کاٹھمنڈو کے پشوپتی ناتھ مندر میں پناہ لے رکھی تھی، حکام کے رابطے میں آنے کے بعد واپسی کا سفر شروع کیا۔
نیپال میں پھنسے ہندوستانیوں کو لانے کی کوشش جاری ہے۔ تصویر: آئی این این
سیلاب سے متاثرہ نیپال میں پھنسے ناگپور کے مجموعی طور پر ۱۰۶؍ باشندے محفوظ بتائے گئے ہیں اور انہوں نے کاٹھمنڈو میں پشوپتی ناتھ مندر کے علاقے میں پناہ لے رکھی ہے، حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
اطلاع کے مطابق یہ گروپ نیپال کے کئی علاقوں میں آمد و رفت اور مواصلاتی نظام کو متاثر کرنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پھنس گیا تھا۔
پھنسے ہوئے مسافروں اور ان کے اہل خانہ کی اپیل کے بعد مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے مداخلت کی اور ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ تال میل قائم کیا۔ناگپور سے تعلق رکھنے والے ان باشندوں نے مقامی حکام اور ہنگامی امدادی ٹیموں کی نگرانی میں اب اپنے گھروں کو واپسی کا سفر شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ نیپال۔تبت سرحدی علاقے میں آنے والے غیر متوقع سیلاب کے باعث ملک بھرمیں بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہوئی ہے اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ ہندستانی شہریوں کو وہاں سے نکالنے میں مدد کر رہے ہیں۔