• Sun, 06 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری رہے گی، جھیلوں میں ۹۵؍ فیصد پانی

Updated: September 06, 2026, 2:40 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

گزشتہ ۱۵؍ دنوں میں جھیلوں میں پانی کے ذخیرے میں  ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ گنپتی تہوار کے وقت ۲؍ سے ۳؍ روز اچھی بارش کا امکان۔ فی الوقت ہلکی بارش کی توقع۔

Bhatsa Lake, the main water supply to Mumbai. Photo: INN
ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی اہم بھاتسا جھیل۔ تصویر: آئی این این

بی ایم سی نے جمعہ کو تصدیق کی ہے کہ فی الحال ممبئی میں ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی جاری رکھی جائے گی اور جھیلوں کے مزید بھرنے کا انتظار کیا جائے گا۔ گزشتہ تقریباً ۱۵؍ دنوں میں جھیلوں میں پانی کی سطح میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ اس دوران شہر و مضافات میں وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ ہفتے گنپتی تہوار کے دوران ایک سے دو روز زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ اس سال ایل نینو کے اثرات سے ممبئی میں جولائی کے علاوہ دیگر مہینوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور ستمبر کا ایک ہفتہ مکمل ہونے کو ہے لیکن اب تک ایک دن بھی جھیلوں یا شہری علاقوں میں زوردار بارش نہیں ہوئی ہے۔ 
واضح رہے کہ ہر سال موسم باراں کے دوران شہری انتظامیہ ہر مہینے کے اخیر اور شروع میں جھیلوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیتا ہے تاکہ بارش اور جھیلوں میں پانی کے ذخیرہ کی بنیاد پر پانی کٹوتی کے تعلق سے فیصلہ کیا جاسکے۔ 
اگرچہ بارش کے پہلے مہینے میں ۲۴؍ جون کو ایک شب میں چند گھنٹوں کے دوران پورے مہینے کی معمول کی آدھی بارش ہوگئی تھی۔ اس کے باوجود جھیلوں میں پانی کی سطح ۸؍ فیصد سے بھی کم تھی۔ اس کے بعد جولائی کے ایک مہینے میں اچھی بارش ہونے سے جھیلوں میں یکم اگست کی صبح تک ۸۸ء۴۱؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوگیا تھا۔ پورے اگست مہینے کی بارش کے بعد ۲۳؍ اگست کو پہلی مرتبہ جھیلوں میں پانی کی سطح ۹۵؍ فیصد تک پہنچی اور ۳۱؍ اگست کو ان جھیلوں میں  مجموعی طور پر ۹۵ء۹۰؍ فیصد پانی جمع ہوگیا تھا۔ ستمبر کی ۵؍ تاریخ کی صبح تک ان جھیلوں میں مجموعی طور پر ۹۵ء۸۹؍ فیصد پانی جمع تھا یعنی ۲۳؍ اگست سے اب تک ان جھیلوں میں مجموعی طور پر ایک فیصد پانی کا اضافہ نہیں ہوسکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: وزیر تعلیم دادا بھُسے کے اختیارات کم کئے گئے

اس سال بارش کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بی ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک تمام جھیلیں ۱۰۰؍ فیصد نہیں بھر جاتیں تب تک ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی ختم نہیں کی جائے گی۔ اس تعلق سے ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کی میٹنگ کے دوران ایڈیشنل میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے کہا کہ شہری انتظامیہ چاہتا ہے کہ جھیلوں میں اطمینان بخش پانی موجود ہونے پر ہی کٹوتی ختم کی جائے۔ 
بی ایم سی کے ایک سینئر افسر کے مطابق ایل نینو کے آئندہ اگست تک اثر انداز رہنے کا امکان ہے اور اس مہینے بارش کے تعلق سے جو پیش گوئی کی گئی ہے اسے دیکھتے ہوئے پانی کے تحفظ کے تعلق سے احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ ابھی ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پانی کٹوتی سے تکلیف ہورہی ہے لیکن اگر جھیلیں پوری نہیں بھر پاتی ہیں تو پورے سال پانی سپلائی جاری رکھنے کیلئے یہ فیصلہ درست معلوم ہوگا۔ 
گزشتہ ایک دہائی میں تیسری مرتبہ اگست مہینے میں کم بارش
گزشتہ ایک دہائی میں تیسری مرتبہ اگست مہینے میں کم بارش ہوئی ہے اور محکمہ موسمیات نے امسال ستمبر میں بھی معمول سے کم برسات کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی مضافات کے سانتا کروز میں واقع مشاہدہ گاہ میں اگست میں عام طور پر ۵۶۶ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی ہے لیکن اس سال یکم اگست سے ۳۰؍ اگست کے درمیان ۳۱۵ء۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل ۲۰۲۳ء میں یہاں ۱۷۷ء۲؍ ایم ایم اور ۲۰۱۸ء میں ۲۳۵ء۲؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ جنوبی ممبئی کے قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ میں عام طور پر اگست میں ۴۸۲ء۱؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی جاتی ہے لیکن اس سال اگست میں محض ۱۶۴ء۴؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل اگست ۲۰۲۳ء میں یہاں ۱۱۱ء۵؍ ایم ایم اور ۲۰۱۸ء میں ۱۸۸ء۷؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK