ کو ابتدا میں کرنے ہیں اور اسی کی روشنی میں تمام کاموں کو سرانجام دینے کی کوشش کریں۔
فہرست بنائیں: توجہ مستحکم کرنے اور یادداشت بہتر بنانے کے لئے فہرست مرتب کرنے کی ترتیب بھی ایک اچھا آئیڈیا ثابت ہوگی۔ فہرست میں وہ تمام کام شامل کریں، جو آپ نے سرانجام دینے ہیں۔ کاموں کی درجہ بندی ان کی اہمیت اور ترجیحات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کریں۔
تخمینہ لگائیں: کس کام کو کتنا وقت دینا ہے، یہ تمام باتیں فہرست میں درج کرنا ضروری ہیں کیونکہ ایک طرف یہ عمل آپ کو وقت پر کام سرانجام دینے میں مددگار ثابت ہوگا تو دوسری جانب آپ جلد از جلد بغیر کسی ذہنی دباؤ کے کام مکمل کر پائیں گے۔
صحت کا خیال رکھیں
کہا جاتا ہے کہ ایک صحتمند جسم صحتمند دماغ کیلئے بے حد ضروری ہے۔ اگر آپ صحتمند ہوں گے تو آپ کو دیگر افراد کے برعکس کم مشکلات اور کم ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔اچھی صحت کے لئے درج ذیل نکات پر غور کریں
متوازن غذا کھائیں: اپنے کھانے میں متوازن غذا شامل کریں۔ ایواکاڈو، بلیو بیری، بروکولی، چقندر، ناریل کاتیل، ڈارک چاکلیٹ، انڈے کی زردی، ہلدی، ہرے پتوں والی سبزیاں وغیرہ جیسی اشیاء استعمال کی جاسکتی ہیں۔
مناسب مقدار میں پانی پئیں: توجہ مرکوز کرنے کیلئے آپ کے جسم کا ہائیڈریٹ ہونا بھی ضروری ہے۔ ہمارے دماغ کا ۷۵؍ فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اورپانی کی کمی ذہنی صلاحیتوں پر اثر انداز ہوتی ہے، لہٰذا دن بھر میں۸؍ سے ۱۲؍ گلاس پانی پئیں ۔
بھرپور نیند: نیند کی کمی کے سبب توجہ مرکوز کرنے میں دشواری آتی ہے۔ اگر آپ ذہنی طور پر چوکنا اور ہوشیار رہنا چاہتی ہیں تو نیند پوری کرنی چاہئے ورنہ ذہن غنودگی کی کیفیت کا شکار ہوجاتا ہے اور کچھ بھی کرنا کافی مشکل ہوجاتا ہے۔