Updated: November 05, 2025, 2:00 PM IST
|
Agency
| Mumbai
منگل کو جالی جمخانہ (گھاٹکوپر) میں کھیلے گئے ہیرس شیلڈ کے دلچسپ مقابلے میں انجمن خیرالاسلام نے ڈاکٹر انٹونیو ڈی سلوا کو محض۲؍ رن سے شکست دے کر ہیرس شیلڈ کے پہلے راؤنڈ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
دائیں سے : محمد زید، ارمان مشتاق انصاری اور عمیر زبیر۔ تصویر: آئی این این
منگل کو جالی جمخانہ (گھاٹکوپر) میں کھیلے گئے ہیرس شیلڈ کے دلچسپ مقابلے میں انجمن خیرالاسلام نے ڈاکٹر انٹونیو ڈی سلوا کو محض۲؍ رن سے شکست دے کر ہیرس شیلڈ کے پہلے راؤنڈ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
ٹاس جیت کر ڈاکٹر انٹونیو ڈی سلوانے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں بہتر ہوتا نظر آیا۔ انجمن خیرالاسلام نے مقررہ۲۲؍ اووروں میں۵؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۹؍ رن بنائے۔ بارش کے سبب میچ کم اووروں کا کھیلاگیا تھا۔ عمیر زبیر نے۴۷؍ گیندوں پر ۵۶؍ رن جبکہ محمدزید نے صرف۱۸؍ گیندوں پرطوفانی بلے بازی کرتے ہوئے ۴۷؍رن بنائےاور میچ میں جوش بھردیا، جس میں۵؍چھکے اور۳؍چوکے شامل تھے۔ شایان شیخ نے بھی۳۳؍ رنوں کی اہم اننگز کھیلی اور ان کے ساتھ مل کر۸؍ اووروں میں۵۰؍ رنوں کی شاندار پارٹنرشپ کی جس نے ٹیم کو مضبوط اسکورتک پہنچایا۔
جواب میں ڈاکٹر انٹونیو ڈی سلوا کی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا۔ نکھل ورما نے۴۹؍ گیندوں پر جارحانہ۸۹؍رن بنا کر میچ کو سنسنی خیز موڑ میں ڈال دیا تھا۔ کارتیک شرما نے بھی۲۹؍ رن کا اضافہ کیا، لیکن فیصلہ کن لمحات میں ارمان مشتاق انصاری کی زبردست بولنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔ ارمان نے اہم لمحات میں ۵؍وکٹیں حاصل کیں اور مخالف ٹیم کو ہدف سے دور رکھ کر انجمن خیرالاسلام کی جیت یقینی بنائی۔ انجمن خیرالاسلام کے جنرل سیکریٹری، ہانی فرید نے ٹیم کی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔