Inquilab Logo

خواتین عید کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو اہمیت دیں

Updated: May 13, 2021, 11:13 AM IST | Dr.Sharmeen Ansari

آج کا ماحول خوشیوں کیلئے سازگار نہیں ہے، حالات ایسے ہیں کہ لوگوں کی نفسیات متذبذب ہو رہی ہے اور مسلسل بے بسی کاعالم ہے۔ اس بے بسی کے عالم میں عید مسرت اور خوشیوں کی کرن ہے۔ حقیقت میں اس وقت ہمارے تھکے ماندہ نفس کو عید کی مسرتوں اور ذہنی نفسیاتی فضاکی تجدیدکی اشد ضرورت بھی ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

عید کا لفظ (عود) سے مشتق ہے، جس کے معنی لوٹنے کے ہیں، یعنی یہ عید ہر سال لوٹتی ہے اور اس کے لوٹ آنے کی خواہش کی جاتی ہے اور فطر کے معنی روزہ توڑنے یا ختم کرنے کے ہیں کیونکہ عیدالفطر کے دن روزوں کا سلسلہ ختم ہوجاتا ہے اور اس دن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو روزہ، عبادت اور رمضان کا ثواب عطا فرماتا ہے، لہٰذا اس تہوار کو عیدالفطر قرار دیا گیا ہے۔ آج کا ماحول خوشیوں کے لئے سازگار نہیں ہے، حالات ایسے ہیں کہ لوگوں کی نفسیات متذبذب ہو رہی ہے اور مسلسل بے بسی کاعالم ہے۔ اس بے بسی کے عالم میں عید مسرت اور خوشیوں کی کرن ہے۔ حقیقت میں اس وقت ہمارے تھکے نفس کو عید کی مسرتوں اور ذہنی نفسیاتی فضاکی تجدیدکی اشد ضرورت بھی ہے۔ لہٰذا خواتین کو چاہئے کی عید کی آمدپر رب کریم کا شکر اداکریں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بہت ساری نعمتوں سے نوازا ہے اور نعمتوں کا اظہارخوشی ظاہر کرکے کیا جا سکتا ہے اس لئے خواتین کو چاہئے کہ عید کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو اہمیت دیں اور اس عید کو اپنے بچوں اور گھروالوں کے لئے درج ذیل طریقوں سے یادگاربنادیں: 
 زکوٰۃ وخیرات 
 وہ خوشی کبھی حقیقی نہیں کہلا سکتی جس میں پورے سماج، پورے معاشرے کو شامل نہ کیا جائے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے صدقہ الفطر ادا کرنے کا حکم دیاہے تاکہ غریب اور مفلوک الحال لوگ عید کی خوشیوں کے حصہ دار بن سکیں۔ خوشی یا عید کے معنی ہی یہ ہوتے ہیں جسے بہت سارے لوگ مل کر منائیں اور سب سے بڑی خوشی دوسروں کی خوشی میں خوش ہونا اورشریک ہوناہے۔ خواتین اگر اپنے اطراف نظرڈالیں تو ایسے بہت سارے لوگ ملیں گے جو بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہیں۔ خواتین اس عید کی خوشی میں ان لوگوں کی مددکرکے ان کی بھی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرسکتی ہیں۔ اپنے بچوں کی کپڑوں کی خریداری کے ساتھ ضرورتمند بچوں اور ان کے گھروالوں کیلئے بھی کپڑے خریدے جاسکتے ہیں۔
 چاند رات 
 عیدکی خوشیوں کو چاند رات سے ہی منایا جاسکتا ہے۔ خوشی خوشی بچوں کے ساتھ دوسرے دن کی تیاریاں مکمل کی جاسکتی ہیں۔ گھر کی سجاوٹ عید کے مطابق کرکے عیدکی خوشیوں کو دوبالا کیاجاسکتا ہے۔ عید کے موقع پر بچوں کی خوشی کا تو کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا وہ اپنے نئے کپڑے اور استعمال کی نئی چیزوں کو دیکھ کر پھولے نہیں سماتے اور اس خوشی کے عالم میں ماؤں کی بہت ساری مددکے لئے بھی خوشی خوشی تیار رہتے ہیں۔ گھر کی سجاوٹ، چادروں اور پردوں کی تبدیلی میں بچوں کی مدد لے کر خواتین اپنے کام کو ہلکا کرسکتی ہیں، اس کے علاوہ خواتین اور بچیاں مہندی لگاکر بھی اپنی خوشی کااظہار کرسکتی ہیں۔ 
عید کے کپڑے 
 کوئی بھی تہوار اچھے کپڑوں کے بغیر پورا نہیں ہوتا، اچھے کپڑے سے مراد محض نئے کپڑے نہیں، دُھلے ہوئے پاک و صاف کپڑے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر خواتین بھلے ہی گھر میں ہیں لیکن اچھے اور پاک کپڑے پہن کر عیدکی خوشیاں منا سکتی ہیں۔
لذیذ پکوان اور سویاں
 خواتین کی خوشیاں اہل خانہ کی خوشیوں میں پوشیدہ ہوتی ہیں اور گھر والوں کی خوشیوں کو لذیذپکوان اور مختلف قسم کی سویوں سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عید کے دن خواتین اپنے گھر والوں، رشتہ داروں اور عزیزواقارب کے لئے نت نئے پکوان تیار کرتی ہیں۔ اس مرتبہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عزیز واقارب کو تو بلایا نہیں جاسکتا، ہاں مگر خواتین تھوڑازیادہ کھانابناکر اپنے آس پاس ایسے سفید پوش ضرورت مندوں کو بطورتحفہ بھیج سکتی ہیں جواپنی ضرورتوں کے لئے کسی کے سامنے دست سوال نہیں کرتے اور جن کے گھر مفلسی کی وجہ سے یاکام نہ ہونے کی وجہ سے چولہا نہیں جل پایاہے۔ اور یہ کام خواتین کے لئے نہ صرف باعث مسرت بلکہ باعث ثواب بھی ہے۔ 
عیدی اور تحفہ
 اس عید کی سب سے بڑی خاصیت عیدی یا وہ تحفہ ہوتا ہے جو بڑے چھوٹے کو دیتے ہیں اور اس سے نہ صرف محبت بڑھتی ہے بلکہ اکثر چھوٹے اپنے بڑوں سے تحفہ لے کر بہت خوش ہوتے ہیں اور اس دن کا بہت بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔ خواتین عید سے قبل ہی اپنے چھوٹوں کے لئے تحفے تیار کرکے عید کے دن انھیں دے سکتی ہیں۔ ان تحفوں کے لین دین میں خواتین کو ان غریب بچوں کا بھی خیال رکھناچاہئے جواپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کے لئے آپ کی مددکے منتظرہیں۔ 
ویڈیوکال
 عید وہ موقع ہے جب تمام عزیزواقارب اور رشتی دار ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں۔ اس مرتبہ لاک ڈاؤن کے باعث بھلے ہی وہ ہمارے ساتھ نہ ہوں، خواتین کو چاہئے کہ ویڈیوکال کے ذریعے انہیں عید کی تہنیت پیش کریں۔  خواتین یہ سمجھیں کہ عید کا مقصد محض گھومنا پھرنا نہیں ہے بلکہ لاک ڈاؤن کے ضوابط کو دھیان میں رکھ کر اپنے گھراور بچوں کے ساتھ خوشی خوشی وقت گزارنا اور سنن وآداب کو بجا لانا ہے۔ لہٰذا گھر والوں کے ساتھ بھرپور وقت گزاریں۔

eid women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK