Updated: November 05, 2025, 1:55 PM IST
|
Agency
| New Delhi
جنوبی افریقہ کی لارا ولوارٹ کو کپتان منتخب کیا گیا،ہرمن پریت کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی،پاکستان کی سدرہ نواز کو وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا۔
دیپتی شرما نے فائنل میں ۵؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تصویر: آئی این این
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی کپتان جنوبی افریقہ کی لارا ولوارٹ کو مقرر کیا گیا ہے۔حال ہی میں ختم ہونے والے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد ہندوستان کے ۳؍ ا سٹار کھلاڑی اسمرتی مندھانا، جمائمہ روڈریگز اور دیپتی شرما کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی سدرہ نواز ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی وکٹ کیپر ہیں جبکہ انگلینڈ کی نیٹ سیور برنٹ کو ۱۲؍واں کھلاڑی منتخب کیا گیا ہے۔ مندھانا، جمائمہ اور دیپتی فاتح ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھیں۔ دیپتی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والی کھلاڑی بن کر ابھریں، جنہوں نے فائنل میں ۳۹؍ رن پر ۵؍ وکٹیں لے کر مجموعی ۲۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
۱۲؍ رکنی ٹیم کی کپتانی جنوبی افریقہ کی لارا ولوارٹ کر رہی ہیں اور اس میں ان کی ساتھی ماریزان کیپ اور نادین ڈی کلرک بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی نمائندگی ایشلے گارڈنر، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ کر رہی ہیں جبکہ انگلینڈ کی نیٹ سکیور برنٹ اور سوفی ایکسٹون کے ساتھ پاکستان کی سدرہ نواز نے اسکواڈ کو مکمل کیا۔ سلیکشن پینل میں تبصرہ نگار ایان بشپ، میل جونز اور ایشا گوہا، آئی سی سی کے جنرل منیجر گورو سکسینہ اور صحافی ایسٹیل واسودیون شامل تھے۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں چمپئن ہندوستان، رنر اپ جنوبی افریقہ اور سیمی فائنلسٹ آسٹریلیا کی ۳۔۳؍ کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کی ایک ایک کھلاڑی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا حصہ ہے۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۵ءکا فائنل ٹورنامنٹ اسکواڈ درج ذیل ہے: اسمرتی مندھانا، لارا ولوارٹ (کپتان)، جمائمہ روڈریگز، ماریزان کیپ، ایشلے گارڈنر، دیپتی شرما، اینابیل سدرلینڈ، نادین ڈی کلارک،الانا کنگ، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) سوفی ایکلیسٹن،۱۲؍ویں کھلاڑی: نیٹ شیور برنٹ۔