باہر دوستوں کیساتھ کھیلتے ہوئے شرون کو بے چینی ہوئی، گھر آکر اس نے ماںکی گود میں سررکھا اور پھر دم توڑدیا۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 10:04 AM IST | Agency | Kolhapur
باہر دوستوں کیساتھ کھیلتے ہوئے شرون کو بے چینی ہوئی، گھر آکر اس نے ماںکی گود میں سررکھا اور پھر دم توڑدیا۔
کولہاپور(ایجنسی): ضلع کے کوڈولی گاؤں میںایک بچے کی دل کا دورہ پڑنے سےموت ہوگئی۔ یہ معاملہ گزشتہ جمعرات کی شام پیش آیا ہے۔ اس دل دہلادینے والے معاملے سے گاؤں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شروَن اجیت گاوَڈے نامی ۱۰؍سالہ بچہ جمعرات کی شام اپنے گھر کے پاس واقع گنپتی پنڈال میں کھیل رہا تھا۔ اس دوران اچانک اس کی طبیعت بگڑگئی۔ گھبراہٹ کے مارے وہ فوراًگھر آیا اور آتے ہی اپنی ماں کی گود سررکھ کر لیٹ گیا۔ اس نے ماں کو بتایا کہ اسے کچھ عجیب لگ رہا ہے۔ اس سے پہلے کہ گھر والےکچھ سمجھ پاتے،اس نے وہیں دم توڑدیا۔ اہل خانہ نے بے سدھ پاکر اسے اسپتال پہنچایا لیکن ابتدائی جانچ میں ہی ڈاکٹروں نے پایا کہ بچے کی موت ہوچکی ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے نہ صرف بچے کا گھرانہ بلکہ پورے گاؤں میں غم و اندوہ کی لہردوڑ گئی ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق یہ المناک معاملہ کولہاپور ضلع کے پنہالا تحصیل کے کوڈولی گاؤں میں پیش آیا ہے۔ طبی جانچ میں معلوم ہوا کہ ۱۰؍ سالہ شروَن اجیت گاوَڈے کو دل کا دورہ پڑاتھا۔ اس باعث وہ دنیا سے رخصت ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق، شروَن اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ویبھونگر میں رہتا تھا۔ جمعرات کی شام وہ گنپتی منڈل کے پنڈال میں دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ کھیلتے کھیلتے اچانک طبیعت خراب ہوئی۔ بچہ فوراً گھر کی طرف دوڑا اور ماں کے پاس پہنچا، لیکن چند ہی لمحوں میں اُس کی موت ہو گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، بچے کی موت شدید دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔
شروَن کی اچانک اور المناک موت نے گاوَڈے خاندان کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ شرون کی والدہ کا تو رو روکر برا حال ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اجیت گاوَڈے کے دو بچے تھے، ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔ چار سال قبل بیٹی کا انتقال ہو چکا تھا۔ اب اکلوتے بیٹے کی موت نے پورے گھرانے کو غمزدہ کردیا ہے۔
مقامی لوگ اور پڑوس کے بچے شروَن کی چنچل اور ملنسار طبیعت کی تعریف کرتے تھے۔ وہ ہمیشہ کھیل کود میں آگے رہتا اور سب بچوں کے ساتھ گھل مل جاتا تھا۔ گھر والوں اور پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ اُس کی اچانک موت نے سب کو بے حد صدمہ پہنچا یا ہے۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے گاؤڑے فیملی سے تعزیت کی ہے اور واقعے کی تصدیق کی ہے۔ علاقے میں بچے کی موت پر ماحول سوگوار ہے اور لوگ اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہو کر انہیں دلاسہ دے رہے ہیں۔