• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووٹر لسٹ میں۱۱؍لاکھ ڈیڑھ ہزار ڈپلیکیٹ ووٹرس!

Updated: November 27, 2025, 10:33 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ایک ووٹر کا نام ۱۰۳؍مرتبہ درج ۔ بی ایل او گھرگھر جاکر تصدیق کریں گے۔ اعلیٰ میونسپل افسر کے مطابق ہمارے پاس الیکشن سے ایک ہفتہ قبل تک کا وقت ہے۔

Those whose names are listed twice in the voter list will be given the opportunity to remove the additional name. Photo: INN
ووٹرلسٹ میںجن کے نام دومرتبہ درج ہیں ، انہیں اضافی نام ہٹانے کا موقع دیا جائے گا۔ تصویر:آئی این این
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) انتخابات کیلئے جمعرات۲۰؍ نومبر کو ووٹر لسٹ کا اعلان ہونے کے بعد  چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممبئی کی ووٹر لسٹ میں ایک ووٹر ایسا ہے جس کا نام دو، چار بار نہیں بلکہ ۱۰۳؍بار  آیا ہے۔ یہ انکشاف بھی ہوا ہےکہ ممبئی میں تقریباً ۱۱؍لاکھ ایک ہزار۵۰۵؍ افراد کے نام ایک سے زیادہ مرتبہ ووٹر کے طور پر درج ہیں اور بی ایم سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے بوتھ لیول افسر ( بی ایل او) کےڈپلیکیٹ ووٹروں کے گھرو ں کا دورہ کرنے کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ چونکہ بی ایم سی کے پاس ووٹر لسٹ سے ناموں کو حذف کرنے کا اختیار نہیں ہے، اس لئے ووٹرس کو یہ اعلان کرنا ہوگا کہ وہ کس وارڈ میں ووٹ ڈالیں گے، جس کے بعد دیگر وارڈوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ وہاں کسی اور کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔
یاد رہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بی ایم سی کے کل ایک کروڑ ۳؍لاکھ ۴۴؍ ہزار۳۱۵؍ ووٹرس میں سے تقریباً  ۱۱؍ لاکھ ڈپلیکیٹ  ووٹرس ہیں۔
ریاستی الیکشن کمیشن( ایس ای سی)کی طرف سے ۲۵؍ نومبر کو جاری کردہ ایک سرکیولر میں بی ایم سی کو ووٹر لسٹ میں بے ضابطگی کو دور کرنے کی از خود ذمہ داری لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس کام کو دیکھتے ہوئے شہری انتظامیہ کو ووٹر لسٹ میں تصحیح کیلئےانتخابات سے ایک ہفتہ قبل تک کا وقت دیا گیا ہے۔ جب پولنگ اسٹیشن کے لحاظ سے ووٹر لسٹ سیاسی جماعتوں کے حوالے کی جائیں گی۔
اس ضمن میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر اشونی جوشی نے کہاکہ ’’جمعہ کو تمام وارڈ اسسٹنٹ کمشنروں اور وارڈ مشینری کے ساتھ ایک ٹریننگ سیشن منعقد کیا جائے گاجبکہ اس سے قبل ڈیڈ لائن۵؍دسمبر تھی، اب ہمارے پاس اس عمل کو مکمل کرنے کے لئے انتخابات سے ایک ہفتہ قبل تک کا وقت ہے۔‘‘
اس عمل کو آسان بنانے کیلئے ایس ای سی نے ووٹروں کیلئے ڈپلیکیٹ اندراجات کو چیک کرنے اور درست کرنے کیلئے متعدد چینلز بنائے ہیں۔ بی ایم سی کی ویب سائٹ پر اب ایک لنک ہے جہاں ووٹر اپنا نام تلاش کر سکتے ہیں اور نقل کی شناخت کر سکتے ہیں۔ تمام وارڈ دفاتر اور بی ایم سی ہیڈکوارٹرز میں ووٹر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ ووٹرس کو فہرست میں اپنا نام تلاش کرنے اور ڈپلیکیٹ  ہونے پر اسے   درست کرنے کیلئے فارم بھرنے میں مدد ملے۔
شہری ادارہ ڈپلیکیٹ ناموں کے بارے میں تیسرے فریق کے اعتراضات کو بھی قبول کرے گا۔ بی ایم سی کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’اس طرح کی شکایات کیلئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے۔ فیلڈ پر موجود افسران ان کی تصدیق کریں گے۔
واضح رہے کہ شیو سینا اور ایم این ایس نے بارہا الزام لگایا ہے کہ بی ایم سی  کی  انتخابات۲۰۲۵ءکیلئے ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں کافی زیادہ گڑبڑ ہے۔ اس کے علاوہ تاریخ کے مطابق میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ تاہم یہ بڑا گھوٹالہ سامنے آیا ہے جبکہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن  ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے رہی ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے ڈپلیکیٹ ووٹروں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کچھ اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں دو مرتبہ رجسٹرڈ ہونے والے ووٹرس کے ناموں کو الگ سے نشان زد کیا گیا ہے۔ ایسے ووٹروں کو اپنے طور پر اپنے اضافی ناموں کو ہٹانے کا موقع دیا جائے گا اور ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حتمی فہرست شائع ہونے سے پہلے یہ عمل مکمل کر لیں۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی ووٹر پولنگ کے دن دو بار رجسٹرڈ پایا جاتا ہے تو اس شخص سے ایک حلف نامہ لیا جائے گا جس میں کہا جائے گا کہ اس نے کہیں اور ووٹ نہیں دیا ہے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کے ان اقدامات سے ووٹر لسٹ میں غلطیاں کم کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK