Inquilab Logo

ممبئی کے کوڑے کرکٹ سے ۱۰۰؍میگا واٹ بجلی پیداکی جائیگی

Updated: November 20, 2023, 10:56 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مرکزی حکومت کی ہدایت اور ریاستی حکومت کی مدد سےبی ایم سی کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

Thousands of tonnes of garbage are collected in Mumbai every day. Photo: INN
ممبئی میں روزانہ ہزاروں ٹن کوڑا کرکٹ جمع ہوتا ہے۔ تصویر : آئی این این

شہر میں کوڑا کرکٹ کے بڑھتے ہوئے مسئلے اور ڈمپنگ گراؤنڈز کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں پھیلنے والی بدبو سے شہریوں کو چھٹکارہ ملنے کی ا مید ہے۔ مرکزی حکومت کی ہدایت اور ریاستی حکومت کی مدد سے برہن ممبئی مہانگر پالیکا (بی ایم سی) ممبئی میں کچرے سے ۱۰۰؍میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
بی ایم سی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ممبئی میں روزانہ تقریباً ۷؍ہزار میٹرک ٹن کچرا پیدا ہوتاہےجسے دیونار اور کانجورمارگ میں واقع ڈمپنگ گراؤنڈ میں ڈالا جاتا ہے۔ اس کچرے سے تقریباً ۱۰۰؍میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ شہری ترقیات کےمرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ حالیہ میٹنگ میں ممبئی میں کچرے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کچرے سے بجلی پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ دیونار اور کانجورمارگ میں ڈمپ کئے جانے والے کچرے کا ’ویسٹ کریکٹرائزیشن ٹیسٹ‘ کیا جا رہا ہے۔ اس سے پتہ چلے گا کہ کوڑے کرکٹ میں بجلی پیدا کرنے کی کتنی صلاحیت ہے۔ اس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز ہے، جس میں حکومت ہند کے سیکریٹری، ریاست کے پرنسپل سیکریٹری، بی ایم سی کمشنر اور بی ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ممبئی کےملنڈ، کانجور مارگ اور دیونار میں واقع ڈمپنگ گراؤنڈ سے ہزاروں ٹن کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کرے گی۔ اس کے تحت کچرے سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کا متبادل بھی شامل ہے۔
بجلی کی پیداوار ۲۰۲۶ءتک شروع ہو جائے گی
 بی ایم سی کے اہلکار کے مطابق، دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ پر یہ پلانٹ پہلے مرحلے میں ۶۰۰؍ میٹرک ٹن کچرے سے بجلی پیدا کرے گا۔ اس سے یومیہ ۶؍میگاواٹ بجلی فراہم ہوگی۔ بی ایم سی کو امید ہے کہ اس پلانٹ سے بجلی کی پیداوار ۲۰۲۶ءتک شروع ہو جائے گی۔ مستقبل میں ۱۸۰۰؍ میٹرک ٹن کچرے کو بجلی میں تبدیل کرکے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے جس کے ذریعے روزانہ تقریباً ۱۰؍میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ کچرے سے پیدا ہونے والی بجلی کا کچھ حصہ اسی پلانٹ میں استعمال کیا جائے گا۔ دیونار میں روزانہ ۱۵۵۰؍ میٹرک ٹن کچرا پھینکا جاتا ہے جبکہ ممبئی کا ۹۰؍فیصدکچرا کانجور مارگ ڈمپنگ گراؤنڈ میں پھینکا جاتا ہے۔ دیونار پر کوڑے کرکٹ ڈمپ کرنےکے بوجھ کو کم کرنے کے لئے کانجور مارگ میں ’بائیو ری ایکٹر‘ کے ذریعے کچرے کو ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔
ملک میں کچرے سے بجلی کی پیداوار
 ملک کے کئی شہروں میں کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگائے گئے ہیں ۔ کچھ پلانٹس میں بجلی پیدا بھی کی جا رہی ہے جبکہ کچھ میں اس تعلق سے کام جاری ہے۔ راجستھان کے جودھ پور میں تقریباً ۸؍سال پہلے کچرے سے بجلی کی پیداوار شروع ہوئی تھی۔اسی طرح سال ۲۰۲۱ءمیں بنگلور میں کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ شروع ہوا۔ یکم اگست ۲۰۲۳ءکو، وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے پمپری۔ چنچواڑ میں ۷۰۰؍میٹرک ٹن کوڑے کرکٹ سے۱۴؍ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کا افتتاح کیا۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں ہر سال ۶۵؍ملین ٹن فضلہ پیدا ہوتا ہے۔ اس کے استعمال سے ایک سال میں ۶۵؍ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں ۷۵؍سے ۸۰؍ فیصد کچرا جمع ہوتا ہے جن میں سے صرف ۲۲؍ سے ۲۸؍ فیصد کچرے کو ہی پروسیس کیا جاتا۔ واضح رہے کہ ایک ٹن کچرا ایک کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے کافی سمجھا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK