• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مال برداری کی وجہ سے ریلوے کی آمدنی میں اضافہ

Updated: November 05, 2025, 1:44 PM IST | Agency | Bhopal

ریلوے ترجمان کے مطابق ویسٹ سینٹرل ریلوے نے رواں سال میں اپریل سے اکتوبر تک مجموعی طور پر۱۴ء۳؍ کروڑ ٹن سامان ڈھلائی کی۔

Freight is a major source of income for the railways, so more attention is paid to this sector. Photo: INN
ریلوے میں آمدنی کا بڑا ذریعہ مال برداری ہوتی ہے،اسلئے اس شعبے کی جانب زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ تصویر: آئی این این
ویسٹ سینٹرل ریلوے کے تینوں ریلوے ڈویژنوں نے گزشتہ سات ماہ میں۳ء۱۴؍ کروڑ ٹن سے زیادہ سامان کی مال برداری کی۔ بھوپال ریلوے ڈویژن کے ترجمان نے منگل کے روز بتایا کہ ویسٹ سینٹرل ریلوے نے رواں ۲۰۲۵ء میں اپریل سے اکتوبر تک مجموعی طور پر۳ء۱۴؍ کروڑ ٹن سامان کی مال برداری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں۲ء۹۴؍ کروڑ ٹن سامان ڈھلائی کی گئی تھی۔ اس طرح دیکھاجائے تو ویسٹ سینٹرل ریلوے نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اکتوبر تک۶ء۷۱؍ فیصد زیادہ سامان کی مال برداری کی۔
انہوں نے بتایا کہ ویسٹ سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر کی مسلسل نگرانی میں تجارتی اور آپریشنل محکمے کے افسران و ملازمین نے بھوپال، جبل پور اور کوٹا ڈویژنوں میں ’فریٹ لوڈنگ‘ بڑھانے کیلئے مستقل کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں ویسٹ سینٹرل ریلوے نے رواں مالی سال کے اکتوبر مہینے میں۴۳؍ لاکھ ٹن سامان ڈھلائی کی اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ سینٹرل ریلوے میں مال برداری کی رفتار بڑھانے کیلئے نئی ریلوے لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، پرانی لائنوں کا دُہرا اور تہرا کام جیسے انفراسٹرکچر کے منصوبے جاری ہیں۔ مال گاڑیوں کی اوسط رفتار بڑھا کر مختلف ریلوے سیکشنز کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور انفراسٹرکچر کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔
ویسٹ سینٹرل ریلوے کی کارگزاری بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’گڈز ٹرمینلز‘ کے کام میں بہتری لائی گئی ہے اور مال گاڑیوں کے ڈیٹینشن کو کم کیا گیا ہے، جس سے ان کے آپریشن میں تیزی آئی اور سامان کی نقل و حمل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مال گوداموں میں۲۴؍ گھنٹے لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی سہولیات شروع کی گئی ہیں، نئے مال گودام تیار کئے جا رہے ہیں اور ساتھ ہی ’گتی شکتی کارگو ٹرمینلز‘ اور سائیڈنگ بڑھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔اس کی وجہ سے مال ڈھلائی میںتیزی آرہی ہے اور ریلوے کو مالی فائدہ ہورہا ہے۔
ویسٹ سینٹرل ریلوے ہی کی طرح نارتھ سنٹرل ریلوے (این سی آر) نے بھی مال برداری میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ریلوے ترجمال کے مطابق روال سال میںاکتوبر تک، لوڈنگ میں۷ء۹؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مال برداری کی وجہ سے ہونے والی آمدنی میں۹ء۳؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر میں، این سی آر نے۱۶؍ لاکھ۵۲؍ ہزار ٹن مال بردار کیا، جو گزشتہ سال کے۱۳؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ٹن سے۲۱ء۷؍ فیصد زیادہ ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق اپریل سے اکتوبر تک کل لوڈنگ ایک کروڑ ۱۶؍ لاکھ ٹن کی مال برداری ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں۷ء۹؍ فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح آمدنی کے لحاظ سے بھی ہندوستانی ریلوے کے زونز میں این سی آر تیسرے نمبر پر رہی۔ رپورٹ کے مطابق آمدنی کے معاملے میں اکتوبرتک ۱۳۱۳؍ کروڑ ۶۱؍ لاکھ روپے کمائےجو پچھلے سال کے ۱۲۰۱؍ کروڑ ۹۷؍ لاکھ سے ۱۱۱؍ کروڑ ۶۴؍ لاکھ زیادہ ہے۔ یہ۹ء۳؍ فیصد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے جو ریلوے کے تمام ڈویژنوں میں تیسری بہترین کارکردگی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK