• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوجوانوں کو ہرمن کا مشورہ ،خواب دیکھنا بند نہ کریں

Updated: November 05, 2025, 1:51 PM IST | Agency | New Delhi

​ہندوستان کو ویمنز ورلڈ کپ کا خطاب دلانے والی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا آپ کو نہیں معلوم کہ قسمت آپ کو کہاں لے جائے گی۔

Captain Harmanpreet Kaur. Picture: INN
کیپٹن ہرمن پریت کور۔ تصویر: آئی این این
بچپن میں اپنے والد کا بڑا بیٹ تھام کر کرکٹ کے ابتدائی سبق سیکھنے والی ہرمن پریت کور نے خواب دیکھنا کبھی نہیں چھوڑا اور ہندوستان کو پہلا ویمنز ورلڈ کپ خطاب دلانے کے بعد وہ خود کو  خوش قسمت مانتی ہیں۔
نوی ممبئی میں اتوار کو کھیلے گئے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کو ۵۲؍ رنوں سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والی ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ’’خواب دیکھنا کبھی بند مت کرو۔ آپ کبھی نہیں جانتے کہ آپ کی قسمت آپ کو کہاں لے جائے گی۔‘‘
ہرمن پریت کور نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کئے گئے ویڈیو میں کہا’’جب سے میں نے بچپن میں اپنی پسند اور ناپسند کا اندازہ لگانا شروع کیا ہے، تب سے میرے ہاتھ میں ہمیشہ  کرکٹ کا بیٹ رہتا ہے۔ مجھے آج بھی یاد ہے کہ ہم اپنے والد کے کِٹ بیگ سے ایک بلا لے کر کھیلا کرتے تھے۔ وہ بلا بہت بڑا تھا۔‘ ‘ انہوں نےمزید کہا’’ایک دن میرے والد نے میرے لئے اپنا ایک پرانا بلا کاٹ کر چھوٹا کر دیا۔ ہم اس سے کھیلا کرتے تھے۔ جب بھی ہم ٹی وی پر میچ دیکھتے تھے، ہندوستان کو کھیلتے ہوئے دیکھتے تھے یا ورلڈ کپ دیکھتے تھے، تو میں سوچتی تھی کہ مجھے بھی ایسے ہی موقع کی ضرورت ہے۔ اس وقت مجھے ویمنز کرکٹ کے بارے میں پتہ بھی نہیں تھا۔‘‘
بچپن سے شروع ہوا یہ سفر ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے تک پہنچا لیکن اس دوران انہیں سخت جدوجہد اور دل توڑنے والی ہار کا سامنا بھی کرنا پڑا۔  ہرمن پریت نے کہا’’میں خواب دیکھ رہی تھی کہ میں یہ نیلی جرسی کب پہنوں گی۔ یہ میرے لئے بہت معنی رکھتا ہے۔ ایک نوجوان لڑکی جو ویمنز کرکٹ کے بارے میں نہیں جانتی تھی، لیکن پھر بھی ایک دن اپنے ملک میں تبدیلی لانے کا خواب دیکھ رہی تھی۔‘‘
انہوں نے کہا’’اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ آپ کو خواب دیکھنا کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ آپ کبھی نہیں جانتے کہ آپ کی قسمت آپ کو کہاں لے جائے گی۔ آپ کبھی نہیں سوچتے، یہ کب ہوگا، یہ کیسے ہوگا؟ آپ صرف یہی سوچتے ہیں، یہ ہوگا۔ مجھے یقین تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے اور آخر میں ویسا ہی ہوا۔۳۶؍ سالہ کھلاڑی نے کہا کہ بچپن کا خواب پورا ہونے کے بعد وہ راحت اور خوشی محسوس کر رہی ہیں۔
ہرمن پریت کور نے کہا’’انفرادی طور پر میرے لئے یہ بہت جذباتی لمحہ ہے کیونکہ بچپن سے ہی یہ میرا خواب تھا۔ جب سے میں نے کھیلنا شروع کیا  تب سے ایک دن ورلڈ کپ جیتنا میرا خواب تھا۔ اگر مجھے اپنی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملے گا  تو میں یہ موقع گنوانا نہیں چاہوں گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’میں نے یہ ساری باتیں اپنے دل کی گہرائیوں سے کہیں۔ اور خدا نے ایک ایک کر کے سب کچھ سن لیا۔ یہ جادو جیسا ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اچانک سب کچھ کیسے ٹھیک ہو گیا۔ اب ہم ورلڈ چمپئن ہیں۔ میں بہت  پُر سکون  محسوس کر رہی ہوں۔ میں خدا کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں یہ  موقع دیا جس کا ہم برسوں سے خواب دیکھ رہے تھے۔‘‘
اس موقع پرہرمن پریت کور نے اُس شاندار استقبال کو یاد کیا جب ۲۰۱۷ءویمنز ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ سے ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم لندن سے وطن واپس آئی تھی۔ متالی راج کی قیادت والی اس ٹیم میں ہرمن پریت، اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما جیسی موجودہ ٹیم کی سینئر کھلاڑی شامل تھیں۔انہوں نے بتایا’’ہم ۲۰۱۷ء کے فائنل میں قریبی فرق سے ہار گئے تھے۔ ہمارا دل ٹوٹ گیا تھا لیکن جب ہم وطن  لوٹے تو یہاں مداحوں نے جس طرح ہمارا استقبال کیا اس سے پتہ چلتا ہے کہ نہ صرف ہم بلکہ پورا ملک ویمنز کرکٹ میں کچھ خاص کرنے کا انتظار کر رہا تھا۔ ورلڈ چمپئن بننا اکیلے ممکن نہیں تھا۔ یہ سب کی دعاؤں سے ممکن ہوا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK