مقامی افراد میں شدید غصہ ، ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کامطالبہ ،مقامی لیڈر کامیونسپل کمشنر کے کیبن کے گھیرا ؤ کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: July 20, 2026, 12:44 PM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mira Bhayandar
مقامی افراد میں شدید غصہ ، ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کامطالبہ ،مقامی لیڈر کامیونسپل کمشنر کے کیبن کے گھیرا ؤ کا انتباہ۔
میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں میں ٹھیکیداروں کی لاپروائی اور شہریوں کی جان سے کھلواڑ کا ایک اور سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھائندر مغرب میں واقع موروا گاؤں میں پانی کی ایک ٹنکی کی تعمیر کے دوران بلندی سے لوہے کا ایک بھاری اور تقریباً ۱۲ ؍فٹ لمبا چینل (راڈ) نیچے سے گزرنے والے ایک موٹر سائیکل سوار پر جا گرا۔ اس ہولناک حادثے میں بائیک سوار شدید طور پر زخمی ہو گیا ہے جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق پانی کی ٹنکی پر انتہائی بلندی پر کام چل رہا تھا لیکن ٹھیکیدار کی جانب سے نیچے سے گزرنے والے راہگیروں کی حفاظت کے لئے کوئی نیٹ یا بیریکیڈز نہیں لگائے گئے تھے۔ کام کے دوران اچانک لوہے کا وزنی چینل نیچے گرا جس کی زد میں بائیک سوار آ گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر یہ لوہے کا راڈ بائیک سوار کے سر پر لگتا تو موقع ہی پر کوئی بڑا جانی نقصان ہو سکتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا پر لڑکی بن کر نوجوانوں کو نشانہ بنانے کی شکایت، چند جعلی اکاؤنٹ بند
اس حادثے کے بعد کارپوریشن انتظامیہ کے خلاف مقامی سیاسی اور سماجی کارکنان کا غصہ پھوٹ پڑا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہاراشٹرا نو نرمان سینا میرابھائندر کے صدر سندیپ رانے نے پروجیکٹ کے ٹھیکیدار ’ایگل کانٹریکٹر‘ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹھیکیدار کسی بھی سرکاری افسر کی بات نہیں سنتا اور کارپوریشن کے حکام کی مبینہ بدعنوانی اور سرپرستی کی وجہ سے تمام حفاظتی اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر بے خوفی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے جرم میں ایگل کانٹریکٹر کے خلاف فوری طور پر فوجداری مقدمہ درج کیا جائے۔ مقامی لیڈر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر۲۴؍ گھنٹے کے اندر مجرم ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ کل ہی میونسپل کمشنر کے کیبن کا گھیراؤ کریں گے اور کارپوریشن کے خلاف ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا۔