کسارا اور آسن گاؤں کے درمیان ۷ ؍سے ۱۸ ؍اکتوبر تک ریلوے بلاک رہے گامسافروں کی سہولت کیلئے اضافی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 11:06 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
کسارا اور آسن گاؤں کے درمیان ۷ ؍سے ۱۸ ؍اکتوبر تک ریلوے بلاک رہے گامسافروں کی سہولت کیلئے اضافی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
سینٹرل ریلوے نے تیسری ریلوے لائن کے کام کے پیشِ نظر کسارا اور آسن گاؤں کے درمیان خصوصی ٹریفک اور پاور بلاک کا اعلان کیا ہے۔ ۷ سے ۱۸؍اکتوبر کے دوران روزانہ دوپہر ۳ بجکر ۳۵ بجے سے رات ۸ بجکر ۳۵ ؍بجے تک یہ بلاک نافذ رہے گا۔ اس کے نتیجے میں اس دوران کسارا کی لوکل ٹرین سروس بری طرح متاثر ہوگی اور مسافروں کو زحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مسافروں کو پریشانی سے بچانے کے لیے شاہ پور بس ڈپو نے کلیان۔ کسارا روٹ پر روزانہ ۶ اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق کسارا سیکشن میں بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آسن گاؤں اور کسارا کے درمیان تیسری ریلوے لائن کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ کسارا اسٹیشن کے اپ یارڈ میں ڈسپیچ لائنوں کی توسیع بھی کی جا رہی ہے۔اپ یارڈ کی تینوں لائنوں کو مکمل لمبائی والی لائنوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس سے طویل بوگیوں والی ٹرینوں کی آمدورفت زیادہ محفوظ اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ ریلوے کے مطابق ۷ اور ۸ اکتوبر کو دوپہر ۳ بجکر ۳۵ منٹ سے رات ۸ بجکر ۳۵ منٹ تک خصوصی ٹریفک بلاک نافذ رہے گا۔ اس دوران آسن گاؤں اور کسارا کے درمیان مضافاتی لوکل ٹرین خدمات معطل رہیں گی۔ کسارا جانے والی لوکل ٹرینوں کو آسن گاؤں تک ہی چلایا جائے گا اور وہیں سے واپس روانہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: وزیر اعظم مودی کے حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے ۲۵؍ سال مکمل، پارٹی نے جشن منایا
کون سی ٹرین سروسیز متاثر ہوں گی؟
متاثرہ لوکل ٹرینوں میں کسارا ۱۹، ۲۱، ۲۳ اور ۲۵ ؍شامل ہیں، جو بالترتیب دوپہر ایک بجکر ۱۰ منٹ، ۲ بجکر ۱۷ منٹ، ۲ بجکر ۴۶ منٹ اور ۴ بجکر ۵۰ منٹ صرف آسن گاؤں تک جائیں گی۔ واپسی میں کسارا ۲۴، ۲۶، ۲۸ اور ۳۰؍آسن گاؤں سے بالترتیب شام ۴؍بجکر۱۲؍منٹ،۴؍ بجکر ۵۴ ؍منٹ،۵ ؍بجکر ۳۹ ؍منٹ اور ۶ بجکر ۵۴؍ منٹ روانہ ہوں گی.
۸ اور ۹ اکتوبر کی درمیانی شب نائٹ بلاک
ریلوے نے ۸ ؍اور ۹؍اکتوبر کی درمیانی شب میں ساڑھے ۱۲ بجے سے صبح ساڑھے پانچ بجے تک نائٹ ٹریفک بلاک نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران متعدد لوکل ٹرینیں مکمل طور پر منسوخ رہیں گی۔
منسوخ کی جانے والی خدمات میں کسارا ۳۵ (رات ۱۰ بجکر ۴۷ منٹ )، کسارا ایک (رات ۱۲ بجکر ۸ منٹ)، تھانے۔ ٹٹوالا ۶ (رات ۱۱ بجکر ۱۴ منٹ ) اور کسارا ۲ (صبح ۳ بجکر ۵۱ منٹ) شامل ہیں۔نائٹ بلاک کے دوران ڈاؤن لائن پر سی ایس ایم ٹی سے روانہ ہونے والی آخری لوکل رات ۹ بجکر ۳۲ منٹ پر چلے گی جبکہ بلاک کے بعد پہلی سروس صبح۴ بجکر ۱۹ منٹ پر روانہ ہوگی۔ اپ لائن پر کسارا سے سی ایس ایم ٹی جانے والی آخری لوکل رات ۱۰ بجے روانہ ہوگی اور بلاک ختم ہونے کے بعد پہلی سروس صبح پانچ بجے چلائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے کی کوپراسپتال کینٹین اور اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ پر کارروائی
طویل مسافتی ٹرین سروسیز پر بھی اثر پڑے گا
ٹریفک بلاک کے اثرات طویل فاصلے کی میل اور ایکسپریس ٹرینوں پر بھی پڑیں گے۔ ریلوے نے ۸؍اور ۹؍اکتوبر کو چلنے والی پانچ اہم ٹرینوں کو مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
۸اکتوبر کویہ ٹرینیں تاخیر سے چلیں گی:
۱۲۱۶۷ ایل ٹی ٹی۔بنارس ایکسپریس صبح ۴ بجے ۱۲۱۴۱ ایل ٹی ٹی۔پاٹلی پتر ایکسپریس صبح ۴بجکر ۱۵ منٹ
۱۱۰۵۷ سی ایس ایم ٹی۔ امرتسر ایکسپریس۔ صبح ۴ بجے
۹ اکتوبر کویہ ٹریں تاخیر سے چلیں گی:
:۲۲۱۷۷ سی ایس ایم ٹی۔ وارانسی (مہانگری) ایکسپریس صبح۱۵:۴؍بجے۔
۲۲۵۳۸ ایل ٹی ٹی۔ گورکھپور ایکسپریس۔ صبح ۴ بجکر ۳۰ منٹ
ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ بلاک کے پیش نظر گھر سے روانہ ہونے سے قبل اپنی ٹرین کے تازہ ترین اوقات کی تصدیق کر لیں تاکہ اسٹیشن پر غیر ضروری انتظار اور دیگر دشواریوں سے بچا جا سکے۔
اضافی بس سروس
بلاک کے دوران لوکل ٹرین سروس صرف آسن گاؤں اسٹیشن تک ہی چلائی جائے گی۔اس وجہ سے کسارا، کھرڈی، امبرماڑی، آٹھ گاؤں اور اطراف کے علاقوں کے مسافروں کو سفر کیلئے متبادل انتظامات کرنے پڑیں گے۔ مسافروں کی پریشانی سے بچنے کیلئے شاہ پور بس ڈپو نے کلیان۔کسارا روٹ پر ۶؍ اضافی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اضافی بسیں ۷ ؍سے ۱۸؍اکتوبر کے ان ۱۲ دنوں میں روزانہ دوپہر ۲:۳۰ سے رات ۹ بجے تک چلیں گی۔ کسارا۔ شاہ پور۔ کلیان روٹ پر مسافر اس بس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔