ریاستی وزیر پونم پربھاکر کے مطابق حکومت ہر ممکن طریقہ سے پولٹری صنعت کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔
تلنگانہ میںپولٹری انڈسٹری کیلئے مواقع ہی مواقع ہیں۔ تصویر:آئی این این
حیدرآباد کے ہائی ٹیک ایگزیبیشن سینٹر میں ساؤتھ ایشیاکے سب سے بڑی پولٹری ایکسپوکا ۱۷؍واں ایڈیشن پولٹری انڈیا منعقد ہوا جس میں تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے شرکت کی۔ یہ پروگرام تین دن تک جاری رہے گا۔وزیر پونم پربھاکر نے پولٹری کے شعبہ میں کسانوں کیلئے مفید جدید ٹکنالوجی، کم وقت اور محنت سے استعمال ہونے والی مشینیں، ایگ کلیکشن مشینیں اور دیگر آلات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حیدرآباد میں تین دن جاری رہنے والے پولٹری ایکسپو انڈیا پروگرام میں شریک تمام صنعتی ماہرین کو مبارکباد بھی پیش کی۔
ریاستی وزیر نے کہا کہ پولٹری صنعت کا تعلق پہلے زرعی شعبہ سے تھا لیکن اب بڑے بڑے صنعتی ادارے پولٹری کے شعبہ میں شامل ہو چکے ہیں۔ نوجوانوں کو چا ہئے کہ وہ پولٹری صنعت میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ چکن اور انڈوں کی طلب کبھی ختم نہیں ہوتی اور آنے والے وقت میں ان کی کھپت میں مزید اضافہ ہوگا۔ مستقبل میں پولٹری صنعت مزید بلند معیار تک پہنچے گی اس لئے اس صنعت کو بہتر سے بہتر سہولتیںفراہم کی جانی ضروری ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کسانوں کو پولٹری کے لئے درکار خام مال جیسے دانہ اور سویابین کی کاشت کیلئے ترغیب دے رہی ہے اور ہر ممکن طریقہ سے پولٹری صنعت کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ماہرین کی مدد کرے گی تاکہ چکن اور انڈے دیگر ریاستوں میںسپلائی کئے جا سکیں۔