اسی طرح ممبئی سینٹرل ،تاڑدیو اور اندھیری کے ہوٹلوں پر بھی کارروائی کی گئی۔ نوی ممبئی کی فروٹ مارکیٹ سے ایک ہزار ۳۹۴؍ کلوکیلے ضبط کئے گئے۔ ۸؍ اداروں کے لائسنس اور ۳؍ کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل۔
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 11:01 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
اسی طرح ممبئی سینٹرل ،تاڑدیو اور اندھیری کے ہوٹلوں پر بھی کارروائی کی گئی۔ نوی ممبئی کی فروٹ مارکیٹ سے ایک ہزار ۳۹۴؍ کلوکیلے ضبط کئے گئے۔ ۸؍ اداروں کے لائسنس اور ۳؍ کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے گزشتہ ۲؍ سے ۳؍دن میں شہر ومضافات کے ۱۱؍فوڈ اسٹیبلشمنٹ اور نوی ممبئی کے تربھے اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ کے ایک کیلے کے گودام کے خلاف کارروائی کی جہاں فوڈ سیفٹی (کھانے پینےکی اشیاء) کے قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی تھی ۔ ان میں سے ۸؍ اداروں کے لائسنس اور ۳؍ کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل کر دیئے گئے ہیں۔ معائنے میں کھانے پینے کی اشیاء کی غیر مناسب ذخیرہ اندوزی، ریفریجریٹرس کے درجہ حرارت میں ناموافقت، مکھیوں اور جھینگر پائے جانے، کھلا کوڑاکرکٹ اور ملازمین کے طبی معائنے اور تربیتی ریکارڈ میں کمی جیسی خامیاں پائی گئیں جبکہ اے پی ایم سی کے ایک گودام میں کیلےپکانے کیلئے کیمیکل استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔
اندھیری کے’سورج لاماموموس ‘پرچھاپہ
اندھیری مغرب کے ’سورج لاما موموس‘ پر چھاپے کے دوران اس کے فوڈ لائسنس پر درست پتہ درج نہیں تھا اور لائسنس کو نظر آنے والی جگہ پر نہیں لگایاگیا تھا۔ کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ صفائی کیلئے استعمال ہونے والے کیمیکلز رکھے گئے تھے۔ پانی اور لیباریٹری ٹیسٹ رپورٹس، صفائی کے شیڈول اور گرم پانی کی سہولیات میں خامیاں پائی گئیں اور ملازمین کے طبی معائنے،ان کی تربیت اور آڈٹ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
تاڑدیو لنچ ہوم کے خلاف کارروائی
تاڑدیو لنچ ہوم کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی کہ چکن شیزوان چاول میں کیڑے پائے گئے ہیں ۔ معائنہ میں ریفریجریٹر کا درجہ حرارت درست نہیںپایاگیا، کھانا کھلا رکھا گیاتھا، مکھیاں بھنبھنارہی تھیں، غیرصحت بخش ماحول ، فرش پر پھسلن، ناقص پلاسٹر اورکچرا کھلا پایا گیا۔ ملازمین کے پاس دستانے اور تہبند نہیں تھے۔ فوڈ سیفٹی سے متعلق ضروری ریکارڈ بھی دستیاب نہیں تھا۔
ممبئی سینٹرل کے شگون ریسٹورنٹ کی جانچ کی گئی
شیزوان چاول اور کچن کی صفائی سے متعلق ملنے والی شکایت کے بعد شگون ویج ریسٹورنٹ کا معائنہ کیا گیا۔ ریفریجریٹر میں درجہ حرارت کی بے قاعدگی، برف اور کھانے پینے کی اشیاء کھلی رکھنا، مچھروںکی بہتات، ناکافی روشنی اور فرش پر پھسلن اور استعمال شدہ تیل کا معیار ریکارڈ نہیں کیا جا رہاتھا۔
کوپر اسپتال کی کینٹین میں بھی ناسازگار ماحول
ولے پارلے مغرب میں واقع کوپر اسپتال اور ایچ بی ٹی میڈیکل کالج میں عملے کی کینٹین میں مکھیوں اور جھینگر بڑی تعداد میں پائے گئے۔ پیسٹ کنٹرول سسٹم ناکارہ پایا گیا۔ کچے اور پکے پکوان کے ساتھ سبزی خور اور نان ویجیٹیرین کھانے کی بھی مناسب علیحدگی نہیں تھی۔ صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور عملے کی ذاتی صفائی میں بھی کوتاہیاں پائی گئیں۔ عملے کے پاس حفاظتی سامان، میڈیکل چیک اپ اور تربیتی ریکارڈ کی کمی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:وزیر اعظم مودی کے حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے ۲۵؍ سال مکمل، پارٹی نے جشن منایا
کیلے کیمیکل سے پکائے جارہے تھے
اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ میں ایف ڈی اے کی جانب سے کی گئی کارروائی میں پتہ چلا ہے کہ کیلے کو مصنوعی طور پر پکانے کیلئے ایتھفون پر مشتمل کیمیکل براہ راست استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس کارروائی میں ایک ہزار ۳۹۴؍کلو کیلے ضبط کئے گئے۔ ان کیلوں کی قیمت ۶۷؍ ہزار ۸۱۴؍ روپے ہے۔ اس معاملے میں اے پی ایم سی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔ ایف ڈی اے کے کوکن ڈویژن، زون ۳؍ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ میں کیمیکل استعمال کر کے پھل پکائے جارہے ہیں ۔ اس اطلاع کی بنیاد پر ۵؍ اکتوبر کی دوپہر کو فوڈ سیفٹی افسران نے پانچ گواہوں کے ساتھ تربھے میں اے پی ایم سی فروٹ مارکیٹ کے سیکٹر۱۹؍میں اسٹال نمبر این ۹۱۹؍ پر چھاپہ مارا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ کیلے کو براہ راست کیمیائی ایتھفون کے محلول میں ڈبو کر پکانے کا عمل جاری تھا۔فوڈ سیفٹی حکام نے قبضے میں لئے گئے کیلے میں سے ۳؍ نمونے اور کیلے کو پکانے کیلئے استعمال کئے جانے والے کیمیکل کے محلول کو فوڈ اینالسٹ جانچ کیلئے بھیجا تھا ۔ کیمیکل کی جانچ سے اس میں ملاوٹ کا امکان ظاہر ہوا ہے۔